YouVersion Logo
تلاش

یَشعیاہ 11

11
یِشائی کی شاخ
1یِشائی کے تنے میں سے ایک ٹہنی نکلے گی؛
اُس کی جڑوں سے ایک شاخ پھل لائے گی۔
2یَاہوِہ کی رُوح اُس پر ٹھہرے گی۔
حِکمت اَور فہم کی رُوح،
مصلحت اَور قُدرت کی رُوح،
مَعرفت اَور یَاہوِہ کے خوف کی رُوح۔
3اَور یَاہوِہ کے خوف میں اُس کی خُوشنودی ہوگی۔
وہ اَپنی آنکھوں کے دیکھنے کے مُطابق اِنصاف نہ کریں گے،
اَور نہ اَپنے کانوں کے سُننے کے مُطابق فیصلہ کریں گے؛
4بَلکہ وہ مسکینوں کا اِنصاف راستی سے کریں گے،
اَور دُنیا کے غریبوں کا فیصلہ عدل سے کریں گے۔
وہ اَپنی زبان کے عصا سے زمین کو ماریں گے
اَور اَپنے لبوں کے دَم سے بدکاروں کو ہلاک کریں گے۔
5راستبازی اُس کا کمربند ہوگی
اَور وفاداری اُس کی کمر کا پٹکا ہوگی۔
6تَب بھیڑیا برّہ کے ساتھ رہے گا،
اَور چیتا بکری کے ساتھ بیٹھے گا،
بچھڑا، شیر اَور ایک سالہ بچھڑے اِکٹھّے رہیں گے؛
اَور ایک چھوٹا بچّہ اُن کا پیش رَو ہوگا۔
7گائے اَور ریچھنی مِل کر چرےگی،
اَور اُن کے بچّے اِکٹھّے بیٹھیں گے،
اَور شیر بَیل کی طرح بھُوسا کھایا کرےگا۔
8شیر خوار بچّہ ناگ کے بِل کے پاس کھیلے گا،
اَور وہ لڑکا جِس کا دُودھ چھُڑایا گیا ہو افعی کے سوراخ میں ہاتھ ڈالے گا۔
9وہ میرے مُقدّس پہاڑ پر کہیں بھی
نہ تو کسی کو ضرر پہُنچائیں گے اَور نہ ہلاک کریں گے،
کیونکہ زمین یَاہوِہ کے مَعرفت سے اَیسی معموُر ہوگی
جَیسے سمُندر پانی سے بھرا ہے۔
10اُس وقت یِشائی کی جڑ مُختلف لوگوں کے لیٔے ایک پرچم کی طرح ہوگی اَور غَیریہُودیوں کا مجمع اُس کے گِرد جمع ہوگا اَور اُس کی آرامگاہ پُرجلال ہوگی۔ 11اُس دِن، خُداوؔند زندہ باقی بچ جانے والوں کو واپس لانے کے لئے دُوسری مرتبہ اَپنا ہاتھ بڑھائے گا، جنہیں اُس نے اشُور، مِصر، فتروسؔ، کُوشؔ، عیلامؔ، شِنعاؔر، ہمات اَور سمُندری جزیروں سے لیا ہے۔ اُس وقت یَاہوِہ دُوسری مرتبہ اَپنا ہاتھ بڑھائے گا اَور اَپنی اُمّت میں سے بچے ہُوئے لوگوں کو اشُور، مِصر کے شمالی اَور جُنوبی علاقوں سے، کُوشؔ، عیلامؔ، بابیل، حماتؔ، اَور سمُندری جزیروں سے مول لائے گا۔
12وہ مُختلف قوموں کے لیٔے پرچم بُلند کریں گے
اَور اِسرائیل کے اُن لوگوں کو جمع کریں گے
جو جَلاوطن کر دیئے گیٔے تھے؛ اَور یہُوداہؔ کے بکھرے ہُوئے لوگوں کو
زمین کی چاروں طرف سے فراہم کریں گے۔
13اِفرائیمؔ کا حَسد جاتا رہے گا،
اَور بنی یہُوداہؔ کے دُشمنوں کا خاتِمہ ہو جائے گا؛
اَور بنی اِفرائیمؔ بنی یہُوداہؔ سے حَسد نہ رکھیں گے،
نہ بنی یہُوداہؔ بنی اِفرائیمؔ سے کینہ رکھیں گے۔
14اَور وہ مغرب کی جانِب فلسطینیوں کے نشیبی کے علاقوں پر جھپٹ پڑیں گے؛
اَور باہم مِل کر مشرق کے لوگوں کو لُوٹ لیں گے۔
وہ اِدُوم اَور مُوآب پر ہاتھ ڈالیں گے،
اَور بنی عمُّون اُن کی اِطاعت کریں گے۔
15یَاہوِہ بحرِ مِصر کی خلیج کو
خشک کر دے گا؛
وہ بادِ سموم کے ساتھ دریائے فراتؔ پر
اَپنا ہاتھ بڑھائے گا۔
وہ اُسے سات نالوں میں تبدیل کر دے گا
تاکہ لوگ جُوتے پہنے ہُوئے اُسے عبور کر سکیں۔
16اشُور میں اُس کے باقی بچے ہُوئے لوگوں کے لیٔے
ایک اَیسی شاہراہ قائِم کی جائے گی،
جَیسی کہ بنی اِسرائیل کے لیٔے
مِصر سے نکلتے وقت کی گئی تھی۔

موجودہ انتخاب:

یَشعیاہ 11: UCV

سرخی

شئیر

کاپی

None

کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in