YouVersion Logo
تلاش

زکریاؔہ 9

9
بنی اِسرائیل کے دُشمنوں پر سزا
1ایک نبُوّت،
حدراکؔھ مُلک کے خِلاف یَاہوِہ کا کلام۔
جو دَمشق پر بھی سچ ثابت ہوگا،
کیونکہ سَب لوگوں اَور بنی اِسرائیل کے سَب قبیلوں کی آنکھیں
یَاہوِہ پر لگی ہُوئی ہیں۔
2اَور حماتؔ کی تباہی پکّی ہے جو دَمشق کی سرحد پر ہے،
اَور صُورؔ اَور صیدونؔ کی تباہی بھی جو بہت عقلمند ہیں۔
3صُورؔ نے اَپنے لیٔے ایک مضبُوط قلعہ بنایا ہے؛
اُس نے چاندی کو مٹّی کی مانند،
اَور سونے کو گلیوں کی کیچڑ کی مانند انبار لگا رکھا ہے۔
4لیکن خُداوؔند اُس کی تمام دولت چھین لیں گے
اَور اُن کے قلعوں کو تباہ کرکے سمُندر میں ڈال دیں گے،
اَور وہ شہر آگ میں جَل کر خاک ہو جائے گا۔
5اشقلونؔ اُسے دیکھ کر ڈر جائے گا،
غزّہؔ سخت درد میں مُبتلا ہوگا،
اَور عقرونؔ کی بھی یہی حالت ہوگی، کیونکہ اُس کی اُمّید ٹُوٹ جائے گی۔
غزّہؔ کی بادشاہت ختم ہو جائے گی
اَور اشقلونؔ ویران ہو جائے گا۔
6اجنبی لوگ اشدُودؔ پر قابض ہوں گے،
اَور مَیں فلسطینیوں کا غُرور مٹا دُوں گا۔
7مَیں اُن کے مُنہ سے خُون کو،
اَور اُن کے دانتوں کے درمیان سے مکرُوہ غِذا کو نکال ڈالوں گا۔
تَب اُن میں سے بچے ہُوئے فلسطینی ہمارے خُدا کے لوگ ہوں گے
اَور وہ یہُودیؔہ میں رہنما ہوں گے،
اَور بنی عقرونؔ یبُوسیوں کی مانند ہوں گے۔
8لیکن مَیں اَپنے بیت المُقدّس کو
غارت گِر فَوجوں سے بچانے کو خیمہ زن ہوں گا۔
پھر کویٔی ظالِم ہرگز میرے لوگوں کو نِیست و نابود نہیں کر سکےگا،
کیونکہ اَب میری نگاہ میری اُمّت پر ہے۔
صِیّونؔ کے بادشاہ کی آمد
9اَے صِیّونؔ کی بیٹی، نہایت خُوش ہو!
اَے یروشلیمؔ کی بیٹی، فتح کا نعرہ لگاؤ!
دیکھو، تمہارا بادشاہ تمہارے پاس آ رہاہے،
وہ صادق اَور فتح مند ہے،
وہ حلیم ہے اَور گدھے پر،
بَلکہ گدھی کے بچّے پر سوار ہے۔
10مَیں اِفرائیمؔ سے رتھوں کو
اَور یروشلیمؔ سے جنگی گھوڑوں کو فنا کر دُوں گا،
جنگی کمان توڑ ڈالی جائے گی۔
اَور وہ قوموں کو صُلح کی خُوشخبری دے گا۔
اَور اُس کی سلطنت سمُندر سے سمُندر تک
اَور دریائے فراتؔ سے لے کر زمین کی اِنتہا تک ہوگی۔
11اَور جہاں تک تمہاری بات ہے، تمہارے ساتھ میرے عہد کے خُون کے سبب سے،
مَیں تمہارے اسیروں کو موت کے اَندھے کنویں سے نکال لاؤں گا۔
12اَے اُمّیدوار غُلاموں، اَپنے محفوظ قلعہ میں واپس لَوٹ آؤ؛
مَیں آج یہ اعلان کرتا ہُوں کہ مَیں تُمہیں اِس کے بدلے دُگنی برکت دُوں گا۔
13کیونکہ مَیں یہُودیؔہ کو اَپنی کمان کی مانند،
اَور اِفرائیمؔ کو اُس پر تیر کی مانند لگا کر اِستعمال کروں گا۔
اَے صِیّونؔ، مَیں تمہارے فرزندوں کو
یُونانؔ کے فرزندوں کے خِلاف،
اَور تُمہیں سُورما کے تلوار کی مانند بناؤں گا۔
یَاہوِہ کا ظاہر ہونا
14تَب یَاہوِہ اُن پر ظاہر ہوں گے؛
اَور یَاہوِہ کے تیر بجلی کی مانند نکلیں گے۔
یَاہوِہ قادر یَاہوِہ نرسنگا پھُوکیں گے؛
وہ جُنوبی طُوفان کے ساتھ آگے بڑھیں گے۔
15اَور قادرمُطلق یَاہوِہ اُن کی حِفاظت کریں گے۔
اَور وہ اَپنے دُشمنوں کو تباہ کر دیں گے
اَور اُن کے فلاخن کے پتّھروں کو پامال کریں گے۔
وہ پیئیں گے اَور اَیسا شور مچائیں گے جَیسے لوگ مَے نوشی کرکے شور مچاتے ہیں؛
وہ اُس پیالے کی مانند لبریز ہوں گے
جو مذبح کے کونوں پر چھڑکنے کے لیٔے اِستعمال ہوتاہے۔
16جَیسے ایک چرواہا اَپنے ریوڑ کے جھُنڈ کی حِفاظت کرتا ہے
وَیسے ہی یَاہوِہ اُن کے خُدا اُس دِن اَپنی اُمّت کی حِفاظت کریں گے۔
وہ اُن کے مُلک میں اَیسے چمکیں گے
جَیسے تاج میں جڑے ہُوئے جواہرات چمکتے ہیں۔
17وہ کس قدر پُر کشش اَور حسین ہوں گے!
کہ نوجوان اناج کھا کر،
اَور لڑکیاں نئی مَے پی کر صحت مند ہو جائیں گے۔

موجودہ انتخاب:

زکریاؔہ 9: UCV

سرخی

شئیر

کاپی

None

کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in