YouVersion Logo
تلاش

اَحبار 25

25
سَبت کا سال
1اَور یَاہوِہ نے کوہِ سِینؔائی پر مَوشہ سے فرمایا، 2”بنی اِسرائیل کو یہ حُکم دو: ’جَب تُم اُس مُلک میں داخل ہو، جو میں تُمہیں دینے والا ہُوں، تو وہاں کی زمین بھی یَاہوِہ کے لیٔے سَبت منائے۔ 3تُم چھ سال تک اَپنے کھیتوں میں بیج بونا اَور چھ سال تک اَپنے انگوری باغ کو چھانٹنا اَور اُن کے پھل جمع کرنا۔ 4لیکن ساتویں سال زمین کے لیٔے آرام کا سَبت ہو؛ یعنی یَاہوِہ کے لیٔے سَبت۔ لہٰذا ساتویں سال تُم نہ تو اَپنے کھیتوں میں بیج بونا اَور نہ اَپنے انگوری باغ کو چھانٹنا۔ 5اَور نہ اَپنی خُودرَو فصل کو کاٹنا اَور نہ بے چھٹی تاکوں کے انگوروں کو توڑنا؛ چنانچہ یہ زمین کے لیٔے ایک خاص آرام کا سال ہوگا۔ 6اَور سَبت سال کے دَوران جو کچھ زمین سے پیدا ہوگا، وہ تُم سَب کے لیٔے خُوراک ہوگی، یعنی تمہارے لیٔے، تمہارے خادِموں اَور خادِماؤں کے لیٔے، اَور مزدُوروں اَور تمہارے درمیان رہنے والے پردیسی باشِندوں کے لیٔے، 7تمہارے مویشیوں اَور تمہارے مُلک کے جنگلی جانوروں کے لیٔے بھی ہوگا۔ اَورجو کچھ زمین میں پیدا ہو اُسے سَب کھا سکتے ہیں۔
یوویلؔ سال کا جَشن
8” ’تُم سات سَبت سالوں کی بھی گِنتی کرنا؛ یعنی سات گُنا سات سال گِن لینا، یُوں تمہارے حِساب سے برسوں کے سات سَبتوں کی کُل مُدّت اُنچاس سال ہوں گے۔ 9تَب تُم ساتویں مہینے کی دسویں تاریخ کو ہر جگہ نرسنگا پھنکوانا۔ تُم کفّارہ کے دِن اَپنے سارے مُلک میں نرسنگا پھنکوانا۔ 10تُم پچاسویں بَرس کو مُقدّس جاننا اَور مُلک بھر میں سَب باشِندوں کے لیٔے آزادی کا اعلان کرنا۔ یہ سال تمہارے لیٔے یوویلؔ سال کہلائے گا اَور اِس سال میں تُم میں سے ہر ایک اَپنی اَپنی خاندانی مِلکیّت کا پھر سے مالک ہو جایٔےگا اَور ہر شخص اَپنی اَپنی برادری والوں میں پھر سے شامل ہو جایٔے۔ 11پچاسواں بَرس تمہارے لیٔے یوویلؔ کا سال ہو؛ اِس سال تُم نہ تو کچھ بیج بونا، اَور نہ اَپنے آپ پیدا ہوئی فصل کاٹنا اَور نہ بِنا چھٹی تاکوں کے انگور جمع کرنا۔ 12کیونکہ یہ یوویلؔ کا سال ہے۔ یہ تمہارے لیٔے مُقدّس ٹھہرایا گیا ہے۔ تُم صِرف کھیتوں کی خُودرَو پیداوار پر گُزارا کرنا۔
13” ’اِس یوویلؔ کے سال میں ہر ایک اَپنی اَپنی خاندانی مِلکیّت کو پھر سے لَوٹ جایٔے۔
14” ’اگر تُم اَپنے پڑوسی کو زمین بیچو یا اُس سے خریدو تو، تُم ایک دُوسرے سے دھوکے سے کام نہ لینا۔ 15اَور جَب تُم اَپنے پڑوسی سے زمین خریدو، تو اُس کی قیمت پچھلے یوویلؔ کے بعد کے سالوں کے شُمار کے مُطابق ہونا ضروُری ہے، اَور بیچنے والا بھی اِس کی قیمت اگلے یوویلؔ کے بچے ہویٔے فصلوں کے برسوں کے شُمار کے مُطابق بیچے۔ 16اَور جَب سالوں کی تعداد زِیادہ ہو تو دام بڑھا دینا اَور جَب کم ہو تو قیمت کو گھٹا دینا کیونکہ جو وہ تُم کو بیچ رہاہے وہ اُن سالوں کی فصلوں کی تعداد ہے۔ 17لہٰذا تُم ایک دُوسرے کو دھوکا مت دینا بَلکہ اَپنے خُدا سے ڈرنا۔ مَیں یَاہوِہ تمہارا خُدا ہُوں۔
18” ’پس تُم میرے قوانین پر عَمل کرنا اَور میرے فرمان کو پُوری طرح ماَننا تو تُم اُس مُلک میں سلامتی کے ساتھ بسے رہوگے۔ 19تَب زمین اَپنی پیداوار دے گی اَور تُم پیٹ بھر کر کھاؤگے اَور وہاں سلامتی کے ساتھ بسے رہوگے۔ 20اَور اگر تمہارے ذہن میں یہ سوال اُٹھے، ”جَب ہم نہ تو بوئیں گے اَور نہ ہی اَپنی فصلیں کاٹیں گے تو پھر ہم ساتویں بَرس کیا کھایٔیں گے؟“ 21تَب میں چھٹے بَرس میں تُمہیں اِس قدر برکت دُوں گا کہ آنے والے اگلے تین سال تک تمہارے کھانے واسطے زمین کافی پیداوار دے گی۔ 22اَور آٹھویں سال کے دَوران بیج بوتے وقت تُم وُہی اناج اِستعمال کروگے بَلکہ نویں سال کی فصل جمع کرکے گھر لانے تک بھی اُسی میں سے کھاتے رہوگے۔
23” ’اَور زمین ہمیشہ کے لیٔے بیچی نہ جائے کیونکہ زمین میری ہے اَور تُم میری زمین میں محض پردیسی اَور مُسافر ہو جو اُس کی دیکھ بھال کے لیٔے مُقرّر کئے گیٔے ہیں۔ 24اَور جَب بھی تُم زمین کو کسی شخص سے خریدو، تو بعد میں اگر بیچنے والا اَپنی زمین پھر سے خریدنا چاہے تو اُسے اَپنی زمین کو چھُڑانے کا اِختیار ہے۔
25” ’اَور اگر تمہارا کویٔی ہم وطن اِسرائیلی غربت کی وجہ سے اَپنی مِلکیّت کا کچھ حِصّہ بیچ دے تو اُس کا نزدیکی رشتہ دار آکر اُس ہم وطن کا بیچا ہُوا حِصّہ چھُڑا لے۔ 26تاہم اگر اُس کا بیچا ہُوا حِصّہ چھُڑانے والا کویٔی نہ ہو اَور وہ خُود اِس قدر خُوشحال ہو جائے کہ اُس حِصّہ کو چھُڑانے کے لیٔے اُس کے پاس کافی وسائل ہُوں، 27تو وہ اُس حِصّہ کے بیچے جانے کے وقت سے اُس کی قیمت کا تعیُّن کرکے بقایا رقم خریدنے والے کو لَوٹا دے اَور یُوں وہ پھر سے اَپنی مِلکیّت کا مالک ہو سَکتا ہے۔ 28لیکن اگر اُس میں ادائیگی کا مقدور نہ ہو تو جو کچھ اُس نے بیچا وہ یوویلؔ کے سال تک خریدار کے قبضہ میں رہے گا لیکن یوویلؔ کے سال میں یہ خُود ہی چھُوٹ کر اَپنے اصلی مالک کے پاس لَوٹ جائے گا۔
29” ’اَور اگر کویٔی شخص کسی فصیلدار شہر میں اَپنے مکان کو بیچتا ہے، تو اُس کی فروخت کے بعد بھی اُسے حق حاصل ہے کہ وہ ایک سال کے پُورا ہونے سے پہلے اُسے چھُڑا سکےگا۔ 30اَور اگر پُورے ایک سال کی میعاد کے اَندر اِسے چھُڑایا نہ جایٔے تو اُس فصیلدار شہر کے مکان پر خریدار اَور اُس کی نَسل کا قبضہ ہمیشہ کے لیٔے قائِم ہو جایٔےگا۔ اَور وہ یوویلؔ والے سال میں بھی واپس نہیں کیا جائے گا۔ 31لیکن جو دیہات والے مکان بغیر فصیلوں کے ہُوں اُنہیں کھیتوں کے برابر سمجھا جائے۔ اُنہیں چھُڑایا جا سَکتا ہے اَور وہ یوویلؔ والے سال میں واپس لَوٹا دئیے جایٔیں گے۔
32” ’لیکن لیویوں کو اَپنے شہروں میں اُن مکانات کو جِن کے وہ مالک ہیں چھُڑانے کا حق ہمیشہ ہوگا۔ 33لہٰذا جو بھی مِلکیّت لیویوں کی ہے، اُنہیں چھُڑایا جا سکتا ہے اَور لیویوں کے کسی بھی شہر میں کویٔی مکان جو بیچ دیا گیا ہو اُسے یوویلؔ والے سال میں واپس لَوٹا دیا جائے گا کیونکہ بنی اِسرائیل کے درمیان وہ مکانات جو لیویوں کے شہروں میں ہیں اُن کی مِلکیّت ہیں۔ 34لیکن اُن کے شہروں کی چراگاہوں کو ہرگز نہ بیچا جائے کیونکہ وہ اُن کی دائمی مِلکیّت ہیں۔
35” ’اَور اگر تمہارا کویٔی ہم وطن اِسرائیلی مُفلس ہو جائے اَور تمہارے درمیان رہتے ہویٔے بھی تنگ دست ہو تو اُس کی مدد کرنا جَیسا کہ تُم کسی پردیسی یا مُسافر کی کرتے ہو تاکہ وہ تمہارے درمیان بسا رہے۔ 36اَور اُس سے کسی قِسم کا سُود یا فائدہ نہ لینا بَلکہ اَپنے خُدا سے ڈرنا تاکہ تمہارا ہم وطن بھایٔی تمہارے درمیان بسا رہے۔ 37تُم اُسے نہ تو اَپنا رُوپیہ سُود پر دوگے اَور نہ ہی اناج نفع کے لالچ سے دوگے۔ 38مَیں یَاہوِہ تمہارا خُدا ہُوں جو تُمہیں مِصر سے نکال کر لایا ہُوں تاکہ تُمہیں مُلکِ کنعانؔ دُوں اَور تمہارا خُدا ٹھہروں۔
39” ’اگر تمہارے درمیان تمہارا ایک اِسرائیلی ہم وطن مُفلس ہو جائے اَور خُود کو تمہارے ہاتھ میں بیچ دے تو اُس سے غُلام کی مانند خدمت نہ لینا۔ 40بَلکہ وہ تمہارے ساتھ ایک مزدُور یا مُسافر کی طرح تمہارے درمیان رہے۔ اَور وہ یوویلؔ کے سال تک تمہاری خدمت کرتا رہے۔ 41پھر سالِ یوویلؔ کے بعد اُسے اَور اُس کے بچّوں کے ساتھ آزاد کردینا تاکہ وہ اَپنی برادری کے پاس اَور اَپنے آباؤاَجداد کی مِلکیّت کی جگہ واپس چلا جائے۔ 42کیونکہ بنی اِسرائیل میرے خادِم ہیں جنہیں میں مِصر سے نکال کر لایاتھا، لہٰذا اُن کو بطور غُلام ہرگز نہ بیچا جائے۔ 43اَور تُم اُن پر سختی سے حُکمرانی نہ کرنا بَلکہ اَپنے خُدا سے ڈرتے رہنا۔
44” ’تمہارے غُلام اَور تمہاری لونڈیاں اُن قوموں میں سے ہُوں جو تمہارے چَوگرد رہتی ہیں؛ اُن ہی میں سے تُم غُلام اَور لونڈی خریدا کرنا۔ 45اِن کے سِوا تمہارے درمیان عارضی مُسافر اَور اُن کی برادریوں کے اُن افراد میں سے بھی جو تمہارے مُلک میں پیدا ہویٔے ہیں اَور تمہارے ساتھ رہتے ہیں اُن میں سے کچھ کو خرید سکتے ہو اَور وہ تمہاری مِلکیّت ہو سکتے ہیں۔ 46اَور تُم اُنہیں مِیراث کے طور پر اَپنی اَولاد کے نام کر سکتے ہو؛ اَور یُوں اُنہیں عمر بھرکے لیٔے غُلام بنا سکتے ہو لیکن تُم اَپنے اِسرائیلی ہم وطنوں پر سختی سے حُکمرانی نہ کرنا۔
47” ’اَور اگر تمہارے درمیان کویٔی پردیسی یا عارضی باشِندہ دولتمند ہو جائے اَور تمہارا کویٔی اِسرائیلی بھایٔی مُفلس اَور خُود کو اُس پردیسی یا عارضی باشِندے یا اُس پردیسی کی برادری والوں کے ہاتھ بیچ دے، 48تو بیچے جانے کے بعد بھی وہ چھُڑایا جا سَکتا ہے اَور اُس کے رشتہ داروں میں سے کویٔی اُسے چھُڑا سَکتا ہے، 49اُس کا چچا یا چچیرا بھایٔی یا اُس کے گھرانے کا کویٔی قریبی برادری والا اُسے چھُڑا سَکتا ہے یا اگر وہ خُود مالدار ہو جائے تو وہ اَپنے آپ کو چھُڑا سَکتا ہے۔ 50وہ اَپنے خریدار کے ساتھ اَپنے کو فروخت کر دینے کے سال سے لے کر سالِ یوویلؔ تک کی مُدّت کا شُمار کرے؛ اُس کی رِہائی کی قیمت اُن سالوں کے لیٔے کسی مزدُور کو اَدا کی گئی مزدُوری کی شرح کے حِساب سے طے ہو۔ 51اگر سالِ یوویلؔ تک ابھی بہت سال باقی ہُوں تو اَپنے چھُڑائے جانے کے لیٔے قیمت کا ایک بڑا حِصّہ اَدا کرنا ہوگا۔ 52اَور اگر سالِ یوویلؔ کے آنے میں تھوڑے سال ہی باقی رہ گیٔے ہُوں تو وہ اَپنے مالک کے ساتھ اِن کی گِنتی کرے اَور اُن سالوں کے مُطابق اَپنے چھُڑانے کی قیمت اُسے لَوٹا دے۔ 53اَور وہ اَپنے مالک کے ساتھ کسی مزدُور کی طرح رہے جِس کی اُجرت سال بسال ٹھہرائی جاتی ہو، اَور تُم اِس بات کا ضروُر خیال رکھنا کہ اُس کا مالک اُس پر سختی سے حُکمرانی نہ کرے۔
54” ’اَور اگر وہ اِن طریقوں میں سے کسی طریقہ سے چھُڑایا نہیں گیا، تو بھی وہ اَور اُس کے بچّے سالِ یوویلؔ میں آزاد کر دئیے جایٔیں گے۔ 55کیونکہ بنی اِسرائیل میرے خادِم ہیں۔ یہ میرے وہ خادِم ہیں جنہیں میں مِصر سے نکال کر لایا ہُوں۔ مَیں یَاہوِہ تمہارا خُدا ہُوں۔

موجودہ انتخاب:

اَحبار 25: UCV

سرخی

شئیر

کاپی

None

کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in