اِستِثنا 17

17
1تُم یَاہوِہ اَپنے خُدا کے واسطے کویٔی اَیسا بَیل یا بھیڑ قُربان نہ کرنا جِس میں کویٔی نُقص یا عیب ہو کیونکہ یہ یَاہوِہ تمہارے خُدا کے حُضُور مکرُوہ ہے۔
2اگر یَاہوِہ تمہارے خُدا کے ذریعے تُمہیں مُہیّا کیٔے گیٔے شہروں میں تمہارے درمیان کویٔی اَیسا مَرد یا عورت ہو، جِس نے یَاہوِہ تمہارے خُدا کا عہد توڑ کر کویٔی اَیسا کام کیا ہے جو اُن کی نظر میں بُرا ہے، 3اَور میرے حُکم کے خِلاف غَیر معبُودوں، آفتاب یا چاند یا آسمان کے سِتاروں کے آگے جھُک کر سَجدہ اَور اُن کی عبادت کی ہے، 4اَور یہ بات تُمہیں بتایٔی جایٔے اَور تمہارے سُننے میں آئے تو تُم اِس کی پُوری باریکی سے تحقیقات کرنا اَور اگر یہ سچ ثابت ہو جائے کہ اِسرائیل میں اَیسا مکرُوہ فعل سرزد ہُواہے، 5تو جِس مَرد یا عورت نے یہ مکرُوہ کام کیا ہو اُسے شہر کے پھاٹک پر لے جانا اَور سنگسار کرکے ہلاک کردینا۔ 6دو یا تین گواہوں کی شہادت پر ہی کویٔی شخص جان سے ماراجائے۔ صرف ایک ہی آدمی کی گواہی سے کویٔی شخص جان سے نہ ماراجائے۔ 7اُسے قتل کرتے وقت سَب سے پہلے گواہوں کے ہاتھ اُس پر اُٹھیں اَور اُس کے بعد ہی باقی لوگوں کے ہاتھ اُٹھیں۔ تُمہیں اَپنے درمیان سے اَیسی بدکاری کو ختم کرنا ضروُری ہے۔
عدالتیں
8اگر تمہاری عدالتوں میں اَیسے مُعاملے پیش آئیں جِن کا اِنصاف کرنا تمہارے لیٔے مُشکل ہو خواہ وہ فَوجداری، دیوانی یا مُختلف قِسم کے مُقدّمہ ہُوں، اُنہیں اُس جگہ لے جانا جسے یَاہوِہ تمہارے خُدا مُنتخب کریں گے۔ 9وہاں تُم لیوی کاہِنوں اَور اُن دِنوں کے قاضی کے پاس جانا جو اُس دَوران اَپنے دفتر میں کام کرتے ہوں گے۔ اُن سے دریافت کرنا اَور وہ تُمہیں فیصلہ سُنائیں گے۔ 10یَاہوِہ کے مُنتخب کیٔے ہویٔے مقام پر وہ جو فیصلہ تُمہیں سُنائیں، اُسی فیصلہ کو عَمل میں لانا۔ وہ جو کچھ کرنے کی تُمہیں ہدایت دیں، تُم بڑے احتیاط کے ساتھ اُس پر عَمل کرنا۔ 11شَریعت کی جو بھی تعلیم وہ تُمہیں دیں اَورجو فیصلے وہ تُمہیں سُنائیں اُن ہی کے مُطابق عَمل کرنا۔ وہ جو کچھ تُمہیں بتائیں اُس سے ہرگز نہ تو داہنے اَور نہ بائیں مُڑنا۔ 12اَورجو شخص قاضی کی یا اُس کاہِنؔ کی جو وہاں یَاہوِہ تمہارے خُدا کی خدمت میں مشغُول رہتے ہیں توہین کرے اَور اُن کے فیصلہ کو نہ مانے۔ تو وہ ضروُر جان سے مار ڈالا جائے۔ اَور تُم اِسرائیل سے اَیسی بدکاری کو ضروُر ختم کردینا۔ 13تَب سَب لوگ سُن کر ڈر جایٔیں گے اَور پھر توہین نہ کریں گے۔
بادشاہ کی بابت ہدایات
14جَب تُم اُس مُلک میں جسے یَاہوِہ تمہارے خُدا تُمہیں دے رہیں ہیں، داخل ہو جاؤ اَور اُس میں قابض ہوکر بس جاؤ، اَور پھر یہ کہنے لگو، ”آؤ ہم اَپنے اِردگرد کی قوموں کی طرح اَپنے واسطے کسی کو بادشاہ بنایٔیں،“ 15تو جسے یَاہوِہ تمہارے خُدا مُنتخب کریں صرف اُسی کو اَپنا بادشاہ مُقرّر کرنا۔ وہ تمہارے اَپنے اِسرائیلی بھائیوں میں سے ہی ہو۔ کسی پردیسی کو جو تمہارا اِسرائیلی بھایٔی نہیں ہے، اُسے اَپنے اُوپر بادشاہ مُقرّر نہ کرنا۔ 16اِس کے علاوہ، بادشاہ تعداد میں زِیادہ گھوڑے نہ رکھّے یا لوگوں کو مِصر میں گھوڑے خریدنے بھیجے کیونکہ یَاہوِہ نے تُم سے فرمایاہے، ”تُم مِصر میں کبھی واپس نہ جانا۔“ 17بادشاہ اَپنے واسطے بہت سِی بیویاں بھی نہ رکھّے ورنہ اُس کا دِل بہک جائے گا۔ وہ زِیادہ مقدار میں چاندی اَور سونا بھی جمع نہ کرے۔
18اَور جَب وہ تختِ شاہی پر بیٹھے، تَب وہ اَپنے ہاتھوں سے اَپنے لیٔے اِس آئین کی ایک نقل ایک طُومار پر لکھے، جو لیوی کاہِنوں کے پاس مَوجُود ہے۔ 19اُس طُومار کو بادشاہ اَپنے پاس رکھّے اَور اَپنی ساری عمر اُسے پڑھا کرے تاکہ وہ یَاہوِہ اَپنے خُدا کا خوف اَور اُس آئین اَور فرمانوں کی سَب باتوں کو بڑے احتیاط سے ماننا سیکھ سکے، 20اَور بادشاہ اَپنے آپ کو اَپنے اِسرائیلی بھائیوں سے بہتر نہ سمجھے اَور نہ آئین سے داہنے یا بائیں مُڑے۔ تَب وہ اَور اُس کی اَولاد بنی اِسرائیل پر کافی عرصہ تک سلطنت کرتے رہیں گے۔

موجودہ انتخاب:

اِستِثنا 17: UCV

سرخی

شئیر

کاپی

None

کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in