1 شموایلؔ 24
24
داویؔد کا شاؤل کی جان بخشنا
1جَب شاؤل فلسطینیوں کے تعاقب سے لَوٹا تو اُسے خبر مِلی، ”داویؔد عینؔ گیدیؔ کے بیابان میں ہے۔“ 2لہٰذا شاؤل تمام اِسرائیل میں سے تین ہزار آدمیوں کو لے کر جنگلی بکروں کی چٹّانوں کے قریب داویؔد اَور اُس کے آدمیوں کو تلاش کرنے کے لیٔے روانہ ہُوا۔
3اَور راستہ میں بھیڑوں کے باڑوں کے پاس پہُنچا۔ وہاں ایک غار تھا۔ شاؤل رفع حاجت کے لیٔے اُس کے اَندر گیا۔ اُسی غار کے پچھلے حِصّہ میں داویؔد اَور اُس کے آدمی بیٹھے تھے۔ 4اُن آدمیوں نے داویؔد سے کہا، ”یہی وہ دِن ہے جِس کی بابت یَاہوِہ نے آپ سے کہاتھا، ’مَیں تیرے دُشمن کو تیرے ہاتھ میں کر دُوں گا اَور تُو جَیسا چاہے اُس کے ساتھ سلُوک کرنا۔‘ “ تَب داویؔد نے دبے پاؤں باہر کی طرف جا کر شاؤل کے جُبّہ کے دامن کا ایک ٹکڑا اَیسے کاٹا کہ شاؤل کو پتا نہ چلا۔
5بعدازاں شاؤل کے جُبّہ کا دامن کاٹنے کی وجہ سے داویؔد کے ضمیر نے اُسے ملامت کی 6اَور اُس نے اَپنے آدمیوں سے کہا، ”یَاہوِہ نہ کریں کہ میں اَپنے مالک سے جو یَاہوِہ کا ممسوح ہے اَیسا سلُوک کروں یا اُس کے خِلاف اَپنا ہاتھ اُٹھاؤں کیونکہ وہ یَاہوِہ کا ممسوح ہے۔“ 7اِن الفاظ کے ساتھ داویؔد نے اَپنے آدمیوں کو ڈانٹا اَور اُنہیں شاؤل پر حملہ کرنے سے روک دیا۔ جَب شاؤل غار سے نکل کر اَپنی راہ جا رہاتھا۔
8تو داویؔد نے غار سے باہر جا کر شاؤل کو آواز دی کہ، ”میرے آقا بادشاہ!“ جَب شاؤل نے پیچھے مُڑ کر دیکھا، تو داویؔد نیچے جھُکا اَور اُن کے سامنے مُنہ کے بَل زمین پر گِر کر اُنہیں سَجدہ کیا۔ 9اُس نے شاؤل سے کہا، ”جَب لوگ کہتے، ’داویؔد آپ کو نُقصان پہُنچانے پر تُلا ہُواہے تو آپ اُن کی باتیں کیوں سُنتے ہیں؟‘ 10اِس دِن آپ نے خُود اَپنی آنکھوں سے دیکھ لیا ہے کہ کس طرح یَاہوِہ نے غار میں آپ کو میرے ہاتھوں میں کر دیا اَور بعض نے مُجھے ترغِیب بھی دی کہ مَیں آپ کو قتل کر دُوں لیکن مَیں نے آپ کو قتل نہیں کیا، کیونکہ مَیں نے اَپنے دِل میں اِرادہ کر لیا تھا، ’میں اَپنا ہاتھ اَپنے آقا کے خِلاف ہرگز نہیں اُٹھاؤں گا کیونکہ میرے آقا یَاہوِہ کا ممسوح ہیں۔‘ 11اَبّا، اَپنے جُبّہ کے اِس ٹکڑے کو جو میرے ہاتھ میں ہے دیکھئے! مَیں نے آپ کے جُبّہ کے دامن کو کاٹ لیا لیکن آپ کو قتل نہیں کیا۔ لہٰذا اَب آپ دیکھ لیں اَور سمجھ لیں کہ مَیں نے کویٔی گُناہ نہیں کیا اَور نہ میں بغاوت کا مُجرم ہُوں۔ مَیں نے آپ کو کویٔی نُقصان نہیں پہُنچایا لیکن آپ ہیں کہ میری جان لینے کے لیٔے میرے پیچھے پڑے ہُوئے ہیں۔ 12کاش یَاہوِہ آپ کے اَور میرے درمیان اِنصاف کریں اَورجو بھی ظُلم آپ نے مُجھ پر کیا ہے یَاہوِہ اُس کا اِنتقام لیں گے لیکن مَیں آپ کو ہاتھ تک نہ لگاؤں گا۔ 13حالانکہ پرانی ضرب المثل چلی، ’بدکاروں سے بدی ہوتی ہے،‘ لیکن مَیں آپ کو ہاتھ تک نہ لگاؤں گا۔
14”شاہِ اِسرائیل کس کے پیچھے نِکلا ہے؟ آپ کس کے پیچھے پڑے ہیں؟ ایک مَرے ہُوئے کُتّے کے پیچھے؟ ایک پِسُّو کے پیچھے؟ 15پس یَاہوِہ ہی ہمارے مُنصِف ہوں اَور ہمارے درمیان فیصلہ کریں۔ وہ ہی میری وکالت فرمائیں، یہاں تک کہ مُجھے آپ کے ہاتھ سے بچا کر میری بےگُناہی ثابت کریں۔“
16جَب داویؔد نے یہ کہنا ختم کیا تو شاؤل نے پُوچھا، ”داویؔد میرے بیٹے! کیا یہ تیری ہی آواز ہے؟“ اَور وہ چِلّا چِلّاکر رونے لگا۔ 17اَور اُس نے داویؔد سے کہا، ”تُم مُجھ سے زِیادہ راستباز ہو۔ تُم نے میرے ساتھ اَچھّا برتاؤ کیا ہے لیکن مَیں نے تمہارے ساتھ بُرا سلُوک کیا۔ 18تُم نے ابھی جو بھلائی میرے ساتھ کی ہے اُس سے ظاہر ہے کہ یَاہوِہ نے مُجھے آپ کے ہاتھ میں دے دیا تھا لیکن آپ نے مُجھے قتل نہ کیا۔ 19بھلا کویٔی آدمی اَپنے دُشمن کو پا کر اُسے بغیر نُقصان پہُنچائے جانے دیتاہے؟ یَاہوِہ اُس نیکی کے عوض جو آپ نے مُجھ سے آج کے دِن کی آپ کو نیک اجر دے۔ 20میں خُوب جانتا ہُوں کہ تُم یقیناً بادشاہ بنوگے اَور اِسرائیل کی بادشاہی تمہارے ہاتھ میں آکر اُستوار ہوگی۔ 21اِس لئے اَب مُجھ سے یَاہوِہ کی قَسم کھا کہ تُم میری نَسل کو ہلاک نہیں کروگے اَور میرے باپ کے گھرانے سے میرا نام مٹا نہیں دوگے۔“
22اِس پر داویؔد نے شاؤل سے قَسم کھائی اَور شاؤل گھر لَوٹ گیا لیکن داویؔد اَور اُس کے آدمی قلعہ میں چلے گیٔے۔
موجودہ انتخاب:
1 شموایلؔ 24: UCV
سرخی
شئیر
کاپی
![None](/_next/image?url=https%3A%2F%2Fimageproxy.youversionapi.com%2F58%2Fhttps%3A%2F%2Fweb-assets.youversion.com%2Fapp-icons%2Fur.png&w=128&q=75)
کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in
اُردو ہم عصر ترجُمہ™، کِتاب مُقدّس
حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022، 2024 Biblica, Inc.
کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔
دُنیا بھر میں تمام حق محفوظ۔
Holy Bible, Urdu Contemporary Version™
Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc.
Used with permission.
All rights reserved worldwide.