YouVersion Logo
تلاش

اَحبار 26

26
فرمانبرداری کا اجر
1” ’تُم اَپنے لیٔے بُت نہ بنانا اَور نہ کویٔی مُورت یا کویٔی مُقدّس پتّھر کھڑا کرنا اَور نہ اَپنے مُلک میں کویٔی شَبیہ دار پتّھر رکھنا کہ اُس کے آگے سَجدہ کرو۔ مَیں یَاہوِہ تمہارا خُدا ہُوں۔
2” ’اَور تُم میرے سَبتوں کو ماَننا اَور میرے پاک مَقدِس کی تعظیم کرنا کیونکہ مَیں یَاہوِہ ہُوں۔
3” ’اگر تُم میرے قوانین پر عَمل کروگے اَور میرے اَحکام کو ماننے میں محتاط رہوگے، 4تو مَیں تمہارے لیٔے بروقت بارش کیا کروں گا، اَور زمین اَپنی پیداوار دے گی، اَور میدان کے درخت اَپنے پھل دیں گے۔ 5تمہاری کٹائی انگور کی فصل تک جاری رہے گی، اَور تمہاری انگور کی فصل، بیج کی بُوائی تک جاری رہے گی، چنانچہ تُم بھرپیٹ کھانا کھاؤگے اَور اَپنے مُلک میں سلامتی سے بسے رہوگے۔
6” ’اَور مَیں مُلک میں اَمن بخشوں گا، تاکہ تُم چَین سے سوؤ اَور کسی چیز کا تُمہیں خوف نہ ہو۔ اَور مَیں جنگلی حَیوانوں کو تمہارے مُلک سے بھگا دُوں گا، اَور تمہارے مُلک میں کویٔی بھی تلوار سے ہلاک نہ ہوگا۔ 7لیکن تُم اَپنے دُشمنوں کا تعاقب کروگے اَور وہ تمہارے سامنے تلوار سے مارے جایٔیں گے۔ 8تُم میں سے پانچ شخص سَو کو اَور سَو دس ہزار کو کھدیڑ دیں گے، اَور تمہارے دُشمن تمہارے سامنے تلوار سے مارے جایٔیں گے۔
9” ’اَور میری تُم پر نظرِکرم ہوگی اَور مَیں تُمہیں سرفراز کروں گا، اَور مَیں تمہاری تعداد کو بڑھاؤں گا اَور تمہارے ساتھ کئےگئے اَپنے عہد کو پُورا کروں گا۔ 10تُم ابھی پچھلے سال کا ہی اناج کھا رہے ہوگے کہ تُمہیں اُسے باہر نکالنا پڑےگا تاکہ تُم نئے فصل کا ذخیرہ گودام میں رکھنے کے واسطے جگہ بنا سکو۔ 11میں اَپنی قِیام گاہ#26‏:11 قِیام گاہ مَسکن تمہارے درمیان قائِم کروں گا، اَور مَیں تُم سے نفرت نہیں کروں گا۔ 12مَیں تمہارے درمیان چلا پھرا کروں گا، اَور مَیں تمہارا خُدا ہُوں گا اَور تُم میری اُمّت ہوگے۔ 13مَیں یَاہوِہ ہی تمہارا خُدا ہُوں جو تُمہیں مِصر سے نکال لایا تاکہ تُم مِصریوں کے غُلام نہ بنے رہو؛ مَیں نے تمہارے جُوئے کی سلاخیں توڑ ڈالی ہیں اَور تُمہیں سَر اُونچا کرکے چلنے کے لائق بنا دیا۔
نافرمانی کی سزا
14” ’لیکن اگر تُم میری نہ سنوگے اَور اِن سَب اَحکام پر عَمل نہ کروگے، 15اَور اگر میرے قوانین کو مُسترد کروگے اَور میرے اَحکام سے نفرت کروگے، اَور میرے تمام اَحکام کی تعمیل کرنے میں ناکام رہوگے اَور یُوں میرے عہد کی خِلاف ورزی کروگے، 16تو میں تُم پر اَچانک دہشت، برباد کرنے والی بیماریاں اَور بُخار کو بھیجوں گا جو تمہاری بینائی کو تباہ کر دیں گی اَور تمہاری جان لے لیں گی۔ تمہارا بیج بونا بے فائدہ ہوگا کیونکہ وہ تمہارے دُشمنوں کا لقمہ بَن جائیں گے۔ 17اَور مَیں تمہارا مُخالف ہو جاؤں گا۔ لہٰذا تُم اَپنے دُشمنوں سے شِکست کھاؤگے اَور وہ جو تُم سے نفرت کرتے ہیں تُم پر حُکمرانی کریں گے اَور جَب کویٔی بھی تمہارا تعاقب نہ کر رہا ہوگا، تَب بھی تُم بھاگتے رہوگے۔
18” ’اَور اگر تُم یہ سَب ہونے کے باوُجُود بھی میری نہ سنوگے، تو میں تُمہیں تمہارے گُناہوں کے سبب سے سات گُنا سزا دُوں گا۔ 19اَور مَیں تمہاری شہزوری کے تکبُّر کو توڑ ڈالوں گا اَور تمہارے اُوپر آسمان کو لوہے کی مانند اَور نیچے زمین کو کانسے کی مانند بنا دُوں گا۔ 20اَور تمہاری تمام محنت بیکار ثابت ہوگی کیونکہ تمہاری زمین اَپنی پیداوار نہ دے گی اَور نہ ہی مُلک کے درخت اَپنے پھل دیں گے۔
21” ’اَور اگر تُم یہ سَب ہونے کے باوُجُود بھی اَپنی فطرت میں تبدیلی نہیں لاؤگے اَور میری مُخالفت کرتے رہوگے اَور میری سُننے سے اِنکار کروگے تو مَیں تمہارے گُناہوں کے مُطابق تمہاری بَلاؤں کو سات گُنا بڑھا دُوں گا۔ 22مَیں تمہارے خِلاف جنگلی جانوروں کو بھیجوں گا، وہ تمہارے بچّوں کو اُٹھالے جایٔیں گے اَور تمہارے چَوپایوں کو تباہ کر دیں گے اَور تمہاری تعداد اِس قدر کم کر دیں گے کہ تمہاری شاہراہیں سُونی پڑ جایٔیں گی۔
23” ’اگر اِن باتوں کے باوُجُود بھی تُم میری تربّیت قبُول نہ کرو اَور میری طرف رُجُوع نہ لاؤ بَلکہ تُم میرے خِلاف ہی چلتے رہو، 24تو میں بھی تمہارے خِلاف چلُوں گا اَور تمہارے گُناہوں کے سبب سے تُمہیں سات گُنا اَور رنجیدہ کروں گا۔ 25اَور تمہاری عہد شکنی کا بدلہ لینے کے لیٔے تُم پر تلوار چلاؤں گا اَور جَب تُم اَپنی حِفاظت کے لیٔے شہروں کے اَندر بھاگ کر جمع ہوگے تو مَیں تمہارے درمیان وَبائی بیماریاں بھیجوں گا اَور تُم دُشمنوں کے ہاتھوں میں دئیے جاؤگے۔ 26اَور جَب مَیں تمہاری رسد مُہیّا کے سلسلہ کو برباد کر دُوں گا تو دس عورتیں ایک ہی تنور میں تمہاری روٹی پکائیں گی اَور تُمہیں وزن کے حِساب سے تھوڑی تھوڑی دیں گی۔ تُم کھاؤگے لیکن سیر نہ ہوگے۔
27” ’اَور اگر اِس کے باوُجُود بھی تُم نے میری نہ سُنی اَور میرے خِلاف ہی چلتے رہے، 28تَب میں اَپنے غضب میں تمہارے خِلاف ہوؤں گا، اَور تمہارے گُناہوں کے سبب میں خُود تُمہیں سات گُنی سزا دُوں گا۔ 29تُم اَپنے بیٹوں اَور اَپنی بیٹیوں کا گوشت کھاؤگے۔ 30اَور مَیں تمہارے اُن اُونچے مقامات کو تباہ کر دُوں گا اَور تمہارے بخُوردان کے مذبحوں کو تباہ کر دُوں گا، اَور تمہارے بے جان بُتوں پر تمہاری لاشوں کا ڈھیر لگا دُوں گا اَور تُم سے نفرت کروں گا۔ 31اَور مَیں تمہارے شہروں کو کھنڈرات میں تبدیل کر دُوں گا اَور تمہارے معبُودوں کے پاک مَقدِسوں کو برباد کر دُوں گا اَور تمہاری قُربانیوں کی فرحت بخش خُوشبو کو میں قبُول نہیں کروں گا۔ 32مَیں تمہارے مُلک کو ویران کر دُوں گا تاکہ تمہارے دُشمن جو وہاں آباد ہونے آئیں گے، اِسے دیکھ کر خوفزدہ ہو جایٔیں گے۔ 33میں تُمہیں تمام قوموں میں پراگندہ کر دُوں گا، اَور مَیں اَپنی تلوار کھینچ کر تمہارا تعاقب کروں گا اَور تمہارا مُلک ویران اَور تمہارے شہر کھنڈرات ہو جایٔیں گے۔ 34جَب تک تُم اَپنے دُشمنوں کے مُلک میں رہوگے، تَب تک یہ زمین آرام کرےگی اَور اَپنے سَبت کے سال منائے گی۔ 35جَب تک یہ زمین ویران رہے گی اُسے وہ آرام نصیب ہوگا جو اُسے اُن سَبتوں کے دَوران بھی نہ مِلا تھا جَب تُم اِس مُلک میں رہتے تھے۔
36” ’اَور تُم میں سے جو باقی بچیں گے میں اُن کے دُشمنوں کے ممالک میں اُن کے دِلوں کو اَیسا خوفزدہ کر دُوں گا کہ ہَوا سے اُڑتے ہُوئے پتّے کی آواز سُن کر بھی وہ بھاگ کھڑے ہوں گے۔ وہ اَیسے بھاگیں گے گویا کویٔی تلوار لیٔے ہویٔے اُن کا پیچھا کر رہا ہو، ہالانکہ کویٔی اُن کا پیچھا بھی نہیں کر رہا ہوگا تو بھی وہ گرتے پڑتے بھاگیں گے۔ 37اَور وہ ٹھوکر کھا کر ایک دُوسرے پر اَیسے گریں گے گویا تلوار سے بچنے کے لیٔے بھاگ رہے ہُوں، حالانکہ کویٔی بھی اُن کا پیچھا نہ کر رہا ہوگا۔ لہٰذا تُم میں اَپنے دُشمنوں کے مقابل کھڑا ہونے کی ہمّت بھی نہ ہوگی۔ 38اَور تُم غَیر قوموں کے درمیان جَلاوطنی میں فنا ہو جاؤگے اَور تمہارے دُشمنوں کی زمین تُمہیں کھا جائے گی۔ 39اَور تُم میں سے جو باقی بچے رہ جایٔیں گے، وہ اَپنے اَور اَپنے آباؤاَجداد کے گُناہوں کے باعث تمہارے دُشمنوں کے مُلک میں ہی فنا ہو جایٔیں گے۔
40” ’لیکن اگر وہ اَپنے اَور اَپنے آباؤاَجداد کے گُناہوں کا اقرار کریں گے کہ اُنہُوں نے میرے ساتھ دغا اَور عداوت کی ہے، 41جِس کے باعث میں بھی اُن کا اَیسا مُخالف ہُوا کہ مَیں نے اُنہیں اُن کے دُشمنوں کے مُلک میں بھیج دیا؛ اَور جَب اُن کے نامختون دِل حلیم ہو جایٔیں اَور وہ اَپنے گُناہوں کا کفّارہ کر لیں، 42تو میں اَپنا عہد جو مَیں نے یعقوب، اِصحاقؔ اَور اَبراہامؔ کے ساتھ باندھا تھا یاد کروں گا اَور اُس مُلک کو بھی یاد کروں گا۔ 43لیکن اُن کے نکل جانے کی وجہ سے یہ مُلک ویران ہو جایٔےگا تاکہ یہ زمین اَپنے سَبتوں کے نُقصان کو پُورا کر لے۔ اِسی دَوران وہ اَپنے گُناہوں کا کفّارہ کریں گے؛ کیونکہ اُنہُوں نے میرے آئین کو مُسترد کیا اَور میرے قوانین سے نفرت کی تھی۔ 44تاہم جَب وہ اَپنے دُشمنوں کے مُلک میں ہوں گے، تَب بھی میں اُنہیں مُسترد نہ کروں گا اَور نہ ہی اُن سے اَیسی نفرت کروں گا کہ میں اُن کے ساتھ اَپنے عہد کو توڑ کر اُن کو بالکُل فنا کر دُوں۔ میں ہی یَاہوِہ اُن کا خُدا ہُوں۔ 45لیکن مَیں اُن کی خاطِر اُن کے آباؤاَجداد کے ساتھ باندھا ہُوا عہد یاد کروں گا، جنہیں میں غَیر قوموں کی آنکھوں کے سامنے مِصر سے نکال لایاتھا تاکہ میں اُن کا خُدا ٹھہروں۔ میں ہی یَاہوِہ ہُوں۔‘ “
46یہ وہ قوانین، آئین اَور ضوابط ہیں جنہیں یَاہوِہ نے کوہِ سِینؔائی پر مَوشہ کی مَعرفت اَپنے اَور بنی اِسرائیل کے مابین مُقرّر کئے تھے۔

موجودہ انتخاب:

اَحبار 26: UCV

سرخی

شئیر

کاپی

None

کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in