YouVersion Logo
تلاش

زکریاؔہ 8

8
یروشلیمؔ کو برکت کا وعدہ
1قادرمُطلق یَاہوِہ کا کلام پھر مُجھ پر نازل ہُوا،
2قادرمُطلق یَاہوِہ یُوں فرماتے ہیں، ”مُجھے صِیّونؔ کے لیٔے بڑی غیرت ہے۔ مَیں اُس کے لئے غیرت سے جَل رہا ہُوں۔“
3یَاہوِہ فرماتے ہیں: ”مَیں صِیّونؔ کو واپس آؤں گا اَور یروشلیمؔ میں سکونت کروں گا۔ تَب یروشلیمؔ وفا کا شہر کہلائے گا اَور قادرمُطلق یَاہوِہ کا پہاڑ مُقدّس پہاڑ کہلائے گا۔“
4قادرمُطلق یَاہوِہ فرماتے ہیں: ”ایک بار پھر یروشلیمؔ کی گلیوں میں عمر رسیدہ مَرد اَور عورتیں اَپنے ہاتھوں میں بُڑھاپے کے باعث لاٹھی لیٔے ہُوئے پھر بیٹھیں گے۔ 5اَور شہر کی گلیاں وہاں کھیلتے ہُوئے لڑکے اَور لڑکیوں سے گلزار ہُوں گی۔“
6قادرمُطلق یَاہوِہ یُوں فرماتے ہیں، ”اُس وقت اِن لوگوں کے باقی بچے ہوؤں کی نظر میں یہ حیرت اَنگیز مَعلُوم ہوگا لیکن کیا یہ کام میرے لئے حیرت اَنگیز لگے گا؟“ یہ قادرمُطلق یَاہوِہ کا فرمان ہے۔
7قادرمُطلق یَاہوِہ یُوں فرماتے ہیں، ”مَیں اَپنے لوگوں کو مشرق اَور مغرب کے لوگوں سے بچاؤں گا۔ 8مَیں اُنہیں یروشلیمؔ میں سکونت کرنے کے لیٔے واپس لاؤں گا۔ وہ میرے لوگ ہوں گے اَور مَیں وفا اَور راستی سے اُن کا خُدا ہُوں گا۔“
9قادرمُطلق یَاہوِہ یُوں فرماتے ہیں، ”اَے لوگوں اَب تُم اِس کلام کو سُنو، تُم اَپنے ہاتھوں کو مضبُوط کرو تاکہ بیت المُقدّس کی تعمیر ہو سکے۔ یہی کلام اُن نبیوں کی مَعرفت بھی فرمایا گیا تھا جو اُس وقت قادرمُطلق یَاہوِہ کے گھر کی بُنیاد ڈالتے وقت وہاں مَوجُود تھے۔ 10اُن دِنوں سے پہلے نہ اِنسان کے لیٔے مزدُوری تھی نہ جانوروں کے لیٔے کرایہ تھا اَور نہ دُشمنوں کے سبب سے کویٔی سلامتی کے ساتھ اَپنے کام کاج پر جا سَکتا تھا، کیونکہ اُن کے چاروں طرف دُشمن مَوجُود تھے۔ 11لیکن اَب مَیں اِن لوگوں کے باقی بچے ہوؤں کے ساتھ پہلے کی طرح پیش نہ آؤں گا۔ یہ قادرمُطلق یَاہوِہ کا فرمان ہے۔
12”بیج کثرت کے ساتھ اُگے گا۔ انگور کے باغ میں خُوب پھل لگے گا، زمین فصل دے گی اَور آسمان سے شبنم گِرے گی۔ مَیں اِن لوگوں کے باقی بچے ہوؤں کو اِن سَب برکتوں کا وارِث بناؤں گا۔ 13اَے بنی یہُوداہؔ اَور اَے بنی اِسرائیل، جِس طرح کہ تُم دُوسری قوموں کے درمیان لعنت کا باعث بَن گئے ہو، اِسی طرح مَیں تُم کو بچاؤں گا اَور تُم برکت کا باعث بنوگے۔ خوف نہ کرو بَلکہ تمہارے ہاتھ مضبُوط ہوں۔“
14قادرمُطلق یَاہوِہ فرماتے ہیں، ”جِس طرح جَب تمہارے آباؤاَجداد نے مُجھے غضبناک کیا تھا، تو مَیں نے تُم پر رحم نہ کرنے اَور بربادی کا قصد کیا تھا،“ یہ قادرمُطلق یَاہوِہ کا فرمان ہے۔ 15پس اَب مَیں نے یروشلیمؔ اَور یہُوداہؔ کے ساتھ بھلائی کرنے کا اِرادہ کیا ہے۔ اِس لئے ڈرو مت۔ 16پھر لازِم ہے کہ تُم اِن باتوں پر عَمل کرو۔ تُم میں سے ہر ایک اَپنے ہمسائے سے سچ بولو، اَور اَپنی عدالتوں میں سچّے اَور منصفانہ فیصلے کیا کرو تاکہ سلامتی ہو۔ 17یَاہوِہ فرماتے ہیں، تُم میں سے کوئی اَپنے پڑوسی کے خِلاف بُرا منصُوبہ نہ باندھو، اَور جھُوٹی قَسم کو عزیز نہ رکھو۔ مَیں اِن سَب باتوں سے نفرت رکھتا ہُوں۔
18قادرمُطلق یَاہوِہ کا کلام مُجھ پر پھر نازل ہُوا۔
19قادرمُطلق یَاہوِہ یُوں فرماتے ہیں، ”چوتھے، پانچویں، ساتویں اَور دسویں مہینے کا روزہ بنی یہُوداہؔ کے لیٔے خُوشی اَور مسرّت کی عیدیں ہوں گی۔ اِس لیٔے تُم سچّائی اَور سلامتی کو عزیز رکھو۔“
20قادرمُطلق یَاہوِہ یُوں فرماتے ہیں، ”بہت سِی قومیں اَور بڑے بڑے شہروں کے باشِندے آئیں گے۔ 21اَور ایک شہر کے باشِندے دُوسرے شہر میں جا کر کہیں گے، ’چلو فوراً جا کر یَاہوِہ سے درخواست کریں اَور قادرمُطلق یَاہوِہ کی تلاش میں رہو، کیونکہ مَیں وہاں خُود بھی جا رہا ہُوں۔‘ 22اَور بہت سِی اُمّتیں اَور زبردست قومیں یروشلیمؔ میں آئیں گی اَور قادرمُطلق یَاہوِہ کی طالب ہوں گی اَور اُن سے فریاد کریں گی۔“
23قادرمُطلق یَاہوِہ یُوں فرماتے ہیں، ”اُن دِنوں میں سَب زبانوں اَور قوموں میں کے دس آدمی مضبُوطی کے ساتھ ایک یہُودی کا دامن پکڑیں گے اَور کہیں گے، ’ہم تمہارے ساتھ چلیں گے کیونکہ ہم نے سُنا ہے کہ خُدا تمہارے ساتھ ہے۔‘ “

موجودہ انتخاب:

زکریاؔہ 8: UCV

سرخی

شئیر

کاپی

None

کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in