اِستِثنا 18
18
کاہِنوں اَور لیویوں کے لیٔے ہدیہ
1لیوی کاہِنوں کا یعنی سارے لیوی قبیلہ کا اِسرائیل کے ساتھ کویٔی حِصّہ یا مِیراث نہیں دیا گیا ہے۔ وہ یَاہوِہ کے حُضُور میں پیش کی جانے والی آتِشی قُربانیوں پر گزارا کریں گے کیونکہ وُہی اُن کی مِیراث ہے۔ 2اُن کی اَپنے اِسرائیلی بھائیوں کے درمیان کویٔی مِیراث نہ ہوگی؛ یَاہوِہ ہی اُن کی مِیراث ہیں جَیسا کہ یَاہوِہ نے اُن سے وعدہ کیا ہے۔
3جَب لوگ بَیل یا بھیڑ کی قُربانی کرتے ہیں تو لوگ اُس قُربانی میں سے کاہِنوں کو یہ حِصّہ مُہیّا کریں جِس کے وہ حقدار ہیں یعنی کندھا، سَر اَور اَندرونی اَعضا۔ 4تُم کاہِنوں کو اَپنے اناج کا پہلا پھل، نئے انگوری شِیرے اَور زَیتُون کا تیل، اَور اَپنی بھیڑوں کی وہ اُون دینا جو پہلی بار کتری گئی ہو، 5کیونکہ یَاہوِہ تمہارے خُدا نے اُنہیں اَور اُن کی اَولاد کو تمہارے سَب قبیلوں میں سے مُنتخب کیا ہے تاکہ وہ ہمیشہ یَاہوِہ کے نام سے خدمت کے لیٔے حاضِر رہیں۔
6اگر کویٔی لیوی اِسرائیل کے کسی بھی شہر سے اَپنی مرضی سے اَپنا گھر چھوڑکر اُس مقام پر پُوری چاہت سے چلا آئے جسے یَاہوِہ نے مُنتخب کیا ہے، 7تو وہ بھی یَاہوِہ اَپنے خُدا کے نام سے اَپنے سَب لیوی بھائیوں کی مانند خدمت کر سکتا ہے، جو وہاں یَاہوِہ کے حُضُور خدمت کرتے ہیں۔ 8اُسے باقی سَب کاہِنوں کے برابر کا حِصّہ ملے خواہ اُسے اَپنے خاندانی مِیراث بیچنے سے رقم ہی کیوں نہ مِلا ہو۔
جادُوگری کا عَمل
9جَب تُم اُس مُلک میں داخل ہو جاؤ جو یَاہوِہ تمہارے خُدا تُمہیں دے رہے ہیں تو وہاں کی قوموں کی طرح مکرُوہ رواجوں کی نقل کرنا مت سیکھنا۔ 10تُم میں ہرگز اَیسا کویٔی شخص نہ پایا جائے جو اَپنے بیٹے یا بیٹی کی آتِشی قُربانی کرے، جو فال کھولے، جادُو ٹونا کرے، اَور مُستقبِل بتائے، 11یا منتر پڑھنے والا ہو یا اَرواح پرست ہو یا جو مُردوں سے مشورہ کرتا ہو۔ 12جو شخص اَیسے کام کرتا ہے وہ یَاہوِہ کے حُضُور مکرُوہ کام ہیں؛ اِن ہی مکرُوہ کاموں کی وجہ سے یَاہوِہ تمہارے خُدا اُن قوموں کو تمہارے سامنے سے کھدیڑ دیں گے۔ 13تُم یَاہوِہ اَپنے خُدا کے حُضُور بے عیب رہنا۔
نبیوں کا سردار
14جِن قوموں کو تُم بے دخل کرکے اُن کے مُلک پر قبضہ کروگے وہ جادُوگروں اَور فالگیروں کی باتیں سُنتی رہی ہیں۔ لیکن تُمہیں یَاہوِہ تمہارے خُدا نے اَیسی حرکت کرنے سے منع کیا ہے۔ 15یَاہوِہ تمہارے خُدا تمہارے لیٔے تمہارے درمیان سے، تمہارے اِسرائیلی بھائیوں میں سے میری مانِند ایک نبی بھیجیں گے۔ اَور تُم اُس کی ہر بات ضروُر ماننا۔ 16کیونکہ یہی درخواست تُم نے یَاہوِہ اَپنے خُدا سے کوہِ حورِبؔ پر مُقدّس اِجتماع کے دِن کی تھی۔ تُم نے کہاتھا، ”ہمیں نہ تو یَاہوِہ ہمارے خُدا کی آواز دوبارہ سننی پڑے اَور نہ پھر کبھی اَیسی خوفناک آگ دیکھنی پڑے، ورنہ ہم ہلاک ہو جایٔیں گے۔“
17اَور یَاہوِہ نے مُجھ سے فرمایا: ”وہ جو کچھ کہتے ہیں ٹھیک ہی کہتے ہیں۔ 18میں اُن کے لیٔے اُن ہی کے اِسرائیلی بھائیوں میں سے تمہاری مانند ایک نبی بھیجوں گا اَور مَیں اَپنا کلام اُس کے مُنہ میں ڈالوں گا۔ اَورجو کُچھ میں اُسے حُکم دُوں گا وُہی سَب کچھ اُن سے بَیان کرےگا۔ 19جو کویٔی میری بات جسے وہ میرے نام سے کہے گا، نہ سُنے گا؛ تو میں خُود اُن سے حِساب لُوں گا۔ 20لیکن اگر کویٔی نبی جھُوٹے دعویٰ کرکے میرے نام سے اَیسا کلام کرتا ہے جِس کا مَیں نے اُسے حُکم نہیں دیا تھا، یا کویٔی نبی غَیر معبُودوں کے نام سے کلام کرے، تو وہ ضروُر جان سے ماراجائے۔“
21تُم شاید اَپنے دِل میں یہ خیال لا سکتے ہو، ”ہمیں یہ مَعلُوم کیسے ہوگا کہ یہ پیغام یَاہوِہ کی طرف سے بھیجا گیا ہے کہ نہیں؟“ 22جَب کویٔی نبی یَاہوِہ کے نام سے کلام کرے اَور وہ کلام واقعی پُورا نہ ہو یا سچ ثابت نہ ہو، تو جان لینا کہ وہ پیغام یَاہوِہ کی طرف سے نہیں تھا۔ اُس نبی نے وہ کلام گستاخی سے کیا تھا۔ تُم اُس نبی سے بالکُل خوف نہ کھانا۔
موجودہ انتخاب:
اِستِثنا 18: UCV
سرخی
شئیر
کاپی
![None](/_next/image?url=https%3A%2F%2Fimageproxy.youversionapi.com%2F58%2Fhttps%3A%2F%2Fweb-assets.youversion.com%2Fapp-icons%2Fur.png&w=128&q=75)
کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in
اُردو ہم عصر ترجُمہ™، کِتاب مُقدّس
حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022، 2024 Biblica, Inc.
کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔
دُنیا بھر میں تمام حق محفوظ۔
Holy Bible, Urdu Contemporary Version™
Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc.
Used with permission.
All rights reserved worldwide.