قُضاۃ 11
11
1گِلعادی یِفتاحؔ ایک زبردست سُورما تھا۔ وہ گِلعادؔ کا بیٹا تھا اَور اُس کی ماں ایک لونڈی تھی۔ 2گِلعادؔ کی بیوی سے بھی بیٹے پیدا ہُوئے اَور جَب وہ بڑے ہو گئے تو اُنہُوں نے یِفتاحؔ کو یہ کہہ کر نکال دیا، ”تُجھے ہمارے خاندان میں کویٔی مِیراث نہ ملے گی کیونکہ تُو غَیر عورت کا بیٹا ہے۔“ 3تَب یِفتاحؔ اَپنے بھائیوں کے پاس سے بھاگ گیا اَور طوبؔ کے مُلک میں جا بسا جہاں کیٔی بدمعاش اُس کے ساتھی ہو گئے اَور اُس کے ساتھ ساتھ چلنے لگے۔
4کچھ عرصہ بعد اَیسا ہُوا کہ بنی عمُّون نے بنی اِسرائیل کے خِلاف جنگ چھیڑ دی، 5جب عمُّونی اِسرائیلیوں سے جنگ کر رہے تھے تَب گِلعادؔ کے بُزرگ یِفتاحؔ کو لانے طوبؔ کے مُلک میں گیٔے 6اَور یِفتاحؔ سے کہنے لگے کہ، ”چل کر ہمارا سردار بَن جاؤ، تاکہ ہم بنی عمُّون سے لڑ سکیں۔“
7یِفتاحؔ نے گِلعادؔ کے سرداروں کو جَواب دیا، ”تُم نے تو مُجھ سے دُشمنی کرکے مُجھے اَپنے باپ کے گھر سے نکال دیا تھا اَب مُصیبت آ پڑی، کیوں میرے پیچھے پڑے ہو؟“
8گِلعادؔ کے بُزرگوں نے یِفتاحؔ سے کہا، ”خیر اَب تو ہم تُجھ سے مدد کے طلب گار ہیں۔ ہمارے ساتھ چلو تاکہ ہم بنی عمُّون سے جنگ کر سکیں اَور تُم ہی ہمارے اَور گِلعادؔ کے سارے باشِندوں کا حاکم ہوگا۔“
9یِفتاحؔ نے گِلعادؔ کے بُزرگوں کو جَواب دیا، ”فرض کرو کہ تُم مُجھے بنی عمُّون سے لڑنے کے لیٔے لے چلتےہو اَور یَاہوِہ اُنہیں میرے حوالہ کر دیتے ہیں تو کیا واقعی میں تمہارا حاکم ہُوں گا؟“
10گِلعادؔ کے بُزرگوں نے یِفتاحؔ کو جَواب دیا، ”یَاہوِہ ہمارا گواہ ہے؛ ہم یقیناً وُہی کریں گے جو تُم کہتاہے۔“ 11لہٰذا یِفتاحؔ گِلعادؔ کے بُزرگوں کے ساتھ گیا اَور لوگوں نے اُسے اَپنا حاکم اَور سردار بنایا اَور اُس نے مِصفاہؔ میں یَاہوِہ کے سامنے اَپنے عہدوپیمان دہرائے۔
12تَب یِفتاحؔ نے بنی عمُّون کے بادشاہ کے پاس قاصِد بھیج کر یہ سوال کیا کہ تُمہیں ہم سے کیا دُشمنی ہے: ”تُم نے ہمارے مُلک پر حملہ کیا ہے؟“
13بنی عمُّون کے بادشاہ نے یِفتاحؔ کے قاصِدوں کو جَواب دیا، ”جَب بنی اِسرائیل مِصر سے نکل آئےتھے تو اُنہُوں نے ارنُونؔ سے یبّوقؔ اَور یردنؔ تک میرا سارا مُلک لے لیا تھا۔ اَب اُسے صُلح اَور سلامتی کے ساتھ لَوٹا دیں۔“
14یِفتاحؔ نے عمُّون کے بادشاہ کے پاس پھر قاصِد بھیجے، 15اَور کہلا بھیجا:
”یِفتاحؔ یُوں کہتاہے کہ بنی اِسرائیل نے نہ تو مُوآب کا مُلک اَور نہ بنی عمُّون کا مُلک چھینا۔ 16لیکن جَب بنی اِسرائیل اِس مِصر سے نکل آئے تو وہ بیابان میں سے ہوتے ہُوئے بحرِقُلزمؔ تک آئے اَور قادِسؔ میں پہُنچے۔ 17تَب اِسرائیلیوں نے اِدُوم کے بادشاہ کے پاس قاصِد روانہ کئے اَور یہ کہلا بھیجا، ’ہمیں اَپنے مُلک میں سے ہوکر جانے کی اِجازت دے۔‘ لیکن اِدُوم کے بادشاہ نے اُن کی نہ مانی۔ اُنہُوں نے مُوآب کے بادشاہ کے پاس بھی یہی پیغام بھیجا اَور اُس نے بھی اِنکار کیا۔ اِس لیٔے اِسرائیلی قادِسؔ میں رہ گیٔے۔
18”اُس کے بعد وہ بیابان میں سے ہوتے ہُوئے اِدُوم اَور مُوآب کے مُلکوں کے باہر ہی سے چکّر کاٹ کر مُوآب کے مُلک کے مشرق کی طرف سے گزرتے ہُوئے ارنُونؔ کے اُس پار چھاؤنی میں رہے۔ وہ مُوآب کی سرزمین میں داخل نہ ہُوئے کیونکہ ارنُونؔ اُس کی سرحد ہے۔
19”پھر اِسرائیلیوں نے امُوریوں کے بادشاہ سیحونؔ کے پاس جو حِشبونؔ میں حُکمران تھا قاصِد روانہ کئے اَور اُس سے کہا، ’ہمیں اَپنے مُلک میں سے ہوتے ہُوئے اَپنی جگہ چلے جانے دے۔‘ 20لیکن سیحونؔ نے اِسرائیلیوں کااِتنا اِعتبار نہ کیا کہ اُنہیں اَپنے مُلک میں سے ہوکر جانے دیتا بَلکہ اُس نے اَپنے سَب لوگوں کو جمع کیا اَور یہصہؔ کے مقام پر کی چھاؤنی لگائی۔ اَور اِسرائیلیوں سے جنگ چھیڑ دی۔
21”تَب یَاہوِہ اِسرائیل کے خُدا نے سیحونؔ اَور اُس کے سَب لوگوں کو اِسرائیلیوں کے ہاتھوں میں کر دیا اَور اُنہُوں نے اُنہیں شِکست دے کر اُس مُلک میں رہنے والے امُوریوں کی ساری سرزمین پر قبضہ کر لیا 22جو ارنُونؔ سے یبّوقؔ اَور بیابان سے یردنؔ کی امُوری سرحدوں تک قابض ہو گئے۔
23”اَب جَب کہ یَاہوِہ اِسرائیل کے خُدا نے امُوریوں کو اَپنی قوم اِسرائیل کے سامنے سے نکال دیا ہے تو تُمہیں کیا حق ہے جو اُس پر قبضہ کریں؟ 24اگر تمہارا معبُود کموشؔ تُمہیں کچھ دے تو کیا تُم اُسے نہ لوگے؟ اِسی طرح جو کُچھ یَاہوِہ ہمارے خُدا ہمیں دیں تو کیا ہم اُن پر قابض نہ ہوں؟ 25کیا تُم مُوآب کے بادشاہ بلقؔ بِن صِفُورؔ سے بہتر ہے؟ کیا اُس نے اِسرائیلیوں سے کبھی جھگڑا کیا یا اُن سے لڑا؟ 26جَب اِسرائیلی تین سَو سال سے حِشبونؔ، عروعؔر، گِردونواح کے قصبوں اَور ارنُونؔ کے کنارے کے سَب شہروں پر قابض تھے تو اِتنے عرصہ تک تُم نے اُنہیں آزاد کیوں نہیں کروایا؟ 27مَیں نے تو تمہارا کُچھ نہیں بگاڑا بَلکہ تُم ہی مُجھ سے جنگ چھیڑ کر مُجھ پر ظُلم کر رہاہے۔ اَب تو یَاہوِہ ہی جو عادل ہے آج کے دِن بنی اِسرائیل اَور بنی عمُّون کے درمیان اِس تنازعہ کا فیصلہ کریں گے۔“
28لیکن عمُّون کے بادشاہ نے یِفتاحؔ کے بھیجے ہُوئے پیغام پر کویٔی دھیان نہ دیا۔
29تَب یَاہوِہ کا رُوح یِفتاحؔ پر نازل ہُوا اَور وہ گِلعادؔ اَور منشّہ سے گزر کر گِلعادؔ کے مِصفاہؔ سے ہوتا ہُوا بنی عمُّون کی طرف بڑھا۔ 30اَور یِفتاحؔ نے یَاہوِہ کی مَنّت مانی اَور کہا: ”اگر آپ بنی عمُّون کو میرے ہاتھ میں کر دیں 31تو جَب مَیں بنی عمُّون پر فتحیاب ہوکر لَوٹوں تو اُس وقت جو کویٔی میرے گھر کے دروازہ سے نکل کر میرے اِستِقبال کو آئے وہ یَاہوِہ کا ہوگا اَور مَیں اُسے سوختنی نذر کے طور پر پیش کروں گا۔“
32تَب یِفتاحؔ بنی عمُّون سے جنگ کرنے نِکلا اَور یَاہوِہ نے اُنہیں اُس کے ہاتھ میں کر دیا۔ 33وہ اُنہیں عروعؔر سے مِنّیتؔ تک کے بیس شہروں بَلکہ ابیل کرامِیمؔ تک تباہ کرتا چلا گیا۔ اِس طرح بنی اِسرائیل بنی عمُّون پر غالب آئے۔
34جَب یِفتاحؔ مِصفاہؔ میں اَپنے گھر آیا تو اُس کی اَپنی بیٹی اُس کے اِستِقبال کو نکلی۔ وہ دفوں کی دھُن پر رقص کرتی ہُوئی آئی! وہ اُس کی اِکلوتی بیٹی تھی اَور اُس کے علاوہ نہ تو اُس کے کویٔی بیٹا تھا نہ بیٹی۔ 35جَب اُس نے اُسے دیکھا تو اَپنے کپڑے پھاڑ ڈالے اَور رو دیا اَور کہنے لگا، ”اَے میری بیٹی! تُم ہی میرے درد و غم کا باعث بَن گئی کیونکہ مَیں نے یَاہوِہ سے ایک قَسم کھائی ہے جسے میں توڑ نہیں سَکتا۔“
36اُس نے کہا، ”اَے میرے باپ! اگر تُم نے یَاہوِہ کی مَنّت مانی تھی تو جو کچھ تمہارے مُنہ سے نِکلا اُسے عَمل میں لاؤ، کیونکہ یَاہوِہ نے تمہارے دُشمنوں بنی عمُّون سے تمہارا اِنتقام لے لیا ہے۔“ 37لیکن میری ایک اِلتجا سُن! اُس نے کہا، ”مُجھے دو ماہ کی مہلت دیں تاکہ میں پہاڑوں پر گھُومتی پھروں اَور اَپنی سہیلیوں کے ساتھ اَپنے کنوارےپن پر روؤں۔“
38اُس نے کہا، تُو جا سکتی ہے۔ تَب اُس نے اُسے دو ماہ کے لیٔے رخصت دی اَور وہ اَپنی سہیلیوں کے ساتھ پہاڑوں پر گئی اَور اَپنے کنوارےپن پر روتی رہی۔ 39دو ماہ بعد وہ اَپنے باپ کے پاس واپس لَوٹ آئی اَور اُس نے جو مَنّت مانی تھی اُسے پُورا کیا۔ وہ دُنیا سے کنواری ہی رخصت ہُوئی۔
تَب سے بنی اِسرائیل میں روایت چلی آ رہی ہے 40کہ ہر سال اِسرائیلیوں کی دوشیزائیں چار دِن کے لیٔے باہر چلی جاتی ہیں اَور یِفتاحؔ گِلعادی کی بیٹی کی یاد میں نوحہ کرتی ہیں۔
موجودہ انتخاب:
قُضاۃ 11: UCV
سرخی
شئیر
کاپی
کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in
اُردو ہم عصر ترجُمہ™، کِتاب مُقدّس
حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022، 2024 Biblica, Inc.
کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔
دُنیا بھر میں تمام حق محفوظ۔
Holy Bible, Urdu Contemporary Version™
Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc.
Used with permission.
All rights reserved worldwide.