1 تواریخ 13
13
عہد کے صندُوق کا واپس لایا جانا
1داویؔد نے اَپنے تمام سرداروں سے جو ہزاروں اَور سینکڑوں فَوجی دستوں کی قیادت کر رہے تھے صلاح مشورہ کیا۔ 2اَور تَب داویؔد نے بنی اِسرائیل کی ساری جماعت سے کہا، ”اگر تُمہیں یہ اَچھّا لگے اَور اگر یہ یَاہوِہ ہمارے خُدا کی مرضی ہو تو آؤ ہم دُور دُور تک ہر طرف اِسرائیل کے تمام قصبوں میں اَپنے باقی بھائیوں اَور نواحی دار علاقوں میں اُن کے ساتھ رہنے والے کاہِنوں اَور لیویوں کو بھی کہلا بھیجیں کہ وہ آئیں اَور ہمارے ساتھ شامل ہو جایٔیں۔ 3اَور ہم اَپنے خُدا کے عہد کے صندُوق کو پھر سے اَپنے پاس لے آئیں کیونکہ شاؤل کے دَورِ حُکومت میں ہم نے اُس کی پروا نہ کی۔“ 4تمام جماعت اَیسا کرنے پر رضامند ہو گئی کیونکہ سَب لوگوں کو یہ تجویز اَچھّی مَعلُوم ہُوئی۔
5تَب داویؔد نے مِصر کے دریا شیحُورؔ سے لے کر لیبو حماتؔ تک تمام اِسرائیلیوں کو جمع کیا تاکہ خُدا کے عہد کے صندُوق کو قِریت یعریمؔ سے لے آئیں۔ 6اَور داویؔد اَور اُس کے ساتھ تمام اِسرائیلی بعلہؔ یعنی قِریت یعریمؔ کو جو یہُوداہؔ میں ہے گیٔے تاکہ یَاہوِہ خُدا کے عہد کے صندُوق کو وہاں سے لے آئیں جو وہاں کروبیوں کے درمیان تخت نشین یَاہوِہ کے نام سے مشہُور ہے۔
7اَور وہ خُدا کے صندُوق کو ابینادابؔ کے گھر سے ایک نئی بَیل گاڑی پر رکھ کر باہر نکلے جسے عُزّاہ اَور اخیوؔ ہانک رہے تھے۔ 8اَور داویؔد اَور تمام بنی اِسرائیل خُدا کے حُضُور خُوب زور زور سے نغمہ گاتے اَور بربط، سِتار، دف، جھانجھ بجاتے اَور نرسنگے پھُونکتے ہُوئے چلے آتے تھے۔
9جَب وہ کیدونؔ کے کھلیان پر پہُنچے تو عُزّاہ نے صندُوق کو سنبھالنے کے لیٔے اَپنا ہاتھ بڑھایا کیونکہ بَیلوں نے ٹھوکر کھائی تھی۔ 10تَب یَاہوِہ کا قہر عُزّاہ پر بھڑکا اَور یَاہوِہ نے اُسے مار ڈالا۔ کیونکہ اُس نے صندُوق کو ہاتھ لگا کر غلطی کی تھی اِس لیٔے وہ وہیں خُدا کے حُضُور مَر گیا۔
11داویؔد اِس بات سے بڑا غمگین ہُوا کیونکہ یَاہوِہ کا قہر عُزّاہ کے خِلاف بھڑکا تھا لہٰذا وہ جگہ آج تک پیریزؔ عُزّاہ#13:11 پیریزؔ عُزّاہ عُزّاؔ کا قہر بھڑکا کہلاتی ہے۔
12اُس دِن داویؔد خُدا سے ڈر گئے اَور کہنے لگے کہ، ”میں خُدا کے عہد کے صندُوق کو اَپنے یہاں کیسے لاؤں؟“ 13چنانچہ داویؔد خُدا کے عہد کے صندُوق کو اَپنے یہاں شہر داویؔد میں نہ لائے بَلکہ اُسے باہر ہی باہر گِتّی عوبیدؔ اِدُوم کے گھر لے گئے۔ 14پس خُدا کے عہد کا صندُوق عوبیدؔ اِدُوم کے گھرانے کے ساتھ اُس گھر میں تین مہینے تک رکھا رہا اَور یَاہوِہ نے عوبیدؔ اِدُوم کے گھرانے اَور اُس کی ساری چیزوں کو برکت دی۔
موجودہ انتخاب:
1 تواریخ 13: UCV
سرخی
شئیر
کاپی
![None](/_next/image?url=https%3A%2F%2Fimageproxy.youversionapi.com%2F58%2Fhttps%3A%2F%2Fweb-assets.youversion.com%2Fapp-icons%2Fur.png&w=128&q=75)
کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in
اُردو ہم عصر ترجُمہ™، کِتاب مُقدّس
حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022، 2024 Biblica, Inc.
کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔
دُنیا بھر میں تمام حق محفوظ۔
Holy Bible, Urdu Contemporary Version™
Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc.
Used with permission.
All rights reserved worldwide.