زکریاؔہ 10
10
یَاہوِہ کی یہُودیؔہ کی نگہبانی
1یَاہوِہ سے دعا کرو کہ وہ موسمِ بہار کی بارش بھیجیں؛
یَاہوِہ ہی بادلوں کو گرجاتے اَور طُوفان لاتے ہیں۔
وہ سَب اِنسانوں کو بارش مُہیّا کرتے
اَور سَب کے کھیت میں فصل اُگاتے ہیں۔
2کیونکہ خانگی معبُود فریبی مشورہ دیتے ہیں،
اَور غیب بین جھُوٹی رُویا دیکھتے ہیں؛
وہ اَیسے خواب بَیان کرتے ہیں جو جھُوٹے ہیں،
اَور اُن کی تسلّی بے حقیقت ہے۔
اِس لیٔے لوگ بھیڑوں کی مانند بھٹک جاتے ہیں
اَور اُن کا کویٔی چرواہا نہ ہونے کی وجہ سے دُکھ پاتے ہیں۔
3میرا غضب چرواہوں پر بھڑک رہاہے،
اَور مَیں رہنماؤں کو سزا دُوں گا؛
کیونکہ قادرمُطلق یَاہوِہ اَپنی ریوڑ
یعنی بنی یہُوداہؔ کا خیال کریں گے۔
اَور اُنہیں جنگ میں قابل فخر جنگی گھوڑے کی مانند بنائیں گے۔
4بنی یہُوداہؔ میں سے کونےکا پتّھر،
خیمے کی میخ،
جنگی کمان،
اَور سارے حاکم نکلیں گے۔
5وہ ایک ساتھ جنگ میں اُن سُورماؤں کی مانند ہوں گے
جو جنگ میں اَپنے دُشمنوں کو گلیوں کی کیچڑ کی مانند روندیں گے۔
کیونکہ یَاہوِہ اُن کے ساتھ ہیں،
اِس لئے وہ بہادری سے جنگ لڑیں گے اَور دُشمنوں کے گُھڑسواروں کو سراسیمہ کر دیں گے۔
6مَیں بنی یہُوداہؔ کو مضبُوط کروں گا
اَور یُوسیفؔ کے قبیلوں کو رِہائی بخشوں گا۔
مَیں اُن کو واپس لاؤں گا
کیونکہ مَیں اُن پر رحم کرتا ہُوں۔
وہ اَیسے ہو جائیں گے
گویا مَیں نے اُن کو کبھی ترک ہی نہیں کیا تھا،
کیونکہ مَیں یَاہوِہ اُن کا خُدا ہُوں
اَور مَیں اُن کی دُعا کو سُنوں گا۔
7بنی اِفرائیمؔ زبردست سُورما کی مانند ہوں گے،
اَور اُن کا دِل اَیسے شادمان ہوگا جَیسے مَے نوشی کرنے سے ہوتاہے۔
اُن کی اَولاد اِسے دیکھے گی اَور شادمان ہوگی
اَور اُن کے دِل یَاہوِہ میں خُوش ہوں گے۔
8مَیں اُنہیں اِشارہ کرکے
جمع کروں گا۔
اَور یقیناً اُن کا فدیہ دے کر اُنہیں چُھڑاؤں گا؛
وہ پہلے کی طرح بے شُمار ہو جایٔیں گے۔
9اگرچہ مَیں نے اُنہیں قوموں میں مُنتشر کیا تھا،
تو بھی وہ دُور کے مُلکوں میں مُجھے یاد کریں گے۔
وہاں وہ اَور اُن کی اَولاد زندہ بچے رہیں گے،
اَور وہ واپس آئیں گے۔
10مَیں اُنہیں مُلک مِصر سے واپس لاؤں گا،
اَور اُنہیں مُلک اشُور سے جمع کروں گا۔
مَیں اُنہیں گِلعادؔ اَور لبانونؔ کی سرزمین میں پھر بساؤں گا،
اَور اُنہیں اِتنا بڑھاؤں گا کہ اُن کے لیٔے جگہ کی گنجائش نہ رہے گی۔
11وہ مُصیبت کے سمُندر سے گزر جائیں گے،
اَور اُن کی خاطِر سمُندر کی لہریں تھم جایٔیں گی،
اَور دریائے نیل تہہ تک سُوکھ جائے گی۔
اَور مُلکِ اشُور کا غُرور توڑ دیا جائے گا
اَور مُلکِ مِصر کا شاہی عصا کا خاتِمہ ہو جائے گا۔
12یَاہوِہ کا فرمان ہے،
مَیں اُنہیں خُود کو مضبُوط کروں گا،
اَور وہ یَاہوِہ کے نام میں بحِفاظت سکونت کریں گے۔
موجودہ انتخاب:
زکریاؔہ 10: UCV
سرخی
شئیر
کاپی
کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in
اُردو ہم عصر ترجُمہ™، کِتاب مُقدّس
حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022، 2024 Biblica, Inc.
کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔
دُنیا بھر میں تمام حق محفوظ۔
Holy Bible, Urdu Contemporary Version™
Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc.
Used with permission.
All rights reserved worldwide.