یَشعیاہ 10
10
1افسوس اُن پرجو غَیر مُنصِفانہ قوانین بناتے ہیں،
اَور اُن پر بھی جو ظالمانہ اَحکام جاری کرتے ہیں،
2تاکہ غریبوں کو اُن کے حُقُوق سے
اَور میرے مظلوم خادِموں کو اِنصاف سے محروم رکھیں،
بیواؤں کو اَپنے ظُلم کا شِکار بنائیں
اَور یتیموں کو لُوٹیں۔
3تُم حِساب کے دِن کیا کروگے،
جَب دُور سے مُصیبت آ کھڑی ہوگی؟
تَب مدد کے لیٔے کس کے پاس بھاگ کر جاؤگے؟
اَور اَپنی شان و شوکت کہاں رکھ چھوڑو گے؟
4قَیدیوں کے درمیان ذِلّت اُٹھانے
اَور مقتولوں کے نیچے دبے پڑے رہنے کے سِوا کچھ اَور نہ کر سکوگے۔
اِس کے باوُجُود اُن کا قہر ٹل نہیں گیا،
بَلکہ اُن کا ہاتھ اَب بھی اُوپر اُٹھا ہُواہے۔
اشُور پر خُدا کے سزا کا فیصلہ
5”اشُور پر افسوس جو میرے غضب کا عصا ہے،
اَور جِس کے ہاتھ میں میرے قہر کی لاٹھی ہے!
6میں اُسے ایک بے دین قوم کی طرف بھیج رہا ہُوں
ایک اَیسی قوم کے خِلاف جِس پر میرا قہر ہے،
تاکہ وہ اُنہیں لُوٹے اَور مالِ غنیمت حاصل کرے،
اَور اُنہیں گلیوں میں کیچڑ کی طرح روندے۔
7لیکن وہ یہ نہیں چاہتے،
نہ ہی یہ اُن کی منشا ہے؛
اُن کا مقصد محض تباہ کرنا،
اَور بہت سِی قوموں کو ختم کردینا ہے۔
8وہ کہتاہے: ’کیا میرے سبھی سپہ سالار بادشاہ نہیں؟‘
9’کیا کلنوؔ کا اَنجام کرکمیشؔ کی طرح
اَور حماتؔ کا حشر ارفادؔ کی مانند،
اَور سامریہؔ کا حال دَمشق کی مانند نہیں ہُوا؟
10جِس طرح میرے ہاتھ نے وہ بُت پرست سلطنتیں اَپنے قبضہ میں کر لیں،
جِن کے بُت یروشلیمؔ اَور سامریہؔ کے بُتوں سے بھی بڑھ کر تھے
11تو کیا میں یروشلیمؔ اَور اُس کے بُتوں کے ساتھ وَیسا ہی سلُوک نہ کروں
جَیسا کہ سامریہؔ اَور اُس کے بُتوں کے ساتھ کیا تھا؟‘ “
12جَب یَاہوِہ کوہِ صِیّونؔ اَور یروشلیمؔ میں اَپنا تمام کام کر چُکے گا، ”تَب وہ کہے گا کہ مَیں شاہِ اشُور کو اُس کے دِل کے گھمنڈ اَور اُس کے آنکھوں کے غُرور کی سزا دُوں گا۔ 13کیونکہ وہ کہتاہے:
” ’مَیں نے اَپنے بازو کی قُوّت اَور اَپنی حِکمت سے یہ کیا ہے
کیونکہ مُجھ میں اُتنی سمجھ ہے۔
مَیں نے قوموں کی حُدوُد کو سَر کا دیا،
اُن کے خزانے لُوٹ لیٔے؛
اَور زورآور بہادر کی طرح اُن کے بادشاہوں کو مطیع کر لیا۔
14جِس طرح کویٔی اَپنے ہاتھ گھونسلے کی طرف بڑھاتاہے،
اُسی طرح میرا ہاتھ قوموں کی دولت کی طرف بڑھا
جِس طرح لوگ ترک کئے ہُوئے اَنڈوں کو بٹور لیتے ہیں،
اُسی طرح مَیں نے تمام مُلکوں کو سمیٹ لیا؛
اَور کسی نے پر تک نہ ہلایا،
اَور نہ چونچ کھول کر چہچہانے کی جُرأت کی۔‘ “
15کیا کُلہاڑا اَپنے اِستعمال کرنے والے سے زِیادہ طاقتور ہونے کا دعویٰ کر سَکتا ہے
یا آرہ کش کے خِلاف شیخی مار سَکتا ہے؟
یا عصا اَپنے اُٹھانے والے کو اُٹھا سَکتا ہے،
یا لاٹھی اُسے گھُمائے گی جو لکڑی نہیں، آدمی ہے!
16چنانچہ خُداوؔند، قادرمُطلق یَاہوِہ،
اُس کے قوی ہیکل سپاہیوں پر اَیسی وَبا نازل کریں گے جو
اُنہیں لاغر کر دے گی؛
اَور اُس کی شان و شوکت ایک بھڑکتے ہُوئے شُعلے کی مانند جَلا دی جائے گی۔
17اِسرائیل کا نُور ہی آگ بَن جائے گا،
اَور اُس کا قُدُّوس ایک شُعلہ؛
جو ایک ہی دِن میں اُس کے گھاس پھُوس کو
جَلا کر بھسم کر دے گا۔
18اَور جِس طرح ایک مریض ختم ہو جاتا ہے
اُسی طرح یہ آگ اُس کے جنگلوں اَور زرخیز کھیتوں کی رونق کو
بالکُل نِیست و نابود کر دے گی۔
19اَور اُس کے جنگل میں اِتنے تھوڑے درخت باقی بچیں گے
جنہیں ایک بچّہ بھی گِن کر لِکھ سکےگا۔
اِسرائیل کے بچے ہُوئے لوگ
20اُس وقت اِسرائیل کے باقی بچے لوگ،
یعنی یعقوب کے گھرانے کے بچے ہُوئے لوگ،
یَاہوِہ، اِسرائیل کے قُدُّوس پر
سچّے دِل سے توکّل کریں گے
اَور اُس پر جِس نے اُن کو مارا تھا
پھر تکیہ نہ کریں گے۔
21باقی بچے لوگ لَوٹیں گے یعنی یعقوب کے گھرانے کے بچے ہُوئے لوگ
قادر خُدا کی طرف لَوٹیں گے۔
22اَے اِسرائیل، اگرچہ تیرے لوگ سمُندر کی ریت کے ذرّوں کے برابر ہوگی،
اُن میں سے صِرف ایک ہی باقی رہے گا۔
کیونکہ ایک زبردست بربادی،
راستباز طور پر مُقرّر کی جا چُکی ہے۔
23کیونکہ خُداوؔند، قادرمُطلق یَاہوِہ،
مُقرّرہ بربادی تمام اِس زمین پر ظاہر کریں گے۔
24چنانچہ خُداوؔند، قادرمُطلق یَاہوِہ#10:24 قادرمُطلق یَاہوِہ عِبرانی میں یَاہوِہ سباؤتھ یعنی لشکروں کے یَاہوِہ یُوں فرماتے ہیں:
”اَے میرے لوگو جو صِیّونؔ میں بستے ہو،
اشُور سے نہ ڈرو،
خواہ وہ تُمہیں ڈنڈے سے مارے
اَور تمہارے خِلاف لٹھ اُٹھائے جَیسا کہ مِصریوں نے کیا تھا۔
25تمہارے خِلاف میرا غُصّہ جلدی ہی ٹھنڈا ہو جائے گا
اَور میرا غضب اُن کی بربادی کا باعث ہوگا۔“
26قادرمُطلق یَاہوِہ اُسے کوڑے سے مارے گا،
ٹھیک اُسی طرح جَیسے حوریبؔ کی چٹّان پر مِدیان کو مارا تھا؛
اَور وہ اَپنا عصا سمُندر پر بڑھائے گا،
جَیسا کہ اُس نے مِصر میں کیا تھا۔
27اُس دِن تیرے کندھوں پر سے اُس کا بوجھ
اَور تیری گردن پر سے اُن کا جُوا اُٹھالیا جائے گا؛
اَور تیرے موٹاپے کے باعث
جُوا توڑ دیا جائے گا۔
28وہ عیّاتؔ میں داخل ہو رہاہے؛
اَور مِگرُونؔ سے ہوکر گزر رہاہے؛
اُس نے مِکماشؔ میں اَپنا اَسباب جمع کر رہاہے۔
29وہ گھاٹی کو عبور کر رہے ہیں اَور کہتے ہیں،
”ہم گِبعہؔ میں رات کاٹیں گے۔“
رامہؔ ہِراساں ہے؛
اَور شاؤل کو گِبعؔ بھاگ نِکلا ہے۔
30اَے گلّیمؔ کی بیٹی، چِلّا!
اَے لیشاہ کی قوم سُنو!
بے چارہ عناتوت!
31مَدمینہؔ بھاگ نِکلا؛
اَور گیبیمؔ کے رہنے والے جا چھُپے۔
32آج کے دِن وہ نوبؔ میں قِیام کریں گے؛
اَور صِیّونؔ کی بیٹی کے پہاڑ
یعنی یروشلیمؔ کی پہاڑی کی طرف
اَپنی مُٹّھی دِکھا کر دھمکائے گا۔
33دیکھو خُداوؔند، قادرمُطلق یَاہوِہ،
اَپنی پُوری قُوّت سے ڈالیاں چھانٹ ڈالے گا،
اُونچے اُونچے درخت کاٹ ڈالے جایٔیں گے،
اَور بُلند پست کئے جایٔیں گے۔
34وہ جنگل کی گنُجان جھاڑیاں کُلہاڑی سے کاٹ ڈالے گا؛
اَور لبانونؔ قادر خُدا کے سامنے سَر تسلیم خم کریں گے۔
موجودہ انتخاب:
یَشعیاہ 10: UCV
سرخی
شئیر
کاپی
کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in
اُردو ہم عصر ترجُمہ™، کِتاب مُقدّس
حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022، 2024 Biblica, Inc.
کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔
دُنیا بھر میں تمام حق محفوظ۔
Holy Bible, Urdu Contemporary Version™
Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc.
Used with permission.
All rights reserved worldwide.