1 تواریخ 14
14
داویؔد کا خاندان
1اَور شاہِ صُورؔ حِیرامؔ نے اَپنے قاصِدوں کے ہمراہ دیودار کی لکڑی، مِعمار اَور بڑھئی داویؔد کے پاس بھیجے تاکہ وہ اُن کے لیٔے محل بنائیں۔ 2اَور داویؔد کو مَعلُوم ہو گیا کہ یَاہوِہ نے اُسے اِسرائیل کے بادشاہ کے طور پر قِیام بخشا ہے اَور اَپنی قوم اِسرائیل کی خاطِر اُس کی بادشاہی کو بڑا ممتاز کیا ہے۔
3یروشلیمؔ میں داویؔد نے اَور بیویاں بیاہ لیں اَور اِس طرح وہ کیٔی بیٹوں اَور بیٹیوں کا باپ بَن گئے۔ 4وہاں یروشلیمؔ میں اُن کے جو بچّے پیدا ہُوئے اُن کے نام یہ ہیں: شَمّوعؔ، شوبابؔ، ناتنؔ اَور شُلومونؔ، 5اِبحارؔ، الِیشُوعؔ، الیپلطؔ، 6نوگاہؔ، نِفیگ، یافیعؔ، 7اِلیشمعؔ، بیعلیادعؔ#14:7 بیعلیادعؔ اِسے الیدعؔ بھی کہتے ہیں اَور الیفلطؔ۔
داویؔد کا فلسطینیوں کو شِکست دینا
8جَب فلسطینیوں نے سُنا کہ داویؔد کو مَسح کرکے اِسرائیل کا بادشاہ بنایا گیا ہے تو وہ سَب لشکر کے ساتھ اِکٹھّے ہوکر اُنہیں تلاش کرنے نکل پڑے لیکن جَب داویؔد نے یہ سُنا تو وہ اُن کے مُقابلہ کو نکلے 9اَور فلسطینی آئے اَور رفائیمؔ کی وادی میں پھیل گیٔے۔ 10تَب داویؔد نے خُدا سے پُوچھا، ”کیا میں جا کر فلسطینیوں پر حملہ کر دُوں؟ کیا آپ اُنہیں میرے حوالے کر دیں گے؟“
یَاہوِہ نے داویؔد کو جَواب دیا، ”جاؤ مَیں اُنہیں تمہارے حوالے کر دُوں گا۔“
11اِس لئے داویؔد اَور اُس کے جَوان بَعل پراضیمؔ کو گئے اَور وہاں اُس نے اُنہیں شِکست دی اَور کہا، ”جَیسے اَچانک سیلاب کا پانی پھوٹ کر بہہ نکلتا ہے، وَیسے ہی خُدا نے میرے ہاتھ سے میرے دُشمنوں کو پھاڑ ڈالا ہے۔“ اِس لیٔے وہ جگہ بَعل پراضیمؔ#14:11 بَعل پراضیمؔ پھوٹ نکلنا کہلائی۔ 12فلسطینی اَپنے معبُود وہاں چھوڑ گیٔے تھے جنہیں داویؔد کے حُکم سے آگ کے سُپرد کیا گیا۔
13فلسطینی ایک دفعہ پھر آئے اَور اُس وادی میں داخل ہو گئے۔ 14داویؔد نے خُدا سے پھر پُوچھا اَور خُدا نے اُسے جَواب دیا، ”تُم اُن کا پیچھا کرنے کے بجائے کَترا کر آگے نکل جانا اَور بید کے درختوں کے سامنے سے اُن پر حملہ کرنا۔ 15اَور جُوں ہی تُم بید کے درختوں کی پھُنگیوں میں قدموں کی آواز سُنو تو جلدی سے حرکت میں آجانا تاکہ وہ سمجھ لیں کہ یَاہوِہ فلسطینیوں کی فَوج کو مارنے کے لیٔے تمہارے آگے گئے ہیں۔“ 16اَور داویؔد نے جَیسا خُدا نے اُسے فرمایا تھا کیا اَور وہ اَور اُس کے جَوان فلسطینیوں کی فَوج کو گِبعونؔ سے گِزرؔ تک قتل کرتے چلے گیٔے۔
17داویؔد کی شہرت سَب مُلکوں میں پھیل گئی اَور یَاہوِہ نے سَب قوموں پر اُس کا خوف بِٹھا دیا۔
موجودہ انتخاب:
1 تواریخ 14: UCV
سرخی
شئیر
کاپی
![None](/_next/image?url=https%3A%2F%2Fimageproxy.youversionapi.com%2F58%2Fhttps%3A%2F%2Fweb-assets.youversion.com%2Fapp-icons%2Fur.png&w=128&q=75)
کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in
اُردو ہم عصر ترجُمہ™، کِتاب مُقدّس
حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022، 2024 Biblica, Inc.
کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔
دُنیا بھر میں تمام حق محفوظ۔
Holy Bible, Urdu Contemporary Version™
Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc.
Used with permission.
All rights reserved worldwide.