قُضاۃ 12
12
یِفتاحؔ اَور اِفرائیمؔ
1اِفرائیمؔ کے لوگوں نے اَپنی فَوج جمع کی اَور ضِفونؔ کو جا کر یِفتاحؔ سے کہنے لگے، ”تُم ہمیں اَپنے ساتھ لیٔے بغیر بنی عمُّون سے لڑنے کیوں گئے؟ ہم تُمہیں پُورے گھر سمیت جَلا دیں گے۔“
2یِفتاحؔ نے جَواب دیا، ”میں اَور میرے لوگ بنی عمُّون کے ساتھ بڑے جھگڑے میں اُلجھے ہُوئے تھے اَور جَب مَیں نے تُمہیں بُلایا تو تُم مُجھے اُن کے ہاتھ سے چھُڑانے کے لیٔے نہیں آئے۔ 3جَب مَیں نے دیکھا کہ تُم مدد نہ کروگے تو مَیں نے اَپنی جان ہتھیلی پر رکھی اَور بنی عمُّون کے مُقابلہ کو نِکلا اَور یَاہوِہ نے مُجھے اُن پر فتح بخشی۔ اَب آج تُم مُجھ سے لڑنے کیوں آئے ہو؟“
4تَب یِفتاحؔ گِلعادؔ کے لوگوں کو جمع کرکے اِفرائیمؔ کے لوگوں سے لڑا اَور گِلعادیوں نے اُنہیں مارا کیونکہ اِفرائیمؔ کے لوگوں نے کہاتھا، ”تُم گِلعادی اِفرائیمؔ اَور منشّہ کو چھوڑکر بھاگے ہُوئے لوگ ہو۔“ 5گِلعادیوں نے یردنؔ کے گھاٹوں پر قبضہ کر لیا جو اِفرائیمؔ کی راہ پر تھا۔ اَور جَب کویٔی اِفرائیمؔ سے بھاگ آتا اَور کہتا، ”مُجھے اُس پار جانے دو،“ تو گِلعادؔ کے لوگ اُس سے پُوچھتے، ”کیا تُم اِفرائیمی ہو؟“ اَور اگر وہ کہتا، ”نہیں،“ 6تو وہ کہتے کہ ٹھیک ہے، ذرا لفظ ”شِبُّولِیتھ،“ تو بولو۔ اگر وہ صحیح تلفّظ کی بجائے، ”سِبُّولِیتھ“ کہتا تو وہ اُسے پکڑکر یردنؔ کے گھاٹ پر مار ڈالتے تھے۔ چنانچہ اُس وقت بِیالیس ہزار بنی اِفرائیمؔ کے لوگ مارے گیٔے۔
7یِفتاحؔ چھ بَرس تک اِسرائیل کا قاضی رہا۔ تَب یِفتاحؔ گِلعادی نے وفات پائی اَور گِلعادؔ ہی کے کسی شہر میں دفنایا گیا۔
اِبصانؔ، ایلون اَور عبدونؔ
8اُس کے بعد اِبصانؔ جو بیت لحمؔ کا تھا اِسرائیل کا قاضی بنا۔ 9اُس کے تیس بیٹے اَور تیس بیٹیاں تھیں۔ اُس نے اَپنے برادری کے باہر کے مَردوں سے اَپنی بیٹیاں بیاہ دیں اَور اَپنے بیٹوں کے لیٔے بھی اَپنے برادری کے باہر سے تیس جَوان عورتیں بیاہ کر لایا۔ اِبصانؔ سات سال تک اِسرائیل کا قاضی بنا رہا۔ 10تَب اِبصانؔ مَر گیا اَور بیت لحمؔ میں دفنایا گیا۔
11اُس کے بعد ایلون زبُولُونی دس بَرس تک اِسرائیل کا قاضی ہُوا۔ 12تَب ایلون مَر گیا اَور زبُولُون کے مُلک ایّالونؔ میں دفنایا گیا۔
13اُس کے بعد فِرعاتونی ہلّیل کا بیٹا عبدونؔ اِسرائیل کا قاضی ہُوا۔ 14اُس کے چالیس بیٹے اَور تیس پوتے تھے جو ستّر گدھوں پر سوار ہَوا کرتے تھے۔ وہ آٹھ سال تک اِسرائیل کا قاضی رہا۔ 15تَب ہلّیل کا بیٹا عبدونؔ مَر گیا اَور عمالیقیوں کے کوہستانی علاقہ میں اِفرائیمؔ میں فِرعاتون کے مقام پر دفنایا گیا۔
موجودہ انتخاب:
قُضاۃ 12: UCV
سرخی
شئیر
کاپی
کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in
اُردو ہم عصر ترجُمہ™، کِتاب مُقدّس
حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022، 2024 Biblica, Inc.
کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔
دُنیا بھر میں تمام حق محفوظ۔
Holy Bible, Urdu Contemporary Version™
Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc.
Used with permission.
All rights reserved worldwide.