یہوشُعؔ 3
3
بنی اِسرائیل کا یردنؔ کو پار کرنا
1صُبح ہوتے ہی یہوشُعؔ تمام بنی اِسرائیل کے ساتھ شِطِّیمؔ سے کوچ کرکے یردنؔ کے کنارے پر آئے اَور پار اُترنے سے پہلے وہاں قِیام کیا۔ 2تین دِن کے بعد سرداروں نے چھاؤنی کے درمیان جا کر 3لوگوں کو حُکم دیا: ”جَب تُم لیوی کاہِنوں کو یَاہوِہ اَپنے خُدا کے عہد کا صندُوق اُٹھائے ہُوئے دیکھو تو تُم اَپنی جگہ سے کوچ کرکے اُس کے پیچھے پیچھے چلنے لگنا۔ 4تَب تُم جان لوگے کہ تُمہیں کس راہ سے چلنا ہے کیونکہ اِس سے قبل تُم اِس راستہ سے کبھی نہیں گزرے۔ البتّہ اَپنے اَور صندُوق کے درمیان تقریباً نَو سو میٹر کا فاصلہ رکھنا۔ اُس کے قریب مت جانا۔“
5یہوشُعؔ نے لوگوں سے فرمایا، ”اَپنے آپ کو مُقدّس کر لو کیونکہ کل کے دِن یَاہوِہ تمہارے درمیان عجِیب و غریب کام کریں گے۔“
6پھر یہوشُعؔ نے کاہِنوں سے فرمایا، ”تُم عہد کا صندُوق لے کر لوگوں کے آگے آگے چلو۔“ چنانچہ اُنہُوں نے اُسے اُٹھایا اَور وہ اُن کے آگے آگے چلنے لگے۔
7اَور یَاہوِہ نے یہوشُعؔ سے فرمایا، ”آج کے دِن سے مَیں تمام اِسرائیلیوں کے سامنے تُمہیں سرفراز کرنا شروع کروں گا تاکہ وہ جان لیں کہ جَیسے مَیں مَوشہ کے ساتھ تھا وَیسے ہی تمہارے ساتھ بھی ہُوں۔ 8اَور تُم عہد کا صندُوق اُٹھانے والے کاہِنوں کو یہ حُکم دینا، ’جَب تُم یردنؔ کے کنارے پہُنچو تو پانی میں جا کر کھڑے ہو جانا۔‘ “
9یہوشُعؔ نے بنی اِسرائیل سے فرمایا، ”پاس آکر یَاہوِہ اَپنے خُدا کا کلام سُنو، 10یہوشُعؔ نے کہا اُس سے تُم جان جاؤگے کہ زندہ خُدا تمہارے درمیان ہیں اَور وہ یقیناً تمہارے سامنے سے کنعانیوں حِتّیوں حِوّیوں پَرزّیوں گِرگاشیوں امُوریوں اَور یبُوسیوں کو نکال دیں گے۔ 11دیکھو ساری زمین کے خُدا کے عہد کا صندُوق تمہارے آگے آگے یردنؔ میں جانے کو ہے۔ 12اِس لیٔے اَب اِسرائیل کے ہر قبیلہ میں سے ایک ایک آدمی لے کر بَارہ آدمیوں کو مُنتخب کرنا۔ 13اَور جِس گھڑی ساری زمین کے خُدا یَاہوِہ کا عہد کا صندُوق اُٹھانے والے کاہِنوں کے قدم یردنؔ کے پانی میں پڑیں گے اُس وقت یردنؔ کا اُوپر سے بہتا ہُوا پانی تھم جائے گا اَور اُس کا ڈھیر لگ جائے گا۔“
14تَب لوگوں نے یردنؔ کے پار جانے کے لیٔے اَپنی چھاؤنی سے کوچ کیا اَور عہد کا صندُوق اُٹھائے ہُوئے کاہِنؔ اُن کے آگے آگے ہو لیٔے۔ 15فصل کے تمام ایّام میں یردنؔ کا پانی اَپنے کناروں سے اُوپر چڑھ کر بہا کرتا ہے۔ پھر بھی جوں ہی صندُوق اُٹھانے والے کاہِنؔ یردنؔ پر پہُنچے اَور اُن کے قدموں نے کنارے کے پانی کو چھُوا، 16تو جو پانی اُوپر کی طرف سے بہہ کر آ رہاتھا وہ بہت دُور آدمؔ کے شہر کے پاس جو ضارِتھانؔ کے پاس ہے رُک کر ایک ڈھیر میں تبدیل ہو گیا اَورجو پانی نیچے عراباہؔ کے سمُندر یعنی بحرمُردار کی طرف جاتا ہے وہ بالکُل الگ ہو چُکاتھا اَور لوگ عَین یریحوؔ کے مقابل پار اُترگئے۔ 17اَور جَب تمام اِسرائیلی پار اُتر رہے تھے تو جو کاہِنؔ یَاہوِہ کے عہد کا صندُوق اُٹھائے ہُوئے تھے وہ یردنؔ کے درمیان خشک زمین پر ڈٹ کر کھڑے رہے جَب تک کہ ساری قوم خشک زمین پر سے گزر نہ گئی۔
موجودہ انتخاب:
یہوشُعؔ 3: UCV
سرخی
شئیر
کاپی
کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in
اُردو ہم عصر ترجُمہ™، کِتاب مُقدّس
حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022، 2024 Biblica, Inc.
کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔
دُنیا بھر میں تمام حق محفوظ۔
Holy Bible, Urdu Contemporary Version™
Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc.
Used with permission.
All rights reserved worldwide.