خدا ہما را مدد گا رنمونہ
دوسرا دن
عبرانیوں 13:6
"پس ہم دلیری سے کہتے ہیں کہ خداوند میرا مددگار ہے، میں نہیں ڈروں گا؛ آدمی میرا کیا کرے گا؟"
میں کبھی نہیں بھول سکتی جب میں ایم اے کی پہلی کلاس میں گئی تھی۔ پروفیسر صاحب نے پہلی ہی کلاس میں ہمیں ایک مشکل اسائنمنٹ دی اور کہا: "جو اس اسائنمنٹ کو کل بہترین انداز میں مکمل کر کے پیش کرے گا، وہی میری کلاس میں بیٹھنے کے قابل ہوگا، اور جو ناکام ہوا، اسے سیدھا گھر جانا ہوگا۔" میرے دل میں خوف اور پریشانی تھی کیونکہ میری سہیلیوں کے پاس لیپ ٹاپ تھے، اور وہ آسانی سے انٹرنیٹ سے مدد لے کر اپنی اسائنمنٹ بنا رہی تھیں۔ لیکن میرے پاس نہ لیپ ٹاپ تھا اور نہ ہی وسائل کہ میں ان کی طرح اسائنمنٹ تیار کر سکوں۔ مجھے لگا جیسے سب کچھ میرے خلاف ہے۔لیکن تب میں نے خدا کی طرف رجوع کیا، دعا کی، اور اپنے دل کو سکون دینے کے لیے ایک کونے میں بیٹھ گئی۔ میرے پاس کوئی مدد نہیں تھی، سوائے خدا کے۔ اُس رات میں نے دعا کے ساتھ اسائنمنٹ لکھی اور پھرخدا کے سپرد کر کے سو گئی۔ صبح جب کالج پہنچی، تو کلاس میں عجیب سا تناؤ تھا۔ پروفیسر صاحب نے اسائنمنٹ چیک کرنا شروع کی۔ کلاس کی بہترین طالبہ کی اسائنمنٹ فیل کر دی گئی، اور پروفیسر نے کہا: "تم اس کلاس کے لائق نہیں ہو۔" ایک ایک کر کے سب کی اسائنمنٹ رد ہوتی جا رہی تھی، اور میں اپنی جگہ پر بیٹھی دعا کر رہی تھی کہ خدا میری مدد کرے۔جب میری باری آئی، تو میں ڈرتے ڈرتے پروفیسر کے سامنے گئی، ہاتھ کانپ رہے تھے، دل میں یسوع کے نام کا بھروسہ تھا۔ پروفیسر نے میری اسائنمنٹ کو دیکھا، ایک صفحہ پلٹا، پھر دوسرا، اور پھر تیسرا۔ میری سانسیں تھم گئیں تھیں۔ پھر اچانک پروفیسر صاحب نے میری اسائنمنٹ کو بلند کر کے کہا: "یہ ہے وہ اسائنمنٹ جو میں چاہتا تھا!" میری آنکھوں میں آنسو آ گئے کیونکہ میں جانتی تھی کہ یہ میری طاقت نہیں، بلکہ خدا کی مدد تھی۔ پوری کلاس میں صرف میں پاس ہوئی تھی، باقی سب فیل ہو گئے تھے۔ پروفیسر صاحب نے کہا: "اس نے جو لکھا، وہ اپنی سمجھ سے لکھا ہے، جبکہ باقی سب نے انٹرنیٹ سے نقل کی تھی۔"
دوستو، اس دن میں نے اپنی آنکھوں سے دیکھا کہ کیسے خدا نے میری مدد کی، اور آج میں پورے یقین اور دلیری سے کہتی ہوں
"خداوند میرا مددگار ہے، میں نہیں ڈروں گی آدمی میرا کیا کرے گا!"
کلام
مطالعاتی منصوبہ کا تعارف
خدا ہمیشہ ہماری مدد کے لئے موجود ہے، چاہے حالات کتنے ہی مشکل کیوں نہ ہوں۔ اس پلان میں ہم خدا کی مدد اور اس کی حضوری کو اپنی زندگی میں محسوس کرنے کے مختلف طریقے دریافت کریں گے، تاکہ ہمارے ایمان کو تقویت ملے اور ہم اپنی مشکلات میں پُرامیدی اور بھروسہ پیدا کر سکیں۔
More
یہ منصوبہ فراہم کرنے کے لیے ہم Jesus.net - Urdu کا شکریہ ادا کرنا چاہیں گے۔ مزید معلومات کے لیے، براہ کرم ملاحظہ کریں: https://jesus.net/a-miracle-every-day