1 شموایلؔ 23
23
داویؔد کا قعیلہؔ کو بچانا
1جَب داویؔد کو خبر مِلی، ”فلسطینی قعیلہؔ کے خِلاف لڑ رہے ہیں اَور کھلیانوں کو لُوٹ رہے ہیں،“ 2تو داویؔد نے یہ کہتے ہُوئے یَاہوِہ سے سوال کیا، ”کیا میں فلسطینیوں پر حملہ کرنے کے لیٔے جاؤں؟“
اَور یَاہوِہ نے داویؔد کو جَواب دیا، ”جاؤ، فلسطینیوں پر حملہ کرو اَور قعیلہؔ کو بچاؤ۔“
3لیکن داویؔد کے آدمیوں نے اُن سے کہا، ”ہم تو یہاں یہُودیؔہ میں ہی خوفزدہ ہیں، اگر ہم فلسطینی فَوجوں کے خِلاف قعیلہؔ کو جایٔیں گے تو کس قدر زِیادہ خوفزدہ ہوں گے!“
4تَب داویؔد نے ایک دفعہ پھر یَاہوِہ سے سوال کیا، ”اَور یَاہوِہ نے داویؔد کو جَواب دیا کہ، قعیلہؔ کو جاؤ کیونکہ مَیں فلسطینیوں کو تمہارے ہاتھ میں کر دُوں گا۔“ 5لہٰذا داویؔد اَور اُن کے آدمی قعیلہؔ جا کر فلسطینیوں سے لڑے اَور اُن کے مویشی لے آئے۔ داویؔد نے فلسطینیوں کو سخت جانی نُقصان پہُنچایا اَور قعیلہؔ کے لوگوں کو بچا لیا۔ 6(اَور ابیاترؔ بِن احِیملکؔ جَب داویؔد کے پاس قعیلہؔ میں فرار ہوکر آئےتھے تو وہ اَپنے ساتھ افُود بھی لے آئےتھے)۔
شاؤل کا داویؔد کے تعاقب میں جانا
7جَب شاؤل کو خبر مِلی کہ داویؔد قعیلہؔ کو گئے ہیں تو شاؤل نے کہا، ”خُدا نے اُسے میرے ہاتھ میں کر دیا ہے کیونکہ داویؔد اَیسے شہر میں داخل ہُواہے جِس میں پھاٹک اَور اڑبنگے ہیں۔ اَب وہ وہاں سے نکل نہیں سَکتا۔“ 8شاؤل نے اَپنی تمام فَوجوں کو لڑنے کے لیٔے بُلا لیا اَور حُکم دیا کہ وہ قعیلہؔ جا کر داویؔد اَور اُن کے آدمیوں کا محاصرہ کر لیں۔
9جَب داویؔد کو مَعلُوم ہُوا کہ شاؤل اُس کے خِلاف سازش کر رہاہے تو داویؔد نے ابیاترؔ کاہِنؔ سے کہا، ”افُود لاؤ۔“ 10اَور داویؔد نے کہا، ”اَے یَاہوِہ اِسرائیل کے خُدا! آپ کے خادِم نے صَاف صَاف سُنا ہے کہ شاؤل نے قعیلہؔ آنے اَور میری وجہ سے اِس شہر کو تباہ کرنے کا منصُوبہ بنایا ہے۔ 11کیا قعیلہؔ کے باشِندے مُجھے اُن کے حوالہ کر دیں گے؟ کیا شاؤل یہاں آئیں گے جَیسا کہ آپ کے خادِم نے سُنا ہے؟ اَے یَاہوِہ، اِسرائیل کے خُدا اَپنے خادِم کو بتا دیں!“
یَاہوِہ نے فرمایا، ”وہ ضروُر آئے گا۔“
12پھر داویؔد نے دوبارہ پُوچھا، ”کیا قعیلہؔ کے باشِندے مُجھے اَور میرے لوگوں کو شاؤل کے حوالہ کر دیں گے؟“
اَور یَاہوِہ نے جَواب دیا، ”ضروُر کریں گے۔ وہ تُجھے حوالہ کر دیں گے۔“
13لہٰذا داویؔد اَور اُن کے آدمی جو کہ تعداد میں تقریباً چھ سَو تھے قعیلہؔ سے نکل گیٔے اَور جگہ بہ جگہ گھُومتے رہے۔ جَب شاؤل کو خبر مِلی کہ داویؔد قعیلہؔ سے بچ کر نکل گیا ہے تو وہ شاؤل کے تعاقب میں نہ گیا۔
14اَور داویؔد نے بیابان کے قلعوں میں اَور زِیفؔ کے بیابان کی پہاڑیوں میں قِیام کیا۔ شاؤل مُتواتر داویؔد کی تلاش میں رہا لیکن خُدا نے داویؔد کو شاؤل کے ہاتھ نہ آنے دیا۔
15جَب داویؔد زِیفؔ کے بیابان میں حورِشؔ میں تھے تو اُنہیں مَعلُوم ہُوا کہ شاؤل اُن کی جان لینے کو نکلے ہیں 16اَور شاؤل کا بیٹا یُوناتانؔ حورِشؔ میں داویؔد کے پاس گیا اَور خُدا پر پُورا بھروسا رکھنے میں اُس کی مدد کی۔ 17اَور کہا، ”خوف نہ کر، میرا باپ شاؤل تُجھ پر ہاتھ نہ ڈالیں گے۔ تُو اِسرائیل پر بادشاہ ہوگا اَور مَیں تُجھ سے دُوسرے درجہ پر ہُوں گا۔ میرے باپ شاؤل بھی یہ جانتے ہیں۔“ 18اَور اُن دونوں نے یَاہوِہ کے آگے عہدوپیمان کیا۔ پھر یُوناتانؔ اَپنے گھر چلا گیا لیکن داویؔد حورِشؔ میں ہی رہے۔
19اَور زِیفؔ کے لوگوں نے گِبعہؔ میں شاؤل کے پاس جا کر کہا، ”کیا داویؔد ہمارے درمیان حکِیلہؔ کی پہاڑی پر یشعمونؔ کے جُنوب میں حورِشؔ کے قلعہ میں چھُپا ہُوا نہیں ہے؟ 20اَب اَے بادشاہ جَب بھی آپ آنا چاہیں آجائیے اَور ہم داویؔد کو بادشاہ کے حوالہ کرنے کا ذمّہ لیتے ہیں۔“
21شاؤل نے جَواب دیا کہ، ”میری فکر کرنے کے لیٔے یَاہوِہ تُمہیں برکت بخشے۔ 22جاؤ اَور مزید تیّاری کرو اَور مَعلُوم کرو کہ داویؔد عموماً کہاں جاتا ہے اَور وہاں اُسے کس نے دیکھاہے؟ مُجھے مَعلُوم ہُواہے کہ وہ بڑی مکّاری سے کام لیتا ہے۔ 23تُم چھُپنے کی اُن تمام جگہوں کو جنہیں وہ اِستعمال کرتا ہے دریافت کرو اَور پُختہ اِطّلاع کے ساتھ میرے پاس واپس آؤ۔ اگر وہ اُس علاقہ میں ہُوا تو مَیں تمہارے ساتھ جاؤں گا اَور اُسے یہُوداہؔ کے تمام برادریوں میں تلاش کروں گا۔“
24لہٰذا وہ روانہ ہُوئے اَور شاؤل سے پیشتر زِیفؔ کے بیابان پہُنچ گیٔے۔ داویؔد اَور اُن کے آدمی یشعمونؔ کے جُنوب میں عراباہؔ میں معونؔ کے بیابان میں تھے۔ 25اَور شاؤل اَور اُس کے آدمیوں نے اُس کی تلاش شروع کی۔ جَب داویؔد کو اِس کے بارے میں خبر مِلی تو وہ نیچے چٹّان کو چلا گیا اَور معونؔ کے بیابان میں جا اُترا۔ جَب شاؤل نے یہ سُنا تو وہ بھی داویؔد کے تعاقب میں معونؔ کے بیابان میں گیا۔
26شاؤل پہاڑ کے ساتھ ساتھ ایک طرف جا رہاتھا اَور داویؔد اَور اُس کے آدمی پہاڑ کی دُوسری طرف تاکہ جِتنی جلدی ہو شاؤل سے بچ نکلنے میں کامیاب ہو جایٔیں۔ جَب شاؤل اَور اُس کی فَوجیں داویؔد اَور اُس کے آدمیوں کو پکڑنے کے لیٔے اَپنا گھیرا تنگ کر رہی تھیں۔ 27تو ایک قاصِد یہ کہنے کے لیٔے شاؤل کے پاس آیا کہ، ”فوراً آئیے کیونکہ فلسطینیوں نے مُلک پر اَچانک حملہ کر دیا ہے۔“ 28تَب شاؤل نے داویؔد کا تعاقب کرنا چھوڑ دیا اَور فلسطینیوں کا مُقابلہ کرنے کے لیٔے روانہ ہو گیا۔ یہی وجہ ہے کہ وہ اِس جگہ کو سیلاؔ ہمّخلقوتؔ یا فراری چٹّان کہتے ہیں۔ 29اَور داویؔد وہاں سے نکل گیا اَور عینؔ گیدیؔ کے قلعوں میں رہنے لگا۔
موجودہ انتخاب:
1 شموایلؔ 23: UCV
سرخی
شئیر
کاپی
کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in
اُردو ہم عصر ترجُمہ™، کِتاب مُقدّس
حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022، 2024 Biblica, Inc.
کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔
دُنیا بھر میں تمام حق محفوظ۔
Holy Bible, Urdu Contemporary Version™
Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc.
Used with permission.
All rights reserved worldwide.