YouVersion Logo
تلاش

1 تواریخ 16

16
صندُوق سے پہلے خدمت کرنا
1تَب وہ خُدا کا صندُوق لے آئے اَور اُسے اُس خیمہ میں جو داویؔد نے اُس کے لیٔے کھڑا کیا تھا رکھ دیا اَور سوختنی نذریں اَور سلامتی کی نذریں خُدا کے حُضُور گذرانی۔ 2اَور جَب داویؔد سوختنی نذریں اَور سلامتی کی نذریں چڑھا چُکے تو اُنہُوں نے قادرمُطلق یَاہوِہ#16‏:2 قادرمُطلق یَاہوِہ عِبرانی میں یَاہوِہ سباؤتھ یعنی لشکروں کے یَاہوِہ کے نام سے لوگوں کو برکت دی۔ 3اَور پھر ہر اِسرائیلی مَرد اَور عورت کو ایک ایک روٹی، گوشت کا ایک ٹکڑا اَور کھجور کی ٹکیا اَور ایک کشمش کی ٹکیا تقسیم کی۔
4اَور داویؔد نے لیویوں میں سے بعض کو یَاہوِہ کے صندُوق کے آگے مناجات کرنے، شُکر گزاری کرنے اَور یَاہوِہ اِسرائیل کے خُدا کی حَمد و ثنا کرنے کی خدمات پر مُقرّر کیا۔ 5آسفؔ افسر اعلیٰ تھا۔ زکریاؔہ اُس کا نائب تھا۔ اُس کے بعد یعزی ایل،#16‏:5 یعزی ایل یعنی یعی ایل شمیراموتؔ، یحی ایل، متّتیاہؔ، اِلیابؔ، بِنایاہؔ، عوبیدؔ اِدُوم اَور یعی ایل تھے۔ اُنہیں سِتار اَور بربط بجانے کی ذمّہ داری دی گئی اَور آسفؔ کا کام یہ تھا کہ وہ زور زور سے جھانجھ بجایا کرے۔ 6اَور بِنایاہؔ اَور یحزی ایل کاہِنوں کی ذمّہ داری یہ تھی کہ وہ خُدا کے عہد کے صندُوق کے آگے دستور کے مُطابق نرسنگے بجایا کریں۔
7پہلے اُسی دِن داویؔد نے آسفؔ اَور اُس کے ہم خدمت ساتھیوں کو ہدایت دی کہ وہ یَاہوِہ کی شُکر گُزاری کے لیٔے یہ زبُور گائیں:
8یَاہوِہ کا شُکر بجا لاؤ۔ اُن کے نام سے دعا کرو؛
قوموں کو اُن کے کاموں کے بارے میں بتاؤ۔
9اُن کی سِتائش میں گاؤ، اُن کی مدح سرائی کرو؛
اُن کے تمام حیرت اَنگیز کارناموں کا بَیان کرو۔
10اُن کے پاک نام پر فخر کرو،
جو یَاہوِہ کے طالب ہیں اُن کے دِل شادمان ہوں۔
11یَاہوِہ اَور اُن کی قُوّت کے طالب ہو؛
اَور ہمیشہ اُن کے دیدار کے خواہاں رہو۔
12اُن کے حیرت اَنگیز کارناموں کو جو اُنہُوں نے اَنجام دئیے،
اُن کے معجزات کو اَور اُن کے سُنائے ہُوئے فیصلوں کو یاد کرو،
13تُم جو اُن کے خادِم
اِسرائیل کی نَسل ہو، اَور تُم جو یعقوب کی اَولاد اَور اُن کے برگُزیدہ ہو!
14وُہی یَاہوِہ، ہمارے خُدا ہیں؛
ساری دُنیا میں اُن ہی کے فیصلے رائج ہیں۔
15وہ اَپنے عہد کو ہمیشہ یاد رکھتے ہیں،
یعنی اُس کلام کو جو اُنہُوں نے ہزار پُشتوں کے لیٔے فرمایاہے،
16وہ عہد، جو اُنہُوں نے اَبراہامؔ سے باندھا،
اَور وہ قَسم، جو اُنہُوں نے اِصحاقؔ سے کھائی۔
17اَور اُسی کو اُنہُوں نے یعقوب کے لیٔے قوانین،
اَور اِسرائیل کے لیٔے اَبدی عہد ٹھہرایا:
18مَیں کنعانؔ کا مُلک تُمہیں دُوں گا
جو تمہارا قَطعہ، موروثی حِصّہ ہوگا۔
19اُس وقت خُدا کے لوگ تعداد میں بہت کم تھے،
یعنی بالکُل تھوڑے اَور اُس مُلک میں پردیسی تھے،
20وہ ایک قوم سے دُوسری قوم میں،
اَور ایک سلطنت سے دُوسری سلطنت میں پھرتے رہے۔
21خُدا نے کسی آدمی کو اُن پر سِتم نہیں کرنے دیا؛
بَلکہ خُدا نے خُود بادشاہوں کو اُن کی خاطِر یہ تنبیہ دی:
22کہ میرے ممسوحوں کو مت چھُونا؛
اَور میرے نبیوں کو کویٔی نُقصان مت پہُنچانا۔
23اَے سَب اہلِ زمین! یَاہوِہ کے لیٔے گاؤ؛
روز بروز اُن کی نَجات کی بشارت دو۔
24قوموں میں یَاہوِہ کے جلال کا ذِکر کرو،
اَور اُمّتوں میں اُن کے حیرت اَنگیز کارناموں کا بَیان کرو۔
25کیونکہ یَاہوِہ عظیم ہیں اَور ہر سِتائش کے لائق ہیں؛
اَور سَب معبُودوں سے بڑھ کر تعظیم کے لائق ہیں۔
26کیونکہ قوموں کے سَب معبُود محض بُت ہیں،
لیکن یَاہوِہ نے آسمانوں کو بنایا۔
27شان و شوکت اُن کے سامنے ہیں؛
اَور قُدرت اَور شادمانی اُن کی حُضُوری میں ہیں۔
28اَے قوموں کے قبیلو! یَاہوِہ کے لیٔے،
جلال اَور قُوّت یَاہوِہ ہی کے لیٔے مخصُوص کرو،
29یَاہوِہ کے نام کی عظمت کو اُن ہی سے منسوب کرو۔
اُن کی حُضُوری میں اَپنے عطیات لے کر آؤ؛
پاکیزگی کی شوکت میں ہوکر یَاہوِہ کی عبادت کرو۔
30اَے سَب اہلِ زمین، اُن کی حُضُوری میں کانپتے رہو!
دُنیا مضبُوطی سے قائِم ہے، اُسے سرکایا نہیں جا سَکتا۔
31افلاک خُوش ہوں، اَور زمین شادمان ہو؛
وہ قوموں میں اعلان کریں کہ، ”یَاہوِہ سلطنت کرتے ہیں!“
32سمُندر اَور اُس کی معموُری شور مچائے؛
میدان اَورجو کچھ اُن میں ہے، خُوشی منائے!
33تَب جنگل کے سَب درخت گائیں گے،
وہ خُوشی سے یَاہوِہ کے حُضُور میں نعرے ماریں گے،
کیونکہ وہ دُنیا کی عدالت کرنے آ رہے ہیں۔
34یَاہوِہ کا شُکر بجا لاؤ کیونکہ وہ بھلےہیں؛
اَور اُن کی شفقت اَبدی ہے۔
35پُکار پُکار کر کہو کہ اَے مُنجّی خُدا، ”ہمیں بچا لیں؛
اَور قوموں میں سے جمع کر لیں اَور اُن سے ہمیں رِہائی عطا فرمائیں،
تاکہ ہم آپ کے پاک نام کا شُکر کریں،
اَور آپ کی سِتائش کرنے میں فخر محسُوس کریں۔“
36بنی اِسرائیل کے خُدا یَاہوِہ،
اَزل سے اَبد تک مُبارک ہوں۔
سَب لوگ کہیں: ”آمین“ اَور ”یَاہوِہ کی سِتائش کرو۔“
37اَور داویؔد نے آسفؔ اَور اُس کے ہم خدمت ساتھیوں کو یَاہوِہ کے عہد کے صندُوق کے آگے چھوڑا تاکہ وہ وہاں اَپنی اَپنی ذمّہ داریوں کے مُطابق روزانہ خدمت کیا کریں۔ 38اَور اُس نے عوبیدؔ اِدُوم اَور اُس کے اڑسٹھ ساتھیوں کو بھی اُس کے ہمراہ خدمت کرنے کے لیٔے وہاں چھوڑا اَور عوبیدؔ اِدُوم بِن یدُوتونؔ اَور حوساہؔ کو دربان بنا دیا۔
39اَور داویؔد نے صدُوقؔ کاہِنؔ اَور اُس کے ہم خدمت ساتھیوں کو گِبعونؔ میں اُونچے مقام پر یَاہوِہ کے مَسکن کے آگے چھوڑا، 40تاکہ وہ اُن سارے آئین کے مُطابق جو یَاہوِہ کی طرف سے اِسرائیل کو دی گئی ہیں ہر صُبح اَور شام سوختنی نذر کی قُربانی کے مذبح پر یَاہوِہ کے لیٔے سوختنی نذریں گذرانیں۔ 41اَور اُن کے ساتھ ہیمانؔ اَور یدُوتونؔ اَور باقی مُنتخب لوگ تھے جنہیں نام بنام گِنا گیا تھا تاکہ یَاہوِہ کا شُکر کریں، ”کیونکہ یَاہوِہ کی شفقت اَبدی ہے۔“ 42ہیمانؔ اَور یدُوتونؔ کے ذمّہ نرسنگے اَور جھانجھ بجانا اَور خُدا کے لئے مُقدّس نغموں کے لیٔے دیگر ساز بجانا تھا۔ اَور یدُوتونؔ کے بیٹے پھاٹکوں پر تعینات تھے۔
43تَب سَب لوگ اَپنے اَپنے گھر چلے گیٔے اَور داویؔد بھی گھر لَوٹے تاکہ اَپنے گھرانے کو برکت دیں۔

موجودہ انتخاب:

1 تواریخ 16: UCV

سرخی

شئیر

کاپی

None

کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in