1 شموایلؔ 22

22
داویؔد کا عدُلّامؔ اَور مِصفاہؔ میں چلے جانا
1اَور داویؔد گاتؔھ سے روانہ ہُوا اَور بچ کر عدُلّامؔ کے غار کی طرف نکل گیا۔ جَب اُس کے بھائیوں اَور اُس کے باپ کے گھرانے نے اِس کی بابت سُنا تو وہ وہاں اُس کے پاس پہُنچے۔ 2تمام لوگ جو مُصیبت میں تھے یا مقروض تھے یا غَیر مطمئن تھے اُس کے گرد جمع ہو گئے اَور داویؔد اُن کا سردار بَن گیا۔ اَور تقریباً چار سَو آدمی اُس کے ساتھ تھے۔
3وہاں سے داویؔد مُوآب میں مِصفاہؔ کو گیا اَور شاہِ مُوآب سے کہا، ”کیا اِجازت ہے کہ میرے باپ اَور ماں آپ کے یہاں آکر اُس وقت تک رہیں جَب تک مُجھے مَعلُوم نہ ہو جائے کہ خُدا میرے لیٔے کیا کریں گے؟“ 4پس وہ اُنہیں شاہِ مُوآب کے پاس لے آیا اَور جَب تک داویؔد قلعہ میں رہا وہ اُن کے پاس رہے۔
5لیکن گادؔ نبی نے داویؔد سے کہا، ”قلعہ میں مت رہو بَلکہ یہُودیؔہ کے مُلک میں چلے جاؤ۔“ پس داویؔد روانہ ہُوا اَور حِریتؔ کے جنگل کو چلا گیا۔
شاؤل کا نوبؔ کے کاہِنوں کو قتل کرنا
6شاؤل نے سُنا کہ داویؔد اَور اُن کے آدمیوں کا سُراغ مِل گیا ہے۔ اُس وقت شاؤل بھالا ہاتھ میں لیٔے گِبعہؔ میں پہاڑی پر جھاؤ کے درخت کے نیچے بیٹھا ہُوا تھا اَور اُن کے تمام اہلکار اُس کے چَوگرد کھڑے تھے۔ 7شاؤل نے اُن سے کہا، ”سُنو اَے بنی بِنیامین کے مَردو! کیا یِشائی کا بیٹا تُم سَب کو کھیت اَور تاکستان دے گا؟ کیا وہ تُم سَب کو ہزاروں کا سالار اَور سینکڑوں کا سردار بنائے گا؟ 8کیا اُسی وجہ سے تُم سَب نے میرے خِلاف سازش کی ہے؟ جَب میرا ہی بیٹا یِشائی کے بیٹے سے عہدوپیمان کرتا ہے تو کویٔی بھی مُجھے نہیں بتاتا۔ تُم میں سے کسی کو بھی میری پروا نہیں اَور نہ ہی تُم میں سے کویٔی مُجھے بتاتا ہے کہ میرے بیٹے نے میرے خادِم کو میرے خِلاف گھات لگا کر بیٹھنے کے لیٔے اُکسایا ہے اَور وہ آج بھی یہی کر رہاہے۔“
9لیکن دوئیگؔ اِدُومی نے جو شاؤل کے اہلکاروں کے ساتھ کھڑا تھا کہا، ”مَیں نے یِشائی کے بیٹے کو نوبؔ میں احِیملکؔ بَن احِیطوبؔ کاہِنؔ کے پاس آتے دیکھا۔ 10اَور احِیملکؔ نے اُس کے لیٔے یَاہوِہ سے دریافت کیا اَور اُسے توشہ سفر اَور گولیتؔ فلسطینی کی تلوار بھی دی۔“
11تَب بادشاہ نے احِیملکؔ بَن احِیطوبؔ کاہِنؔ کو اَور اُس کے باپ کے سارے گھرانے کو جو نوبؔ میں کاہِنؔ تھے بُلوا بھیجا اَور وہ سَب بادشاہ کے پاس حاضِر ہُوئے۔ 12تَب شاؤل نے کہا، ”اَے احِیطوبؔ کے بیٹے سُن!“
اُس نے جَواب دیا، ”اَے میرے آقا، فرمائیں۔“
13پھر شاؤل نے اُن سے کہا، ”تُم نے یعنی تُو اَور یِشائی کے بیٹے نے میرے خِلاف سازش کیوں کی ہے کہ اُسے روٹی اَور تلوار دے کر اُس کے لیٔے خُدا سے سوال کیا، اُسی کا نتیجہ ہے کہ اُس نے میرے خِلاف بغاوت کر دی اَور میری گھات میں بیٹھا ہُواہے۔ وہ آج بھی یہی کر رہاہے؟“
14احِیملکؔ نے بادشاہ کو جَواب دیا، ”آپ کے تمام خادِموں میں سے داویؔد جَیسا وفادار کون ہے؟ وہ بادشاہ کا داماد ہے اَور آپ کے مُحافظ دستے کا سردار ہے۔ وہ آپ کے گھرانے میں بڑا قابل اِحترام سمجھا جاتا ہے۔ 15کیا اُس دِن پہلا موقع تھا کہ مَیں نے خُدا سے اُس کے لیٔے سوال کیا؟ ہرگز نہیں! لہٰذا بادشاہ اَپنے خادِم پر یا اُس کے باپ کے گھرانے میں سے کسی پر اِلزام نہ لگائیں کیونکہ آپ کا خادِم اِس سارے مُعاملہ کے متعلّق کچھ بھی نہیں جانتا۔“
16لیکن بادشاہ نے کہا، ”اَے احِیملکؔ، تُو اَور تیرا سارا خاندان یقیناً موت کے گھاٹ اُتار دیا جائے گا۔“
17بادشاہ نے اَپنے مُحافظ دستے کے سپاہیوں کو جو پاس ہی کھڑے تھے حُکم دیا: ”جاؤ اَور یَاہوِہ کے کاہِنوں کو مار ڈالو کیونکہ اُنہُوں نے بھی داویؔد کی حمایت کی ہے۔ اُنہیں مَعلُوم تھا کہ وہ مفرور ہے پھر بھی اُنہُوں نے مُجھے نہیں بتایا۔“
لیکن بادشاہ کے اہلکار یَاہوِہ کے کاہِنوں پر ہاتھ اُٹھانے اَور اُنہیں مار ڈالنے پر رضامند نہ تھے۔
18تَب بادشاہ نے دوئیگؔ سے کہا، ”تُو جا اَور کاہِنوں کو مار گرا۔“ لہٰذا اِدُومی دوئیگؔ گیا اَور اُنہیں مار گرایا۔ اُس دِن اُس نے پچاسی آدمیوں کو جو کتان کا افُود پہنے ہُوئے تھے قتل کیا۔ 19اُس نے کاہِنوں کے شہر نوبؔ کو بھی اُس کے مَردوں اَور عورتوں، بچّوں اَور شیرخواروں بَلکہ اُس کے گائے بَیلوں، گدھوں اَور بھیڑوں کو بھی تلوار سے تہِ تیغ کر ڈالا۔
20لیکن ابیاترؔ جو احِیطوبؔ بِن احِیملکؔ کے بیٹوں میں سے ایک تھا بچ نِکلا اَور داویؔد کے ساتھ شامل ہونے کے لیٔے بھاگ گیا۔ 21ابیاترؔ نے داویؔد کو بتایا، شاؤل نے یَاہوِہ کے کاہِنوں کو قتل کر دیا ہے۔ 22تَب داویؔد نے ابیاترؔ سے کہا، ”اُس دِن جَب دوئیگؔ اِدُومی وہاں تھا تو مُجھے مَعلُوم تھا کہ وہ یقیناً شاؤل کو بتائے گا۔ سو مَیں ہی تیرے سارے خاندان کی موت کا ذمّہ وار ہُوں۔ 23میرے پاس رہ اَور خوف نہ کر۔ جو تیری جان کا خواہاں ہے وہ مُجھے بھی جان سے مار ڈالنا چاہتے ہیں۔ تُو میرے پاس محفوظ رہے گا۔“

موجودہ انتخاب:

1 شموایلؔ 22: UCV

سرخی

شئیر

کاپی

None

کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in