YouVersion Logo
تلاش

2 تواریخ 6

6
1تَب شُلومونؔ نے کہا، ”یَاہوِہ نے فرمایاہے وہ سیاہ گھنے بادل میں سکونت کریں گے؛ 2مَیں نے آپ کے لئے ایک شاندار بیت المُقدّس تعمیر کروایاہے تاکہ آپ اُس میں تا اَبد تک سکونت کریں۔“
3جَب بنی اِسرائیل کی ساری جماعت وہاں کھڑی تھی تو بادشاہ نے اُن کی طرف مُخاطِب ہوکر اُنہیں برکت دی۔ 4اَور بادشاہ نے فرمایا:
”بنی اِسرائیل کے خُدا یَاہوِہ کی سِتائش ہو جنہوں نے میرے باپ داویؔد سے اَپنے مُنہ سے کئےگئے وعدہ کو اَپنے ہاتھوں سے پُورا کر دیا ہے کیونکہ اُنہُوں نے فرمایا تھا، 5’جِس دِن سے میں اَپنے لوگوں کو مِصر سے باہر نکال لایا تَب سے مَیں نے اِسرائیل کے کسی قبیلہ میں نہ تو کسی اَیسے شہر کا اِنتخاب کیا جہاں میرے لیٔے ایک اَیسا بیت المُقدّس تعمیر کیا جائے تاکہ وہاں میرا نام جلال پائے؛ اَور نہ ہی مَیں نے کسی شخص کا اِنتخاب کیا ہے کہ وہ میری قوم اِسرائیل پر حاکم ہو؛ 6لیکن اَب مَیں نے یروشلیمؔ کا اِنتخاب کیا ہے کہ وہاں میرا نام جلال پائے اَور اَپنی قوم اِسرائیل پر حُکمرانی کرنے کے لیٔے مَیں نے داویؔد کا اِنتخاب کیا ہے۔‘
7”میرے باپ داویؔد کی دِلی تمنّا تھی کہ وہ اِسرائیل کے خُدا یَاہوِہ کے نام کے لیٔے ایک بیت المُقدّس تعمیر کرایٔیں۔ 8لیکن یَاہوِہ نے میرے باپ داویؔد سے فرمایا، ’تمہارے دِل میں میرے نام کے لیٔے ایک بیت المُقدّس تعمیر کرنے کا خیال آنا، یقیناً بہت ہی عُمدہ ہے۔ 9تاہم وہ بیت المُقدّس تُم نہیں بَلکہ تمہارا بیٹا جو تُم سے پیدا ہوگا، وُہی میرے نام کے جلال کے لیٔے بیت المُقدّس تعمیر کروائے گا۔‘
10”آج یَاہوِہ نے اَپنے وعدے کو پُورا کر دیا ہے۔ مَیں اَپنے باپ داویؔد کا جانشین ہُوں اَور اَب بنی اِسرائیل کے تخت پر عَین یَاہوِہ کے وعدہ کے مُطابق تخت نشین ہُوں۔ اَور مَیں نے بنی اِسرائیل کے خُدا یَاہوِہ کے نام کے جلال کی خاطِر اِس بیت المُقدّس کی تعمیر کروائی ہے۔ 11اَور مَیں نے اِس بیت المُقدّس میں اُس صندُوق کو رکھ دیا ہے جِس میں یَاہوِہ کا وہ عہد ہے جو اُنہُوں نے بنی اِسرائیل سے کیا تھا۔“
شُلومونؔ کی مخصُوصیت کی دعا
12اِس کے بعد شُلومونؔ بنی اِسرائیل کی ساری جماعت کے سامنے یَاہوِہ کے مذبح کے آگے کھڑے ہُوئے اَور اَپنے ہاتھ پھیلائے۔ 13شُلومونؔ نے کانسے کا ایک مِنبر بنوایا تھا جو پانچ ہاتھ لمبا، سَوا دو میٹر چوڑا اَور تین ہاتھ#6‏:13 تین ہاتھ ایک میٹر 400 سینٹی میٹر اُونچا تھا، جسے اُس نے بیرونی صحن کے وَسط میں قائِم کیا تھا۔ وہ اُس مِنبر پر کھڑے ہُوئے اَور پھر بنی اِسرائیل کی ساری جماعت کے سامنے اُس پر گھُٹنے ٹیکے اَور آسمان کی طرف اَپنے ہاتھ پھیلائے۔ 14اَور شُلومونؔ نے دعا کی:
”اَے یَاہوِہ، بنی اِسرائیل کے خُدا، آپ کی مانند نہ تو اُوپر آسمان میں اَور نہ نیچے زمین پر کویٔی خُدا ہے۔ جو اَپنے اُن خادِموں پر اَپنی بے پناہ مَحَبّت ظاہر کرتے اَور اَپنے عہد کو پُورا کرتے ہیں، جو پُورے دِل سے آپ کی راہ پر چلتے ہیں۔ 15آپ نے اَپنے خادِم میرے باپ داویؔد کے ساتھ کیا ہُوا اَپنا وعدہ پُورا کیا ہے۔ آج آپ نے اَپنے مُنہ کے کلام کو اَپنے ہاتھ سے پُورا کر دیا ہے جَیسا کہ آج کے دِن ظاہر ہے۔
16”چنانچہ اَب اَے یَاہوِہ، بنی اِسرائیل کے خُدا، آپ اَپنے خادِم میرے باپ داویؔد کے ساتھ کیٔے گیٔے اَپنے اُن وعدوں کو بھی پُورا کرنا جو آپ نے داویؔد سے کیا تھا، ’میرے حُضُور اِسرائیل کے تخت پر بیٹھنے والے جانشین اَشخاص کی کبھی کمی نہ ہوگی، اگر تمہارا خاندان میرے آئین کے مُطابق احتیاط سے ٹھیک اُسی طرح چلے جَیسا کہ تُم پُورے دِل سے میرے پیچھے چلتےہو۔‘ 17پس اَب اَے یَاہوِہ، بنی اِسرائیل کے خُدا، اَپنے اُس قول کو جو آپ نے اَپنے خادِم داویؔد سے کیا تھا اُسے پُورا کریں۔
18”لیکن کیا خُدا کی مَوجُودگی آدمیوں کے ساتھ زمین پر سکونت کرےگی؟ کیونکہ جَب آسمانوں میں بَلکہ سَب سے اُونچے آسمانوں میں بھی خُدا سما نہیں سکتے تو پھر، یہ بیت المُقدّس جو مَیں نے تعمیر کروائی ہے اُن کے مُقابلے میں تو کچھ بھی نہیں ہے؟ 19پھر بھی اَے یَاہوِہ میرے خُدا، اَپنے رحم و کرم سے اَپنے خادِم کی دعا اَور مِنّت کی طرف مُتوجّہ ہوں اَور اَپنے خادِم کی اِس دعا اَور فریاد کو سُن لیں جو آج آپ کے حُضُور میں پیش کر رہاہے۔ 20آپ کی آنکھیں اِس بیت المُقدّس کی طرف دِن اَور رات لگی رہیں آپ نے اِسی مقام کی بابت فرمایا تھا کہ میں اَپنا جلالی نام وہاں قائِم رکھوں گا۔ تاکہ جو دعا آپ کا خادِم اِس مقام کی طرف رُخ کرکے مانگے اُسے آپ سُن کر جَواب دیں گے۔ 21اَور جَب آپ کا خادِم اَور آپ کی قوم بنی اِسرائیل اِس مقام کی طرف رُخ کرکے آپ سے فریاد کریں تو آپ آسمان پر سے جو آپ کی قِیام گاہ ہے، آپ سُنیں؛ اَور سُن کر مُعاف کر دیں۔
22”اَور جَب کویٔی شخص اَپنے پڑوسی پر ظُلم کرے اَور اُسے قَسم کھِلانے کے واسطے حلف اُٹھانے کو کہا جائے اَور وہ آئے اَور اِس بیت المُقدّس میں آپ کے مذبح کے سامنے قَسم کھا کر حلف اُٹھائے، 23تَب آپ آسمان سے سُن لینا اَور عَمل کرنا اَور اَپنے خادِموں کا اِنصاف کرنا اَور بدکار کو اُس کے کئے کی سزا اَور معصُوم کو بے قُصُور ٹھہرا کر اُسے نیک جزا دینا۔
24”اَور جَب آپ کی اُمّت بنی اِسرائیل، آپ کے خِلاف گُناہ کرنے کے باعث اَپنے دُشمنوں سے شِکست کھائے لیکن بعد میں تَوبہ کرکے اَور آپ کے جلالی نام کا اقرار کرکے اِس بیت المُقدّس میں آپ کے حُضُور دعا اَور فریاد کرے، 25تَب آپ آسمان پر سے سُن کر اَپنی اُمّت بنی اِسرائیل کا گُناہ مُعاف کردینا اَور اُنہیں اِس مُلک میں واپس لے آنا، جو آپ نے اُن کے آباؤاَجداد کو دیا تھا۔
26”اَور جَب اِس سبب سے کہ آپ کے لوگوں نے آپ کے خِلاف گُناہ کیا ہے آسمان بندہو جائے اَور بارش نہ ہو اَور آپ اُنہیں مُصیبت میں ڈال دیں اَور وہ اِس مقام کی طرف رُخ کرکے دعا کریں اَور آپ کے نام کا اقرار کریں اَور اَپنے گُناہ سے تَوبہ کریں، 27تو آپ آسمان پر سے سُن لینا اَور اَپنے خادِموں یعنی اَپنی قوم بنی اِسرائیل کے گُناہ مُعاف کردینا۔ اُنہیں نیک راہ پر چلنے کی ہدایت دینا اَور اُس مُلک پر مینہ برسانا جسے بطور مِیراث آپ نے اَپنے لوگوں کو دیا ہے۔
28”اَور جَب اُس مُلک میں قحط یا وَبا یا بادِ سموم یا پھپھُوندی، ٹِڈّیوں یا اِلّیوں کا حملہ ہو، یا جَب دُشمن اُن کے کسی شہر کا محاصرہ کر لے، خواہ کویٔی بھی آفت یا بیماری اُن پر آ جایٔے، 29مگر جَب آپ کی قوم بنی اِسرائیل میں سے کویٔی آدمی اَپنی مُصیبتوں کے باعث اِس بیت المُقدّس کی طرف اَپنے ہاتھ پھیلا کر اَور اَپنی یا ساری قوم بنی اِسرائیل کی طرف سے دعا یا فریاد کرے، 30تب آپ آسمان پر سے جو آپ کی قِیام گاہ ہے، سُن لینا اَور مُعاف کردینا اَور ہر شخص کو جِن کے دِلوں کو آپ جانتے ہیں، اُن کے اعمال کے مُطابق بدلہ دینا، کیونکہ صرف آپ ہی اِنسانوں کے دِلوں کو جانتے ہیں۔ 31تاکہ جَب تک وہ اُس مُلک میں جسے آپ نے ہمارے آباؤاَجداد کو دیا تھا، تاعمر زندہ رہیں، آپ کا خوف مانیں اَور آپ کی راہوں پر چلیں۔
32”اِسی طرح جَب کوئی پردیسی بھی، جو آپ کی قوم بنی اِسرائیل میں سے نہیں ہیں، جَب وہ آپ کے عظیم نام اَور عظیم کام اَور آپ کے قوی ہاتھ کی بابت سُن کر دُور دراز مُلک سے آئیں اَور آکر اِس بیت المُقدّس کی طرف رُخ کرکے دعا کریں، 33تَب آپ آسمان پر سے جو آپ کی قِیام گاہ ہے سُنیں اَورجو کچھ بھی وہ پردیسی آپ سے فریاد کریں، اُس کی مُراد پُوری کریں تاکہ رُوئے زمین کی سَب قومیں آپ کے نام کو جانیں اَور آپ کی اَپنی اُمّت بنی اِسرائیل کی طرح آپ کا خوف مانیں اَور جان لیں کہ یہ بیت المُقدّس جو مَیں نے تعمیر کرائی ہے آپ کے نام سے منسوب ہے۔
34”اَور جَب آپ کی قوم اَپنے دُشمنوں کے خِلاف جنگ کرنے کے لیٔے جہاں بھی آپ بھیجیں باہر جایٔیں اَور جَب وہ اِس مُنتخب شہر اَور اِس بیت المُقدّس کی طرف جسے مَیں نے آپ کے نام کے لیٔے تعمیر کروایاہے رُخ کرکے آپ سے دعا کریں، 35تو آپ آسمان پر سے اُن کی دعا اَور مناجات کو سُن کر اُن کے حق میں فیصلہ کرنا۔
36”اَور جَب وہ آپ کے خِلاف گُناہ کریں، کیونکہ کویٔی بھی بشر اَیسا نہیں جو گُناہ نہ کرتا ہو، اَور آپ اُن سے ناراض ہو جایٔیں اُنہیں دُشمن کے حوالہ کر دیں جو اُنہیں اسیر کرکے کسی دُور یا نزدیک مُلک میں لے جائیں، 37اَور اگر اُس مُلک میں جہاں وہ اسیر ہوکر پہُنچائے گیٔے ہُوں، اُن کا دِل بدل جائے اَور وہ تَوبہ کریں اَور اَپنے گُناہ کا اعتراف کریں، ’ہم نے گُناہ کیا ہے اَور ٹیڑھی چال چلے اَور بدکاریاں کی ہیں‘؛ 38اَور اگرچہ وہ اَپنی اسیری کے مُلک میں جہاں اُن کو اسیر کرکے لے گیٔے ہوں، دِل و جان سے آپ کی طرف رُجُوع کریں اَور اَپنے مُلک کی طرف جو آپ نے اُن کے آباؤاَجداد کو دیا اَور اِس شہر کی طرف جسے آپ نے اِنتخاب کیا ہے اَور اِس بیت المُقدّس کی طرف جو مَیں نے آپ کے نام کے لیٔے تعمیر کروایاہے، رُخ کرکے دعا کریں؛ 39تو آپ آسمان پر سے جو آپ کی قِیام گاہ ہے اُن کی دعا اَور مناجات سُن لینا اَور اُن کے حق میں فیصلہ کرنا اَور اَپنی قوم کو جنہوں نے آپ کے خِلاف گُناہ کیا ہے مُعاف کردینا۔
40”چنانچہ اَب اَے میرے خُدا، مَیں آپ سے درخواست کرتا ہُوں کہ آپ اُن دعاؤں کی طرف جو اِس مقام میں کی جایٔیں مُتوجّہ ہوں اَور اُنہیں سُنیں۔
41”اِس لئے اَب اَے یَاہوِہ خُدا، تشریف لائیں، اَور اَپنی آرامگاہ میں داخل ہوں،
جہاں آپ کی قُوّت کا صندُوق رکھا ہُواہے۔
اَے یَاہوِہ خُدا، آپ کے کاہِنؔ نَجات سے مُلبّس ہوں،
اَور آپ کے وفادار مُقدّسین آپ کے نیک کاموں کو دیکھ کر خُوشیاں منائیں۔
42اَے یَاہوِہ خُدا، اَپنے ممسوح کو ردّ نہ کریں،
اُس لافانی مَحَبّت کو یاد فرمائیں جِس کا آپ نے اَپنے خادِم داویؔد سے وعدہ کیا تھا۔“

موجودہ انتخاب:

2 تواریخ 6: UCV

سرخی

شئیر

کاپی

None

کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in