اِستِثنا 16
16
عیدِفسح
1ابیبؔ مہینے کو یاد رکھنا اَور یَاہوِہ اَپنے خُدا کا فسح منانا کیونکہ ابیبؔ کے مہینے میں ہی وہ رات کے وقت تُمہیں مِصر سے نکال لایٔے تھے۔ 2اَورجو جگہ یَاہوِہ اَپنے نام کے قِیام کے لیٔے مُنتخب کریں گے وہیں تُم یَاہوِہ اَپنے خُدا کے واسطے گائے، بَیل اَور بھیڑ بکریوں میں سے فسح کی قُربانی کرنا۔ 3اُسے خمیری روٹی کے ساتھ نہ کھانا بَلکہ سات دِن تک بے خمیری روٹی ہی کھانا جو مُصیبت کی روٹی ہے کیونکہ تُم مِصر سے جلدبازی میں نکلے تھے۔ اِس عید کا ایک مقصد یہ ہے کہ تُم زندگی بھر مِصر سے نکلنے کے وقت کو یاد رکھ سکو۔ 4اِن سات دِنوں تک تمہارے سارے مُلک میں اَور تمہارے پاس خمیر نظر نہ آئے۔ اَور پہلے دِن کی شام کو تُم جِس برّہ کی قُربانی کرو اُس کا گوشت صُبح تک باقی نہ رہنے پایٔے۔
5تُم فسح کی قُربانی کو کسی بھی شہر میں نہ کرنا جسے یَاہوِہ تمہارے خُدا تُمہیں دے رہے ہیں، 6سِوا اُس مقام کے، جسے یَاہوِہ تمہارے خُدا نے اَپنے نام کے قِیام کے واسطے مُنتخب کریں گے، وہیں تُم فسح کی قُربانی کو شام کو آفتاب غروب ہونے کے وقت اَپنے مِصر سے روانگی کی سالگرہ پر نذر کرنا۔ 7اَورجو جگہ یَاہوِہ تمہارے خُدا مُنتخب کریں گے۔ اُسی جگہ اُس قُربانی کو بھُون کر کھانا اَور صُبح کو تُم اَپنے اَپنے خیمہ میں لَوٹ جانا۔ 8تُم چھ دِن تک بے خمیری روٹی کھایا کرنا اَور ساتویں دِن یَاہوِہ تمہارے خُدا کے واسطے مُقدّس اِجتماع ہو، اَور اُس دِن تُم کویٔی کام نہ کرنا۔
ہفتوں کی عید
9جَب سے تُم درانتی لے کر فصل کاٹنا شروع کرو، تَب سے سات ہفتے گِن کر۔ 10یَاہوِہ تمہارے خُدا کی دی ہُوئی برکت کے مُطابق اُن کے واسطے رضا کی قُربانی گزراننا اَور ہفتوں کی عید منانا۔ 11اَورجو جگہ یَاہوِہ تمہارے خُدا اَپنے نام کے قِیام کے واسطے مُنتخب کریں گے وہاں تُم اَپنے بیٹے اَور بیٹیاں، خادِم اَور خادِمائیں، تمہارے شہر کے لیوی اَور پردیسی، تمہارے درمیان رہنے والے یتیم اَور بیوائیں سَب مِل کر یَاہوِہ کے حُضُور خُوشیاں منانا۔ 12یاد رہے کہ تُم مِصر میں غُلام تھے اَور اِن قوانین پر احتیاط کے ساتھ عَمل کرنا۔
خیموں کی عید
13جَب تُم اَپنے کھلیان اَور مے کے حوض سے پیداوار جمع کر چُکو، تَب سات دِن تک خیموں کی عید منانا۔ 14اَور تُم اَپنے بیٹے اَور بیٹیاں، خادِم اَور خادِمائیں، تمہارے شہر کے لیوی اَور پردیسی، تمہارے درمیان رہنے والے یتیم اَور بیوائیں سَب مِل کر یَاہوِہ کے حُضُور اِس عید کی خُوشیوں میں شامل ہونا۔ 15تُم سات دِن تک یَاہوِہ اَپنے خُدا کے واسطے یَاہوِہ کے مُنتخب کیٔے ہویٔے مقام پر یَاہوِہ کی عید منانا۔ کیونکہ یَاہوِہ تمہارے خُدا تمہاری ساری فصل اَور تمہارے ہاتھوں کے سَب کاموں میں برکت بخشیں گے اَور تمہاری خُوشی مُکمّل ہو جایٔےگی۔
16اَور سال میں تین بار یعنی بے خمیری روٹی کی عید، ہفتوں کی عید اَور خیموں کی عید کے موقعوں پر تمہارے سَب آدمی یَاہوِہ اَپنے خُدا کے حُضُور اُسی مقام مَیں حاضِر ہُوا کریں جسے وہ مُنتخب کریں گے۔ اَور کویٔی شخص یَاہوِہ کے حُضُور خالی ہاتھ نہ آئے۔ 17تُم میں سے ہر ایک شخص اُس برکت کے مُطابق جو اُس نے یَاہوِہ اَپنے خُدا سے پائی ہے اُسے خُدا کے واسطے ہدیہ لے آئے۔
قاضی
18تُم اَپنے قبیلوں کے ہر شہروں میں جنہیں یَاہوِہ تمہارے خُدا دے رہے ہیں، قاضی اَور منصبدار مُقرّر کرنا جو سچّائی سے لوگوں کا اِنصاف کیا کریں۔ 19تُم اِنصاف کا خُون نہ کرنا اَور نہ طرفداری کرنا۔ تُم رشوت نہ لینا کیونکہ رشوت دانشمند کی آنکھوں کو اَندھا کردیتی ہے اَور صادقوں کی باتوں کو بدل ڈالتی ہے۔ 20ہمیشہ اِنصاف ہی پر قائِم رہنا تاکہ تُم زندہ رہو اَور اُس مُلک پر قابض ہو جاؤ جو یَاہوِہ تمہارے خُدا تُمہیں دے رہے ہیں۔
غَیر معبُودوں کی پرستش
21تُم یَاہوِہ اَپنے خُدا کے واسطے جو مذبح بناؤ اُس کے قریب کسی بھی طرح کا لکڑی کا اشیراہؔ کا سُتون کھڑا نہ کرنا۔ 22اَور نہ کسی پتّھر کو مُقدّس پتّھر کے طور پر نصب کرنا کیونکہ اُن سے یَاہوِہ تمہارے خُدا کو سخت نفرت ہے۔
موجودہ انتخاب:
اِستِثنا 16: UCV
سرخی
شئیر
کاپی
کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in
اُردو ہم عصر ترجُمہ™، کِتاب مُقدّس
حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022، 2024 Biblica, Inc.
کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔
دُنیا بھر میں تمام حق محفوظ۔
Holy Bible, Urdu Contemporary Version™
Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc.
Used with permission.
All rights reserved worldwide.