یہوشُعؔ 1
1
یَاہوِہ کا یہوشُعؔ کو حُکم
1یَاہوِہ کے خادِم مَوشہ کی وفات کے بعد یَاہوِہ نے یہوشُعؔ بِن نُونؔ سے جو مَوشہ کا مُعاوِن تھا فرمایا، 2”میرا خادِم مَوشہ مَر گیا ہے۔ لہٰذا اَب تُم اُن سَب لوگوں کے ساتھ دریائے یردنؔ کو پار کرکے اُس مُلک میں جانے کے لیٔے تیّار ہو جاؤ جو مَیں اِن لوگوں کو یعنی بنی اِسرائیل کو دیتا ہُوں۔ 3اَور مَوشہ کو دئیے ہُوئے وعدہ کے مُطابق مَیں ہر وہ جگہ جہاں تُم اَپنا قدم رکھوگے تُمہیں دُوں گا۔ 4بیابان سے لے کر لبانونؔ تک اَور بڑے دریائے فراتؔ سے مغرب کی جانِب بڑے سمُندر تک حِتّیوں کا سارا مُلک تمہاری مِلکیّت ہوگا۔ 5زندگی بھر کویٔی شخص تمہارے سامنے کھڑا نہ رہ سکےگا۔ جَیسے مَیں مَوشہ کے ساتھ رہا وَیسے ہی تمہارے ساتھ بھی رہُوں گا؛ نہ مَیں تُمہیں چھوڑوں گا اَور نہ تُم سے دست بردار ہُوں گا۔ 6اِس لیٔے مضبُوط ہو جاؤ اَور حوصلہ رکھو کیونکہ تُم اِن لوگوں کے اُس مُلک کا وارِث بننے کے لیٔے رہنمائی کروگے جسے اُنہیں دینے کی مَیں نے اُن کے آباؤاَجداد سے قَسم کھائی ہے۔
7”پس زور پکڑو اَور نہایت دِلیر ہو جاؤ اَور اُس سارے آئین پر احتیاط کے ساتھ عَمل کرو جو میرے خادِم مَوشہ نے تُمہیں دیا اَور اُس سے نہ تو داہنے ہاتھ مُڑنا اَور نہ بائیں تاکہ جہاں کہیں تُم جاؤ کامیاب ہو جاؤ۔ 8یہ کِتاب تورہ تمہارے مُنہ سے کبھی دُور نہ ہونے پایٔے۔ دِن اَور رات اِسی پر دھیان دیتے رہنا تاکہ جو کچھ اِس میں لِکھّا ہے اُس پر تُم احتیاط کے ساتھ عَمل کر سکو۔ تَب تمہارا اِقبال بُلند ہوگا اَور تُم کامیاب ہوگے۔ 9کیا مَیں نے تُمہیں حُکم نہیں دیا؟ لہٰذا مضبُوط ہو جاؤ اَور حوصلہ رکھو۔ خوف نہ کرو اَور ہِمّت نہ ہارو کیونکہ جہاں جہاں تُم جاؤگے، یَاہوِہ تمہارے خُدا تمہارے ساتھ رہیں گے۔“
10تَب یہوشُعؔ نے لوگوں کے سرداروں کو حُکم دیا: 11”چھاؤنی میں ہر طرف جا کر لوگوں کو یہ حُکم دو، ’اَپنے لیٔے توشہ سفر تیّار کر لو کیونکہ تین دِن کے اَندر تُمہیں اِس جگہ یردنؔ کو پار کرکے اُس مُلک پر قابض ہونے کے لیٔے جاناہے جسے یَاہوِہ تمہارے خُدا تُمہیں مِلکیّت کے طور پر دینے والے ہیں۔‘ “
12لیکن بنی رُوبِنؔ بنی گادؔ اَور منشّہ کے نِصف قبیلہ سے یہوشُعؔ نے کہا، 13”جو بات یَاہوِہ کے خادِم مَوشہ نے تُم سے کہی تھی اُسے یاد رکھو، ’اِس مُلک کو تُمہیں دینے کے سبب سے یَاہوِہ تمہارے خُدا تُمہیں آرام بخشنے والے ہیں۔‘ 14تمہاری بیویاں تمہارے بال بچّے اَور تمہارے مویشی اِس مُلک میں رہیں جسے مَوشہ نے یردنؔ کے مشرق میں تُمہیں دیا ہے۔ لیکن تمہارے سبھی جنگجو مَرد مُسلّح ہوکر اَپنے بھائیوں سے آگے آگے پار چلے جایٔیں اَور اُس وقت تک اُن کی مدد کریں 15جَب تک کہ یَاہوِہ تمہاری طرح اُنہیں آرام نہ بخشیں اَور وہ بھی اُس مُلک پر قابض نہ ہو جایٔیں جو یَاہوِہ تمہارے خُدا اُنہیں دے رہے ہیں۔ اُس کے بعد تُم واپس لَوٹ کر اَپنے مُلک میں سکونت اِختیار کر سکتے ہو جسے یَاہوِہ کے خادِم مَوشہ نے یردنؔ کے مشرق میں طُلوع آفتاب کے وقت تُمہیں دیا تھا۔“
16تَب اُنہُوں نے یہوشُعؔ کو جَواب دیا، ”جو کچھ کرنے کا حُکم آپ نے ہمیں دیا ہے ہم اُسے کریں گے اَور جہاں جہاں آپ ہمیں بھیجیں گے ہم وہاں جایٔیں گے۔ 17جَیسے ہم سَب اُمور میں مَوشہ کے زیرِ فرمان تھے وَیسے ہی آپ کا حُکم بھی مانیں گے۔ ہم صِرف اِتنا چاہتے ہیں کہ یَاہوِہ تمہارے خُدا تمہارے ساتھ بھی وَیسے ہی رہیں جَیسے مَوشہ کے ساتھ رہتے تھے۔ 18جو کویٔی آپ کے حُکم کے خِلاف بغاوت کرے یا جو بھی حُکم آپ دے رہے ہیں اُسے نہ مانے وہ جان سے ماراجائے گا۔ آپ فقط مضبُوط ہو جاؤ اَور حوصلہ رکھو۔“
موجودہ انتخاب:
یہوشُعؔ 1: UCV
سرخی
شئیر
کاپی
کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in
اُردو ہم عصر ترجُمہ™، کِتاب مُقدّس
حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022، 2024 Biblica, Inc.
کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔
دُنیا بھر میں تمام حق محفوظ۔
Holy Bible, Urdu Contemporary Version™
Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc.
Used with permission.
All rights reserved worldwide.