YouVersion Logo
تلاش

یرمیاہؔ 13

13
کتانی کمربند
1یَاہوِہ نے مُجھ سے یُوں فرمایا: ”جاؤ اَور کپڑے کا ایک کتانی کمربند خرید لو اَور اُسے اَپنی کمر پر باندھ لو لیکن اُسے پانی میں مت بھگونا۔“ 2چنانچہ مَیں نے یَاہوِہ کی ہدایت کے مُطابق ایک کمربند خرید لیا اَور اُسے اَپنی کمر پر باندھ لیا۔
3تَب دوبارہ یَاہوِہ کا کلام مُجھ پر نازل ہُوا: 4”جو کمربند تُم نے خریدا ہے اَور اَپنی کمر پر باندھ رکھا ہے اُسے لے کر دریائے فراتؔ کو جاؤ اَور وہاں اُسے چٹّانوں کی دراڑ میں چھُپا دینا۔“ 5چنانچہ یَاہوِہ کے حُکم کے مُطابق مَیں نے جا کر اُسے دریائے فراتؔ میں چھُپا دیا۔
6اَور بہت دِنوں کے بعد یَاہوِہ نے مُجھ سے پھر فرمایا، ”اُٹھو، اَب دریائے فراتؔ کو چلے جاؤ اَور اُس کمربند کو جسے تُم نے میرے حُکم سے وہاں چھُپا رکھا ہے، نکال کر لے آؤ۔“ 7چنانچہ میں دریائے فراتؔ کو روانہ ہُوا، اَور جِس جگہ اُس کمربند کو چھُپا رکھا تھا وہاں سے اُسے کھود نکالا۔ لیکن اَب وہ خَراب ہو چُکاتھا اَور کسی کام کا نہ رہاتھا۔
8پھر یَاہوِہ کا کلام مُجھ پر نازل ہُوا، 9”یَاہوِہ یُوں فرماتے ہیں: ’اِسی طرح سے میں یہُودیؔہ کا غُرور اَور یروشلیمؔ کے بڑے تکبُّر کو تباہ کر دُوں گا۔ 10یہ بدکار لوگ جو میرا کلام سُننے سے اِنکار کرتے ہیں اَورجو اَپنے ہی دِلوں کی ضِد پر چلتے ہیں اَور غَیر معبُودوں کی پیروی، اُن کی اِطاعت اَور عبادت کرتے ہیں، وہ ٹھیک اِسی کمربند کی مانند بالکُل ناکارہ ہو جایٔیں گے! 11کیونکہ جِس طرح کمربند اِنسان کی کمر سے لپیٹا رہتاہے اُسی طرح یَاہوِہ فرماتے ہیں کہ مَیں نے بنی اِسرائیل اَور بنی یہُوداہؔ کے سارے گھرانے کو اَپنی کمر سے باندھ لیا تھا،‘ تاکہ ’وہ میری قوم، میرا جلال، فخر اَور میرے نام کے سِتائش کا باعث ٹھہریں۔ لیکن اُنہُوں نے نہ مانا۔‘
مَے کی مَشکیں
12”اِس لئے اُن سے کلام کر، ’یَاہوِہ، بنی اِسرائیل کے خُدا کا یہ فرمان ہے: ہر ایک مَشکوں میں مَے بھری جائے۔‘ اَور اگر وہ تُم سے پوچھیں، ’کیا ہم نہیں جانتے کہ مَے کی مشک مَے ہی سے بھری جاتی ہے؟‘ 13تَب اُن سے کہنا، ’یَاہوِہ یُوں فرماتے ہیں، دیکھو، مَیں اِس مُلک کے سبھی باشِندوں کو خاص کر داویؔد کے تخت پر بیٹھنے والے بادشاہ، کاہِنوں، نبیوں اَور یروشلیمؔ کے تمام باشِندے کو اَپنی قہر کی مَے سے مدمست کر دُوں گا۔ 14تَب میں اُنہیں ایک دُوسرے سے ٹکرا دُوں گا خواہ وہ باپ اَور بیٹے ہی کیوں نہ ہوں۔ یَاہوِہ فرماتے ہیں، میں اُن پر ہمدردی اَور شفقت نہیں دِکھاؤں گا اَور نہ رحم کرکے اُنہیں تباہ ہونے سے بچاؤں گا۔‘ “
اسیری کا خطرہ
15سُنو اَور غور کرو،
مغروُر نہ بنو،
کیونکہ یَاہوِہ نے فرمایاہے۔
16یَاہوِہ اَپنے خُدا کی تمجید کرو،
اِس سے پہلے کہ وہ تاریکی لائیں،
اَور تمہارے قدم
تاریک پہاڑیوں پر ٹھوکر کھایٔیں۔
اَور جَب تُم رَوشنی کی اُمّید کرو،
تو وہ اُسے موت کے گہرے سائے میں تبدیل کرکے
اُسے سخت تاریکی بنا دیں۔
17لیکن اگر تُم نہ سُنو،
تو تمہارے غُرور کے باعث
میں خلوت میں روؤں گا؛
کیونکہ یَاہوِہ کے گلّے اسیری میں چلے جائیں گے،
اِس لیٔے میری آنکھیں زار زار روئیں گی،
اَور آنسُو بہائیں گی۔
18بادشاہ اَور اُس کی مادرِ ملِکہ سے فرما،
”اَپنے شاہی تختوں سے نیچے اُتر آؤ،
کیونکہ تمہارے سَروں پر سے تمہارے جلالی تاج،
گرا دئیے جایٔیں گے۔“
19نِیگیوؔ علاقے کے شہروں کا اَب محاصرہ کر لیا گیا ہے،
اَور اُنہیں اَب کوئی تمہارے حوالے نہیں کر سَکتا۔
تمام بنی یہُوداہؔ جَلاوطن ہو گئے،
وہ مُکمّل طور پر غُلام ہوکر اسیری میں چلےگئے۔
20اَپنی آنکھیں اُوپر اُٹھاکر،
شمالی سمت سے آنے والوں کو دیکھو۔
وہ گلّے کہاں ہیں، جنہیں تمہارے سُپرد کیا گیا تھا،
جِن بھیڑوں پر تُمہیں ناز تھا؟
21جَب یَاہوِہ تمہارے رفیقوں کو تمہارا حاکم مُقرّر کریں گے،
جنہیں تُم نے اَپنا حمایتی بنا لیا تھا،
کیا تُمہیں یہ سُن کر وَیسا درد نہیں ہوگا جَیسے
ایک زچّہ کو دردِ حَمل کے دَوران ہوتاہے؟
22اَور اگر تُم اَپنے دِل میں خیال کرو،
”یہ واقعہ میرے ساتھ کیوں ہُوا؟“
یہ تمہارے گُناہوں کی کثرت کے باعث ہُوا کہ،
تمہارا دامن چاک کر دیا گیا
اَور تمہاری عصمت لَوٹ لی گئی۔
23کیا کویٔی کُوشی یا ایتھوپی یعنی حَبشی اَپنی جِلد
اَور چیتا اَپنے بَدن کے دھبّوں کو بدل سَکتا ہے؟
اگر یہ ممکن ہے تو، تُم بھی جو بدی کے عادی ہو،
نیکی کر سکتے ہو۔
24”اِس لئے میں تُمہیں اَیسا بِکھیر دُوں گا،
جَیسے ہَوا بھُوسے کو بیابان میں اُڑا دیتی ہے۔
25یہی تمہارا حِصّہ ہے،
وہ حِصّہ جسے مَیں نے تمہارے لیٔے مخصُوص کر رکھا ہے،“ یَاہوِہ یُوں فرماتے ہیں،
”کیونکہ تُم نے مُجھے بھُلا دیا ہے،
اَور جھوٹے معبُودوں پر یقین کیا۔
26اِس لیٔے میں بھی تمہارا دامن تمہارے مُنہ تک اُٹھا دُوں گا،
تاکہ تمہاری شرم گاہ ظاہر ہو جائے۔
27تمہاری زناکاری اَور پُر شہوت ہنہناہٹ،
اَور تمہاری بے حیا جِسم فروشی!
اَور پہاڑوں پر اَور میدانوں میں
تمہارے مکرُوہ کام مَیں دیکھ چُکا ہُوں۔
اَے یروشلیمؔ، تُجھ پر ہائے،
تُو خُود کو کب تک ناپاک رکھے گی؟“

موجودہ انتخاب:

یرمیاہؔ 13: UCV

سرخی

شئیر

کاپی

None

کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in