جَب مَیں نے نظر کی تو شمال کی طرف سے زبردست آندھی آتی ہُوئی دِکھائی دی۔ وہ ایک بہت بڑی گھٹا تھی جِس کے ساتھ بجلی چمک رہی تھی اَور اُس کے چاروں طرف تیز رَوشنی تھی۔ اُس آگ کا مرکز چمکتی ہُوئی دھات کا سا نظر آ رہاتھا، اَور اُس آگ میں چار جاندار شکلیں نظر آ رہی تھیں جو اِنسان کی صورت سے مُشابہ تھیں، لیکن اُن میں سے ہر ایک کے چار چار چہرے اَور چار چار پر تھے۔ اُن کی ٹانگیں سیدھی تھیں اَور پاؤں بچھڑے کے کھُروں کی مانند تھے جو منجھے ہُوئے کانسے کی مانند چمکتے تھے۔ اُن کے چاروں بازوؤں میں پروں کے نیچے اِنسان کی طرح ہاتھ تھے۔ اُن چاروں کے چہرے اَور پر تھے، اَور اُن کے پر ایک دُوسرے کو چھُوتے تھے۔ ہر ایک سیدھا آگے بڑھتا تھا؛ کیونکہ جَب وہ حرکت کرتے تھے تو اِدھر اُدھر مُڑتے نہ تھے۔