1 تواریخ 15

15
خُدا کے عہد کے صندُوق کا یروشلیمؔ لایا جانا
1جَب داویؔد، شہر داویؔد میں اَپنے لیٔے عمارتیں بنا چُکے تو اُس کے بعد اُنہُوں نے معبُود کے صندُوق کے لیٔے ایک جگہ تیّار کی اَور وہاں خیمہ کھڑا کیا۔ 2تَب داویؔد نے کہا، ”لیویوں کے سِوا اَور کویٔی خُدا کے صندُوق کو ہاتھ نہ لگائے کیونکہ خُدا نے اُن کو ہی چُناہے کہ وہ خُدا کے صندُوق کو اُٹھایا کریں اَور ہمیشہ یَاہوِہ کے حُضُور خدمت اَنجام دیتے رہیں۔“
3اَور داویؔد نے سارے اِسرائیل کو یروشلیمؔ میں جمع کیا تاکہ یَاہوِہ کے صندُوق کو اُس جگہ لے آئیں جو اُنہُوں نے اُس کے لیٔے تیّار کی تھی۔
4اَور داویؔد نے بنی اَہرونؔ اَور بنی لیوی کو جمع کیا۔
5جِن میں بنی قُہات میں سے
اوری ایل سردار اَور اُس کے ایک سَو بیس رشتہ دار؛
6بنی مِراریؔ میں سے
عسایاہؔ سردار اَور اُس کے دو سَو بیس رشتہ دار؛
7بنی گیرشوم میں سے
یُوایلؔ سردار اَور اُس کے ایک سَو تیس رشتہ دار؛
8اِلیضفنؔ میں سے
شمعیاہؔ سردار اَور اُس کے دو سَو رشتہ دار؛
9بنی حِبرونؔ میں سے
الی ایل سردار اَور اُس کے اسّی رشتہ دار؛
10بنی عُزّی ايل میں سے
عَمّیندابؔ سردار اَور اُس کے ایک سَو بَارہ رشتہ دار تھے۔
11اَور داویؔد نے صدُوقؔ اَور ابیاترؔ کاہِنوں کو اَور اوری ایل، عسایاہؔ، یُوایلؔ، شمعیاہؔ، الی ایل اَور عَمّیندابؔ لیویوں کو بُلایا 12اَور اُن سے فرمایا، ”تُم لیویوں کے آبائی خاندانوں کے سردار ہو؛ تُمہیں اَور تمہارے ہم خدمت لیوی ساتھیوں کو اَپنے آپ کو پاک کرناہے اَور یَاہوِہ اِسرائیل کے خُدا کے صندُوق کو اُس جگہ لانا ہے جو مَیں نے اُن کے لیٔے تیّار کی ہے۔ 13کیونکہ جَب تُم لیویوں نے پہلی بار اُسے نہ اُٹھایا تو یَاہوِہ ہمارے خُدا کا قہر ہمارے خِلاف یَکایک بھڑک اُٹھا کیونکہ ہم نے اُن سے یہ نہ پُوچھا تھا کہ مُقرّرہ طریقہ کے مُطابق ہمیں یہ کام کس طرح اَنجام دینا چاہئے۔“ 14تَب کاہِنوں اَور لیویوں نے اَپنے آپ کو پاک کیا تاکہ وہ یَاہوِہ اِسرائیل کے خُدا کے صندُوق کو لا سکیں۔ 15اَور بنی لیوی نے خُدا کے صندُوق کو بَلّیوں سے اَپنے کندھوں پر اُٹھالیا جَیسا کہ مَوشہ نے یَاہوِہ کے کلام کے مُطابق حُکم دیا تھا۔
16اَور داویؔد نے لیویوں کے سرداروں کو فرمایا کہ اَپنے بھائیوں میں سے گانے والوں کو مُقرّر کریں تاکہ موسیقی کے ساز یعنی سِتار، بربط اَور جھانجھ بجاتے ہُوئے زور زور سے خُوشی کے نغمہ گائیں۔
17پس لیویوں نے ہیمانؔ بِن یُوایلؔ کو اَور اُس کے بھائیوں میں سے آسفؔ بِن بیرکیاہ کو اَور اُن کے مِراریؔ بھائیوں میں سے ایتھانؔ بِن قُوشیّاہؔ کو مُقرّر کیا۔ 18اَور اُن کے ساتھ اُن کے دُوسرے رشتہ داروں میں سے یہ لوگ تھے: زکریاؔہ، بین، یعزی ایل، شمیراموتؔ، یحی ایل، عُنّیؔ، اِلیابؔ، بِنایاہؔ، معسیاہؔ، متّتیاہؔ، الفِلہُوؔ، مِقنیاہؔ، عوبیدؔ اِدُوم اَور یعی ایل جو دربان تھے۔
19موسیقار ہیمانؔ، آسفؔ اَور ایتھانؔ کو کانسے کی جھانجھوں کو زور زور سے بجانے کے لیٔے مُقرّر کیا گیا؛ 20اَور زکریاؔہ، یعزی ایل یا عزی ایل، شمیراموتؔ، یحی ایل، عُنّیؔ، اِلیابؔ، معسیاہؔ، اَور بِنایاہؔ کے ذمّہ سِتار کو علاموت سُر کے مُطابق بجانا تھا۔ 21اَور متّتیاہؔ، الفِلہُوؔ، مِقنیاہؔ، عوبیدؔ اِدُوم، یعی ایل اَور عززیاہؔ کے ذمّہ سِتار کو شمینِت سُر کے مُطابق بجانا تھا۔ 22اَور قنانیاہؔ جو لیویوں کا سردار تھا گانے والوں کا ہادی تھا۔ یہ اُس کی ذمّہ داری تھی کیونکہ وہ موسیقی میں ماہر تھا۔
23اَور بیرکیاہؔ اَور اِلقانہؔ عہد کے صندُوق کے دربان تھے۔ 24اَور شِبنیاہ، یہوشافاطؔ، نتنی ایل، عماسیؔ، زکریاؔہ، بِنایاہؔ اَور الیعزرؔ کاہِنوں کی ذمّہ داری یہ تھی کہ وہ خُدا کے عہد کے صندُوق کے آگے آگے نرسنگے پھُونکتے جایٔیں۔ اَور عوبیدؔ اِدُوم اَور یحیاہؔ بھی عہد کے صندُوق کے دربان تھے۔
25تَب داویؔد اَور اِسرائیل کے بُزرگ اَور ہزار ہزار کے فَوجی دستوں کے سپہ سالار روانہ ہُوئے کہ یَاہوِہ کے عہد کے صندُوق کو عوبیدؔ اِدُوم کے گھر سے ناچتے گاتے ہُوئے لائیں۔ 26چونکہ خُدا نے اُن لیویوں کی جو یَاہوِہ کے عہد کے صندُوق کو اُٹھائے ہُوئے تھے مدد کی تو اُنہُوں نے سات بَیل اَور سات مینڈھے قُربان کئے۔ 27داویؔد، اَور سَب لیوی جو صندُوق کو اُٹھائے ہُوئے تھے اَور موسیقار اَور قنانیاہؔ جو گلوکاروں کا نِگراں تھا، کتانی لباس پہنے ہُوئے تھے اَور داویؔد بھی کتان کا افُود پہنے ہُوئے تھے۔ 28یُوں سَب اِسرائیلی نعرے لگاتے، صوفار یعنی مینڈھوں کے سینگوں، تُرہیوں اَور جھانجھوں کی آواز کے ساتھ سِتار اَور بربط بجاتے ہُوئے یَاہوِہ کے عہد کے صندُوق کو لایٔے۔
29اَور جَب یَاہوِہ کا عہد کا صندُوق داویؔد کے شہر میں داخل ہو رہاتھا تو شاؤل کی بیٹی میکلؔ نے ایک کھڑکی سے جھانکا اَور جَب اُس نے داویؔد کو رقص کرتے اَور خُوشی مناتے دیکھا تو اُس کے دِل میں داویؔد بادشاہ کے لیٔے حقارت پیدا ہو گئی۔

موجودہ انتخاب:

1 تواریخ 15: UCV

سرخی

شئیر

کاپی

None

کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in