اِستِثنا 19
19
پناہ لینے کا شہر
1جَب یَاہوِہ تمہارے خُدا اُن قوموں کو نِیست و نابود کر چُکے، جِن کا مُلک وہ تُمہیں دے رہے ہیں، اَور جَب تُم اُن کو کھدیڑ چُکو اَور اُن کے شہروں اَور مکانوں میں رہنے لگو، 2تَب تُم اُس مُلک کے درمیان سے اَپنے لیٔے تین شہر الگ کر لینا جِس مُلک کو یَاہوِہ تمہارے خُدا تمہارے قبضہ میں دے رہے ہیں۔ 3اَور تُم اُن شہروں تک جانے کے لیٔے راستے بنانا اَور اُس پُورے مُلک کو جسے یَاہوِہ تمہارے خُدا تُمہیں مِیراث کے طور پر دے رہے ہیں اُسے تین حِصّوں میں تقسیم کرنا تاکہ وہ شخص جِس نے کسی کا خُون کیا ہو وہاں بھاگ کر اَپنی جان بچانے کے واسطے پناہ لے سکے۔
4جو شخص کسی کا خُون کرکے اَپنی جان بچانے کے لیٔے اُن شہروں میں بھاگ جائے تاکہ وہ زندہ رہ سکے، اُس کا یہ قانُون ہے؛ اگر کسی نے شخص اَپنے پڑوسی کو غَیر اِرادتاً اَور بغیر کسی پُرانی عداوت کے خیال سے مار ڈالا ہو۔ 5مثلاً کویٔی شخص اَپنے پڑوسی کے ساتھ جنگل میں لکڑی کاٹنے گیا ہو، اَور جوں ہی اُس نے درخت کاٹنے کے لیٔے کُلہاڑی سے درخت پر وار کیا ہو اَور کُلہاڑی دستے سے اُچھل کر اُس کے پڑوسی کو جا لگے اَور وہ مَر جایٔے۔ تو اَیسی صورت میں وہ شخص اُن شہروں میں سے کسی بھی شہر کو بھاگ جایٔے اَور اَپنی جان بچائے۔ 6نہیں تو، کہیں اَیسا نہ ہو کہ خُون کا اِنتقام لینے والا اَپنے جوشِ غضب میں اُس کا تعاقب کرے اَور پناہ گاہ کے شہر سے کافی دُور ہونے کے باعث اُسے راستہ ہی میں پکڑکر قتل کر ڈالے، حالانکہ وہ قتل کے لائق نہ تھا کیونکہ اُس کے ذہن میں اَپنے پڑوسی کی بابت کویٔی عداوت تھی ہی نہیں۔ 7اِس لیٔے میں تُمہیں یہ حُکم دیتا ہُوں کہ اَپنے واسطے تین شہر الگ کر لینا۔
8اگر یَاہوِہ تمہارے خُدا اُس وعدہ کے مُطابق جو اُنہُوں نے تمہارے آباؤاَجداد سے قَسم کھا کر کیا تھا، تمہاری سرحد کو بڑھا دیں اَور پُورا مُلک تُمہیں مُہیّا کرائیں جِس کے دینے کا وعدہ یَاہوِہ نے تمہارے آباؤاَجداد سے کیا تھا۔ 9اگر تُم نہایت احتیاط سے اِن سَب آئین پر عَمل کرتے ہو، جو آج مَیں تُمہیں دے رہا ہُوں، یعنی یَاہوِہ اَپنے خُدا سے مَحَبّت رکھّو اَور ہمیشہ اُن کی راہوں پر چلتے رہو، تو تُم اِن تین شہروں کے علاوہ تین اَور شہر بھی الگ کر لینا۔ 10تُم یہ ضروُر کرنا تاکہ تمہارے مُلک میں جو یَاہوِہ تمہارے خُدا مِیراث کے طور پر تُمہیں دے رہے ہیں، کسی بےگُناہ کا خُون بہایا نہ جائے اَور تُم اُس خُون کے مُجرم نہ ٹھہرو۔
11لیکن اگر کویٔی شخص اَپنے پڑوسی سے عداوت رکھتا ہو اَور اُس کی گھات میں بیٹھے اَور اُس پر حملہ کرکے اُسے مار ڈالے، اَور پھر اُن شہروں میں سے کسی ایک شہر میں بھاگ جائے، 12تَب اُس شہر کے بُزرگ اُسے وہاں سے واپس بُلوا لیں اَور اُسے اِنتقام لینے والے کے سُپرد کر دیں تاکہ وہ قتل کیا جائے۔ 13اُس پر رحم مت کھانا۔ بَلکہ تُم اِسرائیل سے بےگُناہ شخص کا خُون بہانے کے جُرم کو ختم کردینا تاکہ تمہاری خیر ہو۔
14تُم اُس مُلک میں جسے یَاہوِہ تمہارے خُدا تمہارے قبضہ میں دے رہے ہیں، اَپنے ہمسایہ کی حدّ کا وہ نِشان نہ ہٹانا جسے تمہارے باپ دادوں نے مِیراث کے حِصّہ میں ٹھہرایا ہو۔
گواہ
15اگر کسی شخص پر کسی جُرم یا گُناہ کا اِلزام ہو جو اُس سے سرزد ہُوا ہو، تو اُسے گُنہگار قرار دینے کے لیٔے ایک گواہ کافی نہیں ہے۔ بَلکہ دو یا تین گواہوں کی گواہی سے ہی کویٔی بات سچ ثابت ہوگی۔
16اگر کویٔی جھُوٹا گواہ کسی آدمی پر کسی جُرم کا اِلزام لگانے کے لیٔے کھڑا ہو، 17تو دونوں فریق جو اُس مُقدّمہ میں اُلجھے ہُوں، یَاہوِہ کے حُضُور کاہِنوں اَور اُن قاضیوں کے آگے کھڑے ہُوں جو اُن دِنوں میں اَپنے دفتر میں بیٹھے ہُوں۔ 18قاضی پُوری باریکی سے تحقیقات کریں اَور اگر گواہ جھُوٹا ثابت ہو، اَور اُس نے اَپنے اِسرائیلی بھایٔی کے خِلاف جھُوٹی گواہی دی ہو، 19تَب اُس جھُوٹے گواہ کے ساتھ وَیسا ہی سلُوک کرنا جَیسا وہ اَپنے بھایٔی کے ساتھ کرنا چاہتا تھا۔ تُم اَپنے درمیان سے اَیسی بدکاری کو ضروُر ختم کردینا۔ 20تَب باقی لوگ یہ سُن کر ڈریں گے اَور پھر کبھی اَیسی بدکاری تمہارے درمیان نہ ہوگی۔ 21تُم اَیسے مسئلہ میں مُجرم پر کبھی رحم مت کھانا، جان کے بدلے جان، آنکھ کے بدلے آنکھ، دانت کے بدلے دانت، ہاتھ کے بدلے ہاتھ، اَور پاؤں کے بدلے پاؤں ہو۔
موجودہ انتخاب:
اِستِثنا 19: UCV
سرخی
شئیر
کاپی
![None](/_next/image?url=https%3A%2F%2Fimageproxy.youversionapi.com%2F58%2Fhttps%3A%2F%2Fweb-assets.youversion.com%2Fapp-icons%2Fur.png&w=128&q=75)
کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in
اُردو ہم عصر ترجُمہ™، کِتاب مُقدّس
حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022، 2024 Biblica, Inc.
کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔
دُنیا بھر میں تمام حق محفوظ۔
Holy Bible, Urdu Contemporary Version™
Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc.
Used with permission.
All rights reserved worldwide.