YouVersion Logo
تلاش

یرمیاہؔ 14

14
خشک سالی، قحط اَور تلوار
1خشک سالی کے بارے میں یَاہوِہ کا یہ کلام یرمیاہؔ پر نازل ہُوا،
2”یہُودیؔہ ماتم کر رہاہے،
اَور اُس کے شہری پھاٹکوں پر ماتمی حالت میں تھکے ماندے پڑے ہیں؛
وہ مُلک کے لیٔے ماتم کرتے ہیں،
اَور یروشلیمؔ کا کراہنا آسمان کی بُلندیوں تک پہُنچ رہاہے۔
3اُمرا اَپنے خادِموں کو پانی کی تلاش کے لیٔے بھیجتے ہیں؛
وہ حوضوں تک جاتے ہیں
لیکن وہاں پانی نہیں پاتے۔
اِس لئے خالی گھڑے لیٔے لَوٹ آتے ہیں؛
اَور شرمندہ اَور مایوس ہوکر
اَپنے سَر ڈھانک لیتے ہیں۔
4چونکہ مُلک میں بارش نہیں ہوئی ہے،
اِس لیٔے زمین میں شگاف پڑ گیٔے ہیں؛
اَور کِسان ہیبت زدہ ہیں
اَور اَپنے سَر ڈھانکتے ہیں۔
5یہاں تک کہ ہِرنی اَپنے نَوزائیدہ بچّے کو
پیدا ہوتے ہی اُسے کھیت میں چھوڑ دیتی ہے،
کیونکہ میدان میں گھاس نہیں ہے۔
6جنگلی گورخر بھی بنجر ٹیلوں پر کھڑے ہوکر
گیدڑوں کی مانند ہانپتے ہیں؛
گھاس نہ ہونے کی وجہ سے
اُن کی نظر کمزور ہو گئی ہے۔“
7اگرچہ ہمارے گُناہ ہی ہمارے خِلاف گواہی دیتے ہیں،
پھر بھی اَے یَاہوِہ، اَپنے نام کی خاطِر کچھ تو کیجئے؛
کیونکہ ہم بہت برگشتہ ہو گئے ہیں؛
اَور ہم نے آپ کے خِلاف گُناہ کیا ہے۔
8اَے بنی اِسرائیل کی اُمّید،
اَور مُصیبت کے وقت اَے مُنجّی!
آپ مُلک میں ںپردیسی کی مانند کیوں ہیں،
اَور اُس مُسافر کی مانند جو صِرف رات گُزارنے کو کہیں ڈیرا ڈالتا ہے؟
9آپ اُس حیرت زدہ اِنسان کی مانند کیوں ہو گئے،
اَور اُس سُورما کی مانند جو رِہائی دِلانے میں ناکام ہو؟
اَے یَاہوِہ، آپ ہمارے درمیان ہیں،
اَور ہم آپ کے نام سے جانے جاتے ہیں؛
اِس لیٔے ہمیں ترک نہ کریں!
10یَاہوِہ اِس قوم کے بارے میں یُوں فرماتے ہیں:
”وہ بھٹکنا زِیادہ پسند کرتے ہیں؛
اَور اَپنے قدم نہیں روکتے۔
اِس لیٔے یَاہوِہ اُنہیں قبُول نہیں کرتے؛
وہ اَب اُن کی بدکاری کو یاد کریں گے
اَور اُنہیں اُن کے گُناہوں کی سزا دیں گے۔“
11تَب یَاہوِہ نے مُجھ سے فرمایا، ”اِس قوم کی سلامتی کے لیٔے دعا نہ کر۔ 12خواہ وہ روزہ رکھیں تَو بھی، مَیں اُن کی فریاد نہ سُنوں گا۔ اگرچہ وہ سوختنی نذریں اَور اناج کی نذریں پیش کریں تَو بھی، میں اُنہیں قبُول نہیں کروں گا۔ بَلکہ میں اُنہیں تلوار، قحط اَور وَبا سے نِیست و نابود کر دُوں گا۔“
13تَب مَیں نے کہا، ”افسوس! اَے یَاہوِہ قادر، نبی اِن سے کہتے ہیں، ’تُم نہ تو تلوار دیکھوگے اَور نہ ہی قحط۔ بَلکہ میں یَاہوِہ تُمہیں اِس مقام میں دائمی اَمن بخشوں گا۔‘ “
14تَب یَاہوِہ نے مُجھ سے فرمایا، ”یہ نبی میرا نام لے کر باطِل نبُوّتیں کرتے ہیں، نہ تو مَیں نے اُنہیں بھیجا، اَور نہ ہی مَیں نے اُنہیں حُکم دیا اَور نہ ہی اُن سے کلام کیا۔ وہ تُم لوگوں سے جھُوٹی رُویا#14‏:14 جھُوٹی رُویا بیکار قیاس آرائیاں کا دعویٰ کرتے، اَپنے ہی دِل کی مکّاری سے نبُوّت کرتے، غیب دانی، بُت پرستی کی صورت میں تُم پر ظاہر کرتے ہیں۔ 15اِس لیٔے جو نبی بغیر میرے بھیجے میرا نام لے کر نبُوّت کرتے ہیں، اِس مُلک میں نہ تو تلوار چلے گی اَور نہ قحط پڑےگا، اُن کی بابت یَاہوِہ فرماتے ہیں، وُہی نبی تلوار اَور قحط سے ہی ہلاک ہوں گے۔ 16اَور جِن لوگوں کے درمیان وہ نبُوّت کرتے ہیں وہ لوگ تلوار اَور قحط سے فنا ہونے کی وجہ سے یروشلیمؔ کی گلیوں میں پھینک دئیے جایٔیں گے اَور اُنہیں یا اُن کی بیویوں، اُن کے بیٹوں اَور بیٹیوں کو دفن کرنے والا کویٔی نہ ہوگا اَور مَیں اُن پر وہ آفت نازل کروں گا جِس کے وہ مُستحق ہیں۔
17”اُن سے یُوں فرما:
” ’میری آنکھیں شب و روز،
اَور بلاناغہ آنسُو بہاتی رہیں؛
کیونکہ میری قوم کی کنواری بیٹی،
گہری چوٹ اَور ضرب شدید سے شکستہ ہے،
اُسے نہایت شدید صدمہ پہُنچا ہے۔
18اگر مَیں میدان میں جاؤں،
تو وہاں تلوار سے قتل ہُوئے لوگ نظر آتے ہیں؛
اَور اگر شہر کے اَندر جاؤں،
تو وہاں قحط زدہ لوگ نظر آتے ہیں۔
نبی اَور کاہِنؔ دونوں
اَیسے مُلک میں چلے گیٔے ہیں جسے وہ نہیں جانتے۔‘ “
19اَے یَاہوِہ، کیا آپ نے یہُودیؔہ کو بالکُل ردّ کر دیا ہے؟
کیا آپ کو صِیّونؔ سے نفرت ہے؟
آپ نے ہمیں اَیسی اِیذا کیوں پہُنچائی
تاکہ ہمیں شفا نصیب ہی نہ ہو سکے؟
ہم سلامتی کی اُمّید لگائے بیٹھے تھے
لیکن کچھ فائدہ نہ ہُوا،
شفا کی اُمّید رکھتے تھے
مگر صِرف دہشت ہی نصیب ہُوئی۔
20اَے یَاہوِہ ہم اَپنی بدکاری
اَور اَپنے آباؤاَجداد کی خطاؤں کا اقرار کرتے ہیں؛
ہم نے واقعی آپ کے خِلاف گُناہ کیا ہے۔
21اَپنے نام کی خاطِر ہمیں ردّ نہ کریں؛
اَپنے جلالی تخت کی تحقیر نہ کریں۔
اُس عہد کو یاد کریں، جو آپ نے ہم سے باندھا تھا،
اَور اُسے ردّ نہ کریں۔
22کیا مُختلف قوموں کے نکمّے معبُودوں میں کویٔی اَیسا ہے جو بارش کر سکے؟
یا افلاک خُود بخُود بارش کر سکتے ہیں؟
نہیں، اَے یَاہوِہ، ہمارے خُدا، بارش تو صِرف آپ ہی بھیجتے ہیں،
اِس لیٔے ہماری اُمّید تو صِرف آپ سے وابستہ ہے،
کیونکہ اِن ساری چیزوں کا خالق صِرف آپ ہی ہیں۔

موجودہ انتخاب:

یرمیاہؔ 14: UCV

سرخی

شئیر

کاپی

None

کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in

YouVersion آپ کے تجربے کو ذاتی بنانے کے لیے کوکیز کا استعمال کرتا ہے۔ ہماری ویب سائٹ کا استعمال کرتے ہوئے، آپ ہماری کوکیز کے استعمال کو قبول کرتے ہیں جیسا کہ ہماری رازداری کی پالیسیمیں بیان کیا گیا ہے۔