YouVersion Logo
تلاش

زبُور 139

139
زبُور 139
موسیقی ہدایت کار کے لیٔے۔ داویؔد کا ایک زبُور۔
1اَے یَاہوِہ، آپ نے مُجھے جانچ لیا ہے،
اَور آپ مُجھے جانتے ہیں۔
2آپ میرا اُٹھنا بیٹھنا جانتے ہیں، آپ یہ سَب کچھ جانتے ہیں؛
اَور آپ دُور ہی سے میرے خیالات مَعلُوم کرلیتے ہیں۔
3میرا باہر جانا اَور آرام کے لیٔے لیٹنا آپ کی نظر میں ہے؛
آپ میری سَب روِشوں سے بخُوبی واقف ہیں۔
4اِس سے پہلے کہ کویٔی لفظ میری زبان پر آئے،
اَے یَاہوِہ، آپ اُسے پُوری طرح سے جانتے ہیں۔
5آپ آگے اَور پیچھے سے مُجھے گھیرے ہُوئے ہے؛
آپ اَپنا ہاتھ مُجھ پر ہمیشہ رکھے رہتے ہیں۔
6یہ علم میرے لیٔے نہایت عجِیب ہے،
یہ بہت اُونچا ہے اَور میری پہُنچ سے باہر ہے۔
7مَیں آپ کی رُوح سے بچ کر کہاں جاؤں؟
اَور آپ کی حُضُوری سے بچ کر کدھر بھاگوں؟
8اگر آسمان پر چڑھ جاؤں، تو آپ وہاں ہیں؛
اَور اگر پاتال میں اَپنا بِستر بچھا لُوں، تو آپ وہاں بھی ہیں۔
9اگر مَیں فجر کے پر لگا کر اُڑ جاؤں،
اَور سمُندر کے اُس پار جا بسُوں،
10تو وہاں بھی آپ کا ہاتھ میری رہنمائی کرےگا،
آپ کا داہنا ہاتھ مُجھے مضبُوطی سے سنبھالے رہے گا۔
11اگر مَیں کہُوں: ”یقیناً آپ کی تاریکی مُجھے چھُپا لے گی
اَور میرے چاروں طرف کی رَوشنی رات بَن جائے گی،“
12تو تاریکی بھی آپ کے لیٔے تاریکی نہ ہوگی؛
اَور آپ کے لئے رات بھی دِن کی مانند چمکے گی،
آپ کے سامنے تو تاریکی اَور رَوشنی ایک جَیسے ہی ہیں۔
13کیونکہ آپ نے میرے وُجُود کو پیدا کیا؛
اَور آپ نے مُجھے میری ماں کے رحم میں صورت بخشی ہے۔
14مَیں آپ کا شُکر کرتا ہُوں کہ میں اِس قدر عجِیب طور سے بنایا گیا ہُوں؛
آپ کے کام حیرت اَنگیز ہیں،
اَور مَیں یہ اَچھّی طرح سے جانتا ہُوں۔
15اُس وقت میرا قالب آپ سے چھُپا نہ تھا۔
جَب مَیں پوشیدگی میں بنایا جا رہاتھا،
جَب مَیں زمین کی گہرائیوں#139‏:15 زمین کی گہرائیوں میری ماں کے پیٹ کے اَندھیرے میں میں مُرتّب کیا جا رہاتھا،
16آپ کی آنکھوں نے میرے غَیر مُرتّب اجزا کو دیکھا تھا؛
میرے مُقرّرہ ایّام کا کُل حِساب آپ کی کِتاب میں درج کر دیا گیا تھا،
حالانکہ اُن میں سے ایک کا بھی وُجُود نہیں تھا۔
17اَے خُدا، آپ کے خیالات میرے لیٔے کس قدر بیش قیمتی ہیں!
اُن کا مجموعہ کتنا بڑا ہے!
18اگر مَیں اُنہیں شُمار میں لاؤں،
تو وہ ریت کے ذرّوں سے بھی زِیادہ ہیں۔
جَب مَیں جاگتا ہُوں، تو آپ کو اَپنے نزدیک پاتا ہُوں۔
19اَے خُدا، کاش کہ آپ بدکار کو قتل کر ڈالتے!
اَے خُونخوار لوگو! مُجھ سے دُورہو جاؤ!
20یہ لوگ آپ کے متعلّق بُری نیّت سے بات کرتے ہیں؛
آپ کے دُشمن آپ کے نام کو بے فائدہ لیتے ہیں۔
21اَے یَاہوِہ، کیا مَیں آپ کے عداوت رکھنے والوں سے عداوت نہ رکھوں گا،
اَور اُن سے نفرت نہ کروں جو آپ کے خِلاف سَر اُٹھاتے ہیں؟
22میرے پاس اُن کے لیٔے نفرت کے سِوا اَور کچھ بھی نہیں؛
میں اُنہیں اَپنا دُشمن سمجھتا ہُوں۔
23اَے خُدا، آپ مُجھے جانچیں اَور میرے دِل کو پہچانیں؛
مُجھے آزمائیں اَور میرے مُضطرب خیالات کو جان لیں۔
24دیکھیں، مُجھ میں کویٔی بُری روِش تو نہیں،
اَور میری اَبدی راہ میں رہنمائی کریں۔

موجودہ انتخاب:

زبُور 139: UCV

سرخی

شئیر

کاپی

None

کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in