2 تواریخ 5
5
1اِس طرح یَاہوِہ کے بیت المُقدّس کا سارا کام، جو شُلومونؔ نے شروع کیا تھا وہ مُکمّل ہو گیا۔ تَب وہ اَپنے باپ داویؔد کی مخصُوص اَشیا یعنی چاندی اَور سونا اَور تمام سازوسامان کو اَندر لے آئے اَور اُنہیں خُدا کے بیت المُقدّس کے خزانوں میں جمع کر دیا۔
عہد کے صندُوق کو بیت المُقدّس میں لایا جانا
2تَب شُلومونؔ نے یروشلیمؔ میں بنی اِسرائیل کے سَب بُزرگوں اَور قبیلوں کے سَب سردار اَور بنی اِسرائیل کے آبائی خاندانوں کے سرداروں کو طلب کیا تاکہ وہ یَاہوِہ کے عہد کے صندُوق کو داویؔد کے شہر صِیّونؔ سے لے آئیں۔ 3اَور تمام بنی اِسرائیل کے لوگ ساتویں مہینے میں عید کے موقع پر جمع ہوکر بادشاہ کے پاس حاضِر ہُوئے۔
4اَور جَب بنی اِسرائیل کے سَب بُزرگ آ گئے تو لیویوں نے یَاہوِہ کے عہد کے صندُوق کو اُٹھایا۔ 5اَور وہ اَپنے ساتھ صندُوق، خیمہ اِجتماع کو اَور اُس کے تمام مُقدّس اَشیا کو لے آئے۔ یہ سَب کاہِنؔ جو لیوی تھے اُنہیں اُٹھاکر لایٔے۔ 6بادشاہ شُلومونؔ اَور بنی اِسرائیل کی تمام جماعت نے جو اُس وقت اُن کے ساتھ وہاں صندُوق کے سامنے جمع ہوئی تھی اَور صندُوق کے آگے اِس کثرت سے بھیڑ، بکریاں اَور بَیل ذبح کر رہے تھے کہ اُن کا شُمار کرنا ناممکن ہو گیا تھا۔
7پھر کاہِنوں نے یَاہوِہ کے عہد کے صندُوق کو اُس کی مُقرّرہ جگہ یعنی پاک مَقدِس کے اَندرونی پاک ترین مقام میں کروبیم کے پروں کے نیچے لاکر رکھ دیا۔ 8اَور کروبی اَپنے پروں کو عہد کے صندُوق کی جگہ کے اُوپر پھیلائے ہُوئے تھے اَور یُوں صندُوق اَور اُس کو اُٹھانے والی بَلّیوں کو ڈھانکے ہُوئے تھے۔ 9اَور یہ بَلّیئیں اِس قدر لمبی تھیں کہ اُن کے سِرے جو اَندرونی پاک مَقدِس کے صندُوق سے باہر نکلے ہُوئے تھے لیکن اَندرونی پاک مقام کے سامنے سے دیکھے جا سکتے تھے مگر اِس کے باہر سے نہیں۔ اَور وہ آج کے دِن تک اُسی حالات میں وہیں ہیں۔ 10اَور عہد کے صندُوق میں اُن دو تختیوں کے سِوا اَور کچھ نہ تھا جنہیں کوہِ حورِبؔ پر مَوشہ نے اُس وقت رکھا تھا جَب مِصر سے نکلنے کے بعد یَاہوِہ نے بنی اِسرائیل سے عہد باندھا تھا۔
11تَب کاہِنؔ پاک مقام سے باہر نکل آئے اَور تمام کاہِنوں نے جو وہاں تھے خواہ وہ کسی بھی فریق سے تھے اُنہُوں نے اَپنے آپ کو پاک صَاف کیا۔ 12تمام لیوی جو موسیقار تھے یعنی آسفؔ، ہیمانؔ اَور یدُوتونؔ اَور اُن کے بیٹے اَور رشتہ دار نفیس کتانی کپڑے پہنے اَور ہاتھوں میں جھانجھ، سِتار اَور بربط لیٔے ہُوئے مذبح کے مشرق کی طرف کھڑے تھے اَور اُن کے ساتھ ایک سَو بیس کاہِنؔ تھے جو نرسنگے پھُونک رہے تھے۔ 13اَور نرسنگے پھُونکنے والے اَور گانے والے مِل کر یَاہوِہ کی حَمد اَور شُکر گزاری کرنے کے لیٔے تیّار ہُوئے اَور نرسنگوں اَور جھانجھوں اَور دیگر سازوں کے ہمراہ یَاہوِہ کی حَمد و ثنا یہ کہتے ہُوئے کرنے لگے:
”وہ بھلےہیں؛
اُن کی شفقت اَبدی ہے۔“
جوں ہی اُن کی آوازیں بُلند ہُوئیں یَاہوِہ کا وہ بیت المُقدّس بادلوں سے معموُر ہو گیا، 14یہاں تک کہ کاہِنؔ بادلوں کے باعث اَپنی خدمت اَنجام دینے کے لیٔے وہاں کھڑے نہ رہ سکے۔ کیونکہ یَاہوِہ خُدا نے اَپنے جلال سے پُورے بیت المُقدّس کو معموُر کر دیا تھا۔
موجودہ انتخاب:
2 تواریخ 5: UCV
سرخی
شئیر
کاپی
کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in
اُردو ہم عصر ترجُمہ™، کِتاب مُقدّس
حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022، 2024 Biblica, Inc.
کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔
دُنیا بھر میں تمام حق محفوظ۔
Holy Bible, Urdu Contemporary Version™
Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc.
Used with permission.
All rights reserved worldwide.