حزقی ایل 1
1
حزقی ایل کی پہلی رُویا
1تیسویں بَرس کے چوتھے مہینے کے پانچویں دِن میں اسیروں کے درمیان کِبارؔ نہر کے کنارے پر تھا، کہ آسمان کھُل گیا اَور مَیں نے خُدا کی رُویتیں دیکھیں۔
2اُس ماہ کے پانچویں دِن۔ جو یہُویاکینؔ بادشاہ کی جَلاوطنی کا پانچواں سال تھا۔ 3یَاہوِہ کا کلام بوزی کے بیٹے حزقی ایل کاہِنؔ پر کَسدیوں کے مُلک میں کِبارؔ نہر کے کنارے پر نازل ہُوا۔ وہاں یَاہوِہ کا ہاتھ اُس پر تھا۔
4جَب مَیں نے نظر کی تو شمال کی طرف سے زبردست آندھی آتی ہُوئی دِکھائی دی۔ وہ ایک بہت بڑی گھٹا تھی جِس کے ساتھ بجلی چمک رہی تھی اَور اُس کے چاروں طرف تیز رَوشنی تھی۔ اُس آگ کا مرکز چمکتی ہُوئی دھات کا سا نظر آ رہاتھا، 5اَور اُس آگ میں چار جاندار شکلیں نظر آ رہی تھیں جو اِنسان کی صورت سے مُشابہ تھیں، 6لیکن اُن میں سے ہر ایک کے چار چار چہرے اَور چار چار پر تھے۔ 7اُن کی ٹانگیں سیدھی تھیں اَور پاؤں بچھڑے کے کھُروں کی مانند تھے جو منجھے ہُوئے کانسے کی مانند چمکتے تھے۔ 8اُن کے چاروں بازوؤں میں پروں کے نیچے اِنسان کی طرح ہاتھ تھے۔ اُن چاروں کے چہرے اَور پر تھے، 9اَور اُن کے پر ایک دُوسرے کو چھُوتے تھے۔ ہر ایک سیدھا آگے بڑھتا تھا؛ کیونکہ جَب وہ حرکت کرتے تھے تو اِدھر اُدھر مُڑتے نہ تھے۔
10اُن کے چہرے اُس طرح نظر آتے تھے: کہ چاروں کا ایک ایک چہرہ اِنسان کا، ایک ایک چہرہ شیرببر کا داہنی طرف اَور ایک ایک چہرہ سانڈ کا بائیں طرف اَور ایک ایک چہرہ عُقاب کا سا تھا۔ 11اُن کے چہرے تو اَیسے تھے لیکن اُن کے پر اُوپر کی طرف پھیلے ہُوئے تھے۔ ہر جاندار کے دو دو پر تھے جو اَپنے اَپنے بازو کے دُوسرے جاندار کے پروں کو چھُوتے تھے اَور دو دو پر ہر ایک کے جِسم کو ڈھانکے ہُوئے تھے۔ 12ہر جاندار سیدھا آگے بڑھتا تھا۔ جدھر اُن کی رُوح جانا چاہتی تھی اُدھر وہ جاتے تھے لیکن چلتے وقت کسی بھی طرف مُڑتے نہ تھے۔ 13اُن جانداروں کی صورت آگ کے جلتے ہُوئے اَنگاروں یا مشعلوں کی مانند تھی۔ اُن جانداروں کے درمیان آگ آگے اَور پیچھے چلتی پھرتی تھی جو نہایت رَوشن تھی اَور اُس میں سے بجلی نکلتی تھی۔ 14وہ جاندار اِس قدر تیزی سے آگے پیچھے دَوڑتے تھے جَیسے بجلی کوندتی ہو۔
15جَیسے ہی مَیں نے اُن جانداروں پر نظر کی مَیں نے اُن چار چہروں والے ہر جاندار کے پاس زمین پر ایک پہیّا دیکھا۔ 16اُن پہیّوں کی شکل و صورت اَیسی تھی: وہ پکھراج کی طرح چمکدار تھے اَور چاروں پہیّے ایک ہی طرح کے تھے۔ ہر ایک پہیّا کی بناوٹ اَیسی لگتی تھی گویا ایک پہیّا دُوسرے کو کاٹتا ہو۔ 17جَب وہ حرکت کرتے تو اُن چاروں سمتوں میں سے جدھر اُن جانداروں کا رُخ ہوتا تھا کسی ایک جانِب چل پڑتے تھے۔ جَب وہ جاندار چل پڑتے تَب پہیّے مُڑتے نہ تھے۔ 18اُن کے حلقے بہت اُونچے اَور ہیبت ناک تھے اَور اُن چاروں حلقوں کے ہر طرف آنکھیں ہی آنکھیں لگی ہُوئی تھیں۔
19جَب وہ جاندار چلتے تھے، تو اُن کے بازو کے پہیّے بھی اُن کے ساتھ حرکت کرتے تھے اَور جَب وہ جاندار زمین سے اُوپر اُٹھتے تھے تو اُن کے ساتھ پہیّے بھی اُٹھتے تھے۔ 20جہاں جہاں اُن کی رُوح جانا چاہتی تھی وہاں وہ جاتے تھے اَور پہیّے اُن کے ساتھ اُٹھتے تھے کیونکہ جانداروں کی رُوح پہیّوں میں تھی۔ 21جَب جاندار چلتے تھے، تَب پہیّے بھی چلتے تھے اَور جَب جاندار رُک جاتے تھے تَب پہیّے بھی رُک جاتے تھے۔ جَب جاندار زمین پر سے اُٹھتے تھے تَب پہیّے بھی اُٹھ جاتے تھے کیونکہ اُن کی رُوح پہیّوں میں تھی۔
22جانداروں کے سَروں پر فضا برف کی مانند شفّاف تھی لیکن مُہیب نظر آتی تھی۔ 23اِس فضا کے نیچے اُن کے پر ایک دُوسرے کی طرف پھیلے ہُوئے تھے اَور ہر ایک کے دو پر اُن کے جِسم کو ڈھانکے ہُوئے تھے 24جَب وہ جاندار چلنے لگے تو مَیں نے اُن کے پروں کی پھڑپھڑاہٹ سُنی جو زور سے بہتے ہُوئے پانی کے شور کی مانند قادرمُطلق کی آواز کی مانند یا کسی لشکر کی ہلچل کی مانند لگتی تھی۔ جَب وہ روکتے تھے تو اَپنے پر لٹکا لیتے تھے۔
25جَب وہ پر لٹکایٔے ہُوئے روکتے تھے تَب اُن کے سَر کے اُوپر کی فضا میں سے صدا آ رہی تھی۔ 26اِس فضا کے اُوپر جو اُن کے سَروں کے اُوپر تھی نیلم کا بنا ہُوا تخت نظر آ رہاتھا جِس کے اُوپر اِنسان کی شکل کی کویٔی ہستی تھی۔ 27مَیں نے دیکھا کہ وہ اَپنی کمر سے اُوپر تک چمکدار دھات کا بنا ہُوا تھا جَیسے آگ کا شُعلہ ہو اَور اُس کی کمر کے نیچے تک وہ آگ کی مانند نظر آتا تھا۔ اَور ہر طرف تیز رَوشنی اُسے گھیرے ہُوئے تھی۔ 28اُن کے اطراف کی جگمگاہٹ بارش کے دِن میں بادل میں نظر آنے والے قوسِ قُزح کی مانند تھی۔
یہ منظر یَاہوِہ کے جلال کی مانند تھا، جَب مَیں نے اُسے دیکھا مُنہ کے بَل گِر پڑا اَور مَیں نے ایک آواز سُنی جَیسے کویٔی بول رہا ہو۔
موجودہ انتخاب:
حزقی ایل 1: UCV
سرخی
شئیر
کاپی
![None](/_next/image?url=https%3A%2F%2Fimageproxy.youversionapi.com%2F58%2Fhttps%3A%2F%2Fweb-assets.youversion.com%2Fapp-icons%2Fur.png&w=128&q=75)
کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in
اُردو ہم عصر ترجُمہ™، کِتاب مُقدّس
حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022، 2024 Biblica, Inc.
کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔
دُنیا بھر میں تمام حق محفوظ۔
Holy Bible, Urdu Contemporary Version™
Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc.
Used with permission.
All rights reserved worldwide.