YouVersion Logo
تلاش

2 تواریخ 7

7
بیت المُقدّس کی مخصُوصیت
1اَور جَب شُلومونؔ دعا کر چُکے تو آسمان سے آگ نازل ہُوئی اَور اُس آگ نے سوختنی نذریں اَور ذبیحوں کو راکھ کر دیا اَور یَاہوِہ خُدا کے جلال سے بیت المُقدّس معموُر ہو گیا۔ 2اَور کاہِنؔ یَاہوِہ کے بیت المُقدّس میں داخل نہ ہو سکے اِس لیٔے کہ وہ یَاہوِہ کے جلال سے معموُر تھا۔ 3اَور جَب تمام بنی اِسرائیل نے آگ کو آسمان سے نازل ہوتے ہُوئے اَور یَاہوِہ کے بیت المُقدّس کو اُن کے جلال سے معموُر ہوتے ہُوئے دیدار کیا، تو اُنہُوں نے زمین پر وہیں مُنہ کے بَل گِر کر یَاہوِہ کو سَجدہ کیا اَور اُنہُوں نے یَاہوِہ کی شُکر گزاری کرتے ہُوئے کہا،
”وہ بھلےہیں؛
اُن کی رحمت اَبدی ہے۔“
4تَب بادشاہ اَور سَب لوگوں نے یَاہوِہ کے حُضُور قُربانیاں پیش کیں۔ 5شُلومونؔ بادشاہ نے بائیس ہزار بَیلوں اَور ایک لاکھ بیس ہزار بھیڑ بکریوں کی قُربانی گذرانی۔ یُوں بادشاہ اَور سَب لوگوں نے خُدا کے بیت المُقدّس کو مخصُوص کیا۔ 6کاہِنؔ اَپنے فرائض کی ادائیگی کے لیٔے اَپنی اَپنی جگہ کھڑے تھے اَور لیوی بھی یَاہوِہ کی سِتائش کے لئے مُقرّر موسیقی کے اُن سازوں سامان کے ساتھ کھڑے تھے جنہیں داویؔد بادشاہ نے یَاہوِہ کی حَمد و سِتائش کے مقصد سے بنوایا تھا تاکہ وہ اُن موسیقی کے دھُن پر جَب اُنہُوں نے داویؔد کا یہ نغمہ شروع کیا جسے وہ جانتے تھے، ”اُن کی رحمت اَبدی ہے،“ اَور کاہِنؔ اُن کے آگے آگے نرسنگے پھُونکنے لگے تو تمام بنی اِسرائیلی جماعت کھڑی رہی۔
7اَور شُلومونؔ نے اُس صحن کے وسطیٰ حِصّہ کی جو یَاہوِہ کے بیت المُقدّس کے سامنے تھا تقدیس کی اَور وہاں اُنہُوں نے سوختنی نذریں اَور سلامتی کی نذروں کے ذبیحوں کی چربی گذرانی کیونکہ کانسے کے اُس مذبح پر جسے اُس نے بنوایا تھا سوختنی نذروں، اناج کی نذروں اَور چربی کے لیٔے گنجائش نہ تھی۔
8شُلومونؔ نے اِس موقع پر سات دِن تک عید منائی اَور لیبو حماتؔ کے مدخل سے لے کر وادی مِصر تک کے سارے بنی اِسرائیل کی ایک بہت بڑی جماعت اُن کے ساتھ مَوجُود تھی۔ 9آٹھویں دِن اُنہُوں نے ایک مُقدّس اِجتماع کا اہتمام کیا۔ سات دِن تک وہ مذبح کی تقدیس کے کرنے میں اَور سات دِن عید منانے میں مصروف رہے۔ 10ساتویں مہینے کی تئیسویں تاریخ کو شُلومونؔ نے لوگوں کو رخصت کیا تاکہ وہ اَپنے اَپنے گھر کو جایٔیں۔ وہ لوگ اُن نیکیوں کے باعث جو یَاہوِہ نے داویؔد، شُلومونؔ اَور اَپنی قوم بنی اِسرائیل سے کی تھیں خُوش و خُرّم اَور مسرُور تھے۔
یَاہوِہ کا شُلومونؔ پر ظاہر ہونا
11جَب شُلومونؔ یَاہوِہ کے بیت المُقدّس اَور شاہی محل کی تعمیر کر چُکے اَور یَاہوِہ کے بیت المُقدّس میں اَور اَپنے محل میں جو کچھ تعمیر کرنا چاہتے تھے، اُسے کامیابی کے ساتھ بنا چُکے، 12تَب ایک رات یَاہوِہ شُلومونؔ پر ظاہر ہُوئے اَور فرمایا:
”مَیں نے تمہاری دعا سُن لی ہے اَور مَیں نے اِس مقام کو اَپنے لیٔے قُربانی کے بیت المُقدّس کے طور پر اِنتخاب کیا ہے۔
13”اَور جَب مَیں آسمانوں کو بند کر دُوں تاکہ بارش نہ ہو یا ٹِڈّیوں کو حُکم دُوں کہ مُلک کو اُجاڑ ڈالیں یا اَپنی قوم میں وَبا بھیج دُوں، 14اگر میری قوم جو میرے نام سے جانی جاتی ہے، فروتن ہوکر دعا کرے اَور میرے دیدار کی طالب ہو اَور اَپنی بُری روِشوں سے تَوبہ کرے، تو میں آسمان پر سے اُن کی سُنوں گا اَور اُن کے گُناہ مُعاف کر دُوں گا اَور اُن کے مُلک کو پھر سے شفا بخشوں گا۔ 15اَب سے جو دعائیں اِس مقام میں کی جایٔیں گی میری آنکھیں اُن کی طرف کھُلی رہیں گی اَور میرے کان اُن کی طرف لگے رہیں گے۔ 16مَیں نے اِس بیت المُقدّس کو مُنتخب کر لیا ہے اَور اِسے مُقدّس ٹھہرایا ہے تاکہ اِس مقام میں میرے نام کا جلال ہمیشہ یہاں قائِم رہے اَور میری آنکھیں اَور میرا دِل دونوں ہمیشہ یہیں لگے رہیں۔
17”اگر تُم اَپنے والد داویؔد کی مانند میرے حُضُور وَیسے ہی چلتے رہو جَیسے تمہارے والد داویؔد چلتے تھے، اَورجو کچھ مَیں نے تُمہیں حُکم دیا ہے اُن کے مُطابق میرے قوانین اَور آئین پر عَمل کرے، 18تو مَیں تیرے تختِ شاہی کو استحکام بخشوں گا جَیسا کہ مَیں نے تیرے والد داویؔد سے عہد کرکے فرمایا تھا کہ بنی اِسرائیل پر حُکمرانی کرنے کے لیٔے تیرے ہاں مَرد کی کبھی کمی نہ ہوگی۔
19”لیکن اگر تُم مُجھ سے مُنہ موڑ لوگے اَور میرے قوانین اَور اَحکام کو جو مَیں نے دئیے ہیں ترک کر دوگے اَور غَیر معبُودوں کی عبادت کرنے لگ جاؤگے اَور اُنہیں سَجدہ کروگے 20تو پھر مَیں بنی اِسرائیل کو اَپنے مُلک سے جسے مَیں نے اُنہیں دیا ہے، جڑ سے اُکھاڑ پھینکوں گا اَور اِس بیت المُقدّس کو جسے مَیں نے اَپنے نام کے لیٔے مُقدّس کیا ہے اَپنے سامنے سے دُور کر دُوں گا۔ اَور اِسے قوموں میں ضرب المثل اَور ذِلّت کا نِشان بنا دُوں گا۔ 21اگرچہ اَب یہ بیت المُقدّس اِس قدر عالیشان ہے مگر تَب جو بھی اِس کے پاس سے گزرے گا حیرت زدہ ہوکر کہے گا ’یَاہوِہ نے اِس مُلک اَور اِس بیت المُقدّس کے ساتھ اَیسا سلُوک کیوں کیا؟‘ 22تَب لوگ جَواب دیں گے، ’چونکہ یَاہوِہ اَپنے خُدا کو جو اُن کے آباؤاَجداد کو مُلک مِصر سے باہر نکال لائے تھے ترک کر دیا اَور غَیر معبُودوں کی پیروی، عبادت اَور خدمت کرنے لگے۔ چنانچہ یَاہوِہ نے اُن پر یہ تمام مُصیبتیں نازل کی ہیں۔‘ “

موجودہ انتخاب:

2 تواریخ 7: UCV

سرخی

شئیر

کاپی

None

کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in