YouVersion Logo
تلاش

یہوشُعؔ 2

2
راحبؔ اَور جاسُوس
1تَب یہوشُعؔ بِن نُونؔ نے شِطِّیمؔ سے دو جاسُوسوں کو خُفیہ طور پر روانہ کیا اَور اُن سے کہا، ”جا کر اُس مُلک کا،“ اَور، ”خصوصاً یریحوؔ کا جائزہ لو۔“ چنانچہ وہ چلے گیٔے اَور راحبؔ نام کی کسی فاحِشہ کے گھر میں داخل ہُوئے اَور وہیں قِیام کیا۔
2یریحوؔ کے بادشاہ کو خبر مِلی، ”دیکھو، آج کی رات چند اِسرائیلی مُلک کی جاسُوسی کرنے کے لیٔے یہاں آئے ہُوئے ہیں۔“ 3تَب یریحوؔ کے بادشاہ نے راحبؔ کے پاس یہ کہلا بھیجا: ”جو لوگ تیرے پاس آئے اَور تیرے گھر میں داخل ہُوئے ہیں اُنہیں نکال اَور یہاں لے آ کیونکہ وہ سارے مُلک کی جاسُوسی کرنے کے لیٔے آئے ہیں۔“
4لیکن اُس عورت نے اُنہیں لے جا کر کہیں چھُپا دیا اَور کہا، ”ہاں، وہ مَرد میرے پاس آئے تو تھے لیکن مُجھے یہ علم نہ تھا کہ وہ کہاں سے آئے ہیں۔ 5اَور جَب اَندھیرا ہُوا اَور شہر کا پھاٹک بند کرنے کا وقت ہو گیا تو وہ مَرد چلے گیٔے اَور مَیں نہیں جانتی کہ وہ کدھر گیٔے۔ جلدی سے اُن کا پیچھا کرو تو شاید تُم اُنہیں پکڑ لو۔“ 6(لیکن اُس نے اُنہیں چھت پر لے جا کر سَن کے ڈنٹھلوں کے نیچے چھُپا دیا جو اُس نے وہاں جمع کر رکھے تھے۔) 7چنانچہ یہ لوگ جاسُوسوں کی تلاش میں اُس راہ پر چل دئیے جو یردنؔ کے گھاٹ کو جاتا ہے اَور پیچھا کرنے والوں کے باہر نکلتے ہی شہر کا پھاٹک بند کر لیا گیا۔
8اِس سے قبل کہ وہ جاسُوس رات کو لیٹ جاتے وہ چھت پر گئی 9اَور اُن سے کہا، ”مَیں جانتی ہُوں کہ یَاہوِہ نے یہ مُلک تُمہیں دیا ہے اَور تمہارا شدید خوف ہم پر چھایا ہُواہے اَور اِس مُلک کے تمام باشِندے تمہارے خوف سے کانپ رہے ہیں۔ 10کیونکہ ہم نے سُنا ہے کہ جَب تُم مِصر سے نکلے تو یَاہوِہ نے تمہارے لیٔے بحرِقُلزمؔ کے پانی کو سُکھا دیا اَور تُم نے یردنؔ کے مشرق میں بسے ہُوئے امُوریوں کے دو بادشاہوں سیحونؔ اَور عوگؔ کو بُری طرح تباہ کرکے اُن کے ساتھ کیا سلُوک کیا۔ 11جَب ہم نے یہ ماجرا سُنا تو ہمارے دِل پگھل گیٔے اَور تمہارے سبب ہر شخص کا حوصلہ پست ہو گیا کیونکہ یَاہوِہ تمہارے خُدا ہی اُوپر آسمان کے اَور نیچے زمین کے خُدا ہیں۔
12”لہٰذا اَب یَاہوِہ کی قَسم کھا کر کہو کہ تُم میرے خاندان کے ساتھ مہربانی سے پیش آؤگے جَیسے مَیں تمہارے ساتھ مہربانی سے پیش آئی اَور مُجھے کویٔی سچّا نِشان دو 13کہ تُم میرے باپ اَور ماں کی میرے بھائیوں اَور بہنوں کی اَور اُن کے تمام متعلّقین کی جان بخش دوگے اَور ہمیں موت سے بچاؤگے۔“
14اُن مَردوں نے اُسے یقین دِلایا، ”ہماری جان تمہاری جان کی کفیل ہوگی، بشرطیکہ، ہم جو کر رہے ہیں اُس کا ذِکر تُم کسی سے نہ کرنا اَور جَب یَاہوِہ ہمیں یہ مُلک دیں گے تَب ہم تمہارے ساتھ مہربانی اَور وفاداری سے پیش آئیں گے۔“
15تَب اُس نے اُنہیں کھڑکی کی راہ سے رسّی کے ذریعہ نیچے اُتار دیا کیونکہ جِس گھر میں وہ رہتی تھی وہ شہرپناہ کا ہی حِصّہ تھا 16اَور اُس نے اُن سے کہا، ”پہاڑوں پر چلے جاؤ تاکہ تلاش کرنے والے تُمہیں پا نہ سکیں اَور تین دِن تک وہیں چھُپے رہنا جَب تک کہ وہ لَوٹ نہ آئیں اَور تَب تُم اَپنی راہ لینا۔“
17اُن مَردوں نے اُس سے کہا، ”جو قَسم تُم نے ہمیں دی ہے ہم اُس کے پابند ہوں گے 18لیکن تُم ہمارے اِس مُلک میں داخل ہوتے وقت اِس لال رسّی کو اُس کھڑکی میں باندھ دینا جِس میں سے تُم نے ہمیں نیچے اُتارا ہے اَور تُم اَپنے باپ اَور ماں اَور بھائیوں اَور اَپنے پُورے خاندان کو اَپنے گھر میں لے آنا۔ 19اگر کویٔی شخص تمہارے گھر سے نکل کر کوچہ میں چلا جائے تو اُس کا خُون خُود اُسی کے سَر پر ہوگا؛ ہم اُس کے ذمّہ دار نہ ہوں گے۔ لیکن جو کویٔی تمہارے ساتھ گھر میں ہوگا اگر اُس پر کسی کا ہاتھ پڑا تو اُس کا خُون ہمارے سَر پر ہوگا۔ 20لیکن اگر تُم ہماری یہ بات کسی اَور پر ظاہر کروگی تو ہم اِس قَسم کے پابند نہیں رہیں گے جو تُم نے ہمیں کھِلائی ہے۔“
21اُس نے کہا، ”مُجھے منظُور ہے۔ تمہارے قول کے مُطابق ہی ہو۔“
تَب اُس نے اُنہیں روانہ کیا اَور وہ چلے گیٔے اَور اُس نے وہ لال رسّی کھڑکی میں باندھ دی۔
22اَور وہ جا کر پہاڑوں پر پہُنچے جہاں وہ تین دِن تک رہے یہاں تک کہ اُن کا تعاقب کرنے والے سارے راستے پر اُنہیں ڈھونڈتے رہے اَور نہ پا کر لَوٹ آئے۔ 23تَب وہ دونوں مَرد واپس لَوٹے اَور پہاڑوں پر سے اُتر کر دریا کو پار کرکے یہوشُعؔ بِن نُونؔ کے پاس آئے اَورجو کچھ اُن پر گزرا تھا اُن کو بتا دیا۔ 24اُنہُوں نے یہوشُعؔ سے کہا، ”یقیناً یَاہوِہ نے وہ سارا مُلک ہمارے ہاتھ میں کر دیا ہے کیونکہ تمام لوگ ہمارے سبب سے خوفزدہ ہوکر کانپ رہے ہیں۔“

موجودہ انتخاب:

یہوشُعؔ 2: UCV

سرخی

شئیر

کاپی

None

کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in