1 تواریخ 12

12
جنگجو مَردوں کا داویؔد سے اِتّحاد
1یہ وہ مَرد تھے جو داویؔد کے پاس صِقلاگ میں اُس وقت آئےتھے جَب وہ شاؤل بِن قیشؔ کی حُضُوری سے روپوش ہو چُکاتھا (اَور وہ اُن بہادروں میں سے تھے جو جنگ میں اُس کے مددگار تھے۔ 2وہ کمانوں سے مُسلّح تھے اَور اُلٹے یا سیدھے، دونوں ہاتھ سے تیر چلانے اَور فلاخن سے پتّھر مارنے میں ماہر تھے۔ اَور وہ بِنیامین کے قبیلہ سے تھے اَور شاؤل کے رشتہ دار تھے):
3احیعزر اُن کا سردار تھا اَور یُوآشؔ یہ دونوں گبعاتھی شِماعاؔ کے بیٹے تھے؛
یزی ایل اَور پِلیتؔ جو عزماوتؔ کے بیٹے تھے؛
براکاہؔ اَور عناتوتی یِہُو، 4اَور گِبعونی اِشماعیاہؔ جو اُن تیسوں میں ایک جنگجو مَرد تھا اَورجو اُن تیسوں کا سردار تھا؛
یرمیاہؔ، یحزی ایل، یوحانانؔ، گِدیرہاتی یُوزبادؔ، 5اِلعوزائی، یریموتؔ، بعلیاہؔ، شِماریاہؔ اَور حاروفی شفطیاہؔ،
6اِلقانہؔ، یشیاہؔ، عزرایلؔ، یُوعزرؔ اَور یسُوبعامؔ
جو قورحؔ کی نَسل تھے۔
7اَور یوعیلاہؔ اَور زبدیاہؔ جو یروحامؔ گدُورؔ کے بیٹے تھے۔
8اَور بنی گادؔ میں سے بعض الگ ہوکر بیابان کے قلعہ میں داویؔد سے آ ملے۔ وہ زبردست جنگجو تھے اَور میدانِ جنگ میں اُترنے کے لیٔے تیّار تھے۔ وہ ڈھالوں اَور نیزوں سے مُسلّح تھے اَور اُن کے چہرے شیروں کے چہروں کی مانند تھے اَور وہ پہاڑی غزالوں کی طرح تیز رفتار تھے۔
9عزرؔ افسر اعلیٰ تھا،
عبدیاہؔ کا درجہ دُوسرا تھا اَور اِلیابؔ کا تیسرا،
10مشمنّہؔ چوتھا،
یرمیاہؔ پانچواں۔
11عتّئیؔ چھٹا۔ الی ایل ساتواں،
12یوحانانؔ آٹھواں، اِلزبادؔ نواں،
13یرمیاہؔ دسواں، مکبنّائی گیارھواں۔
14یہ بنی گادؔ فَوج کے سپہ سالار تھے۔ اُن میں سَب سے چھوٹا سَو مَردوں کا مُقابلہ کر سَکتا تھا اَور سَب سے بڑا ہزار کا۔ 15یہ وہ ہیں جو پہلے مہینے میں اُس وقت یردنؔ کے پار گیٔے جَب وہ طغیانی پر تھا اَور اُنہُوں نے وادیوں کے سَب لوگوں کو مشرق اَور مغرب کی طرف بھگا دیا۔
16دیگر بنی بِنیامین اَور بنی یہُوداہؔ کے کچھ لوگ بھی قلعہ میں داویؔد کے پاس آئے۔ 17داویؔد اُن کے اِستِقبال کو نکلے اَور اُن سے کہنے لگے، ”اگر تُم سلامتی کے ساتھ میری مدد کے لیٔے میرے پاس آئے ہو تو مَیں تُمہیں اَپنے ساتھ مِلانے کے لیٔے تیّار ہُوں لیکن اگر تُم غدّاری کرکے مُجھے میرے دُشمنوں کے حوالہ کرنے آئے ہو جَب کہ میرے ہاتھ ظُلم سے پاک ہیں تو ہمارے آباؤاَجداد کا خُدا اُسے دیکھیں اَور تُمہیں ملامت کریں۔“
18تَب عماسیؔ پرجو اُن تیسوں کا سردار تھا پاک رُوح نازل ہُوا اَور فرمایا:
”اَے داویؔد! ہم تمہارے ہیں۔
اَے یِشائی کے بیٹے! ہم تمہارے ساتھ ہیں۔
آپ فتح مند ہُوں اَور فتح مند ہُوں،
اَورجو کوئی آپ کا مددگار ہو اُس کی بھی فتح ہو،
کیونکہ آپ کے خُدا آپ کی مدد کرتے ہیں۔“
یہ سُن کر داویؔد نے اُنہیں قبُول کیا اَور اُنہیں اَپنے چھاپہ مار دستوں کے سردار بنا دیا۔
19جَب داویؔد شاؤل کے خِلاف فلسطینیوں کے ساتھ جنگ کرنے کے لیٔے تیّار ہو ہی رہے تھے تبھی بنی منشّہ کے چند لوگ داویؔد کے ساتھ ہو گئے۔ (پھر بھی داویؔد فلسطینیوں کے ساتھ جنگ میں نہیں گئے کیونکہ فلسطینیوں کے حاکموں نے آپَس میں صلاح مشورہ کرکے اُن کو اِس شک کے ساتھ لَوٹا دیا، ”وہ تو اَپنے آقا شاؤل سے جا ملیں گے اَور ہم مارے جایٔیں گے۔“) 20جَب داویؔد صِقلاگ کو گئے تو منشّہ میں سے جو لوگ اُن سے جا ملے وہ یہ تھے: عدناہؔ، یُوزبادؔ، یدیع ایل، مِیکاایلؔ، یُوزبادؔ، اِلیہُوؔ اَور ضِلّیتائیؔ جو بنی منشّہ میں ایک ایک ہزار جَوانوں کے سردار تھے۔ 21اُنہُوں نے چھاپہ مار دستوں کے خِلاف داویؔد کی مدد کی کیونکہ وہ سَب زبردست جنگجو اَور لشکر کے سردار تھے۔ 22اَور داویؔد کے مددگاروں کی تعداد روز بروز بڑھتی چلی گئی یہاں تک کہ ایک بڑی فَوج جمع ہو گئی جو خُدا کے لشکر کی مانند تھا۔
حِبرونؔ میں دیگر لوگوں کا داویؔد کے ساتھ شامل ہونا
23اَورجو لوگ جنگ کے لیٔے مُسلّح ہوکر حِبرونؔ میں داویؔد کے پاس آئے تاکہ یَاہوِہ کے فرمان کے مُطابق شاؤل کی مملکت اُس کے سُپرد کریں اُن کا شُمار یہ ہے:
24بنی یہُوداہؔ جو ڈھالیں اَور نیزے لیٔے ہُوئے جنگ کے لیٔے مُسلّح تھے، چھ ہزار آٹھ سَو؛
25بنی شمعُونؔ میں سے جنگ کے لیٔے تیّار جنگجو سات ہزار ایک سَو؛
26بنی لیوی میں سے چار ہزار چھ سَو، 27جِن میں یہُویدعؔ بھی شامل تھا جو اَہرونؔ کے خاندان کا سردار تھا اَور جِس کے ساتھ تین ہزار سات سَو جَوان مَرد تھے 28اَور صدُوقؔ ایک جَوان بہادر جنگجو اَور اُس کے آبائی خاندان کے بائیس سردار؛
29اَور بِنیامینیوں میں سے شاؤل کے تین ہزار رشتہ دار جِن میں بیشتر اُس وقت تک شاؤل کے گھرانے کے وفادار تھے؛
30اَور بنی اِفرائیمؔ میں سے بیس ہزار آٹھ سَو زبردست سُورما جو اَپنے آبائی برادریوں میں مشہُور و معروف آدمی تھے؛
31اَور منشّہ کے آدھے قبیلہ کے لوگ جو نام بنام بُلائے گیٔے کہ آکر داویؔد کو بادشاہ بنائیں اٹھّارہ ہزار تھے؛
32اَور بنی یِسَّکاؔر میں سے دو سَو سردار جو بڑے وقت شناس تھے کہ اِسرائیل کو کب کیا کرنا مُناسب ہے۔ وہ اَپنے تمام رشتہ داروں کے ساتھ تھے جو اُن کے فرمانبردار تھے؛
33اَور زبُولُون کے جَوان مَرد جو تجربہ کار فَوجی تھے اَور جنگ کے وقت بڑی ثابت قدمی سے داویؔد کی مدد کرنے کے لیٔے ہر قِسم کے ہتھیاروں سے لیس تھے جو شُمار میں پچاس ہزار تھے؛
34اَور نفتالی میں سے ایک ہزار افسران جِن کے ساتھ سینتیس ہزار سِپر اَور نیزہ بردار جَوان تھے؛
35اَور دانیوں میں سے اٹّھائیس ہزار چھ سَو جنگی فَوجی؛
36اَور بنی آشیر میں سے میدانِ جنگ کے لیٔے تیّار اَور تجربہ کار چالیس ہزار فَوجی؛
37اَور دریائے یردنؔ کے مشرق سے بنی رُوبِنؔ، بنی گادؔ اَور منشّہ کے آدھے قبیلہ کے جَوان مَرد جو ہر قِسم کے جنگی آلات سے لیس تھے ایک لاکھ بیس ہزار۔
38یہ تمام جنگجو مَرد تھے جنہوں نے بطور فَوجی اَپنی خدمات پیش کیں۔
وہ داویؔد کو اِسرائیل کا بادشاہ بنانے کے لیٔے مصمّم اِرادے کے ساتھ حِبرونؔ میں آئے اَور باقی سَب اِسرائیلی بھی داویؔد کو بادشاہ بنانے پر مُتّفِق تھے۔ 39اَور اُنہُوں نے وہاں تین دِن داویؔد کے ساتھ کھاتے پیتے گزارے کیونکہ اُن کے رشتہ داروں نے اُنہیں سَب کچھ مُہیّا کر دیا تھا۔ 40اَور اُن کے وہ قریبی لوگ جو یِسَّکاؔر، زبُولُون اَور نفتالی کے علاقوں سے تھے وہ بھی گدھوں، اُونٹوں، خچّروں اَور بَیلوں پر اشیائے خُوردنی لاد کر لایٔے جو روٹیوں، مَیدہ سے بنے پکوان، اَنجیر کی ٹکیوں، کشمش کی ٹکیوں، مَے اَور تیل پر مُشتمل تھیں اَور مویشیوں اَور بھیڑوں کی کثیر تعداد اُن کے ساتھ تھی۔ اِس لیٔے کہ اِسرائیل میں جَشن منایا جا رہاتھا۔

موجودہ انتخاب:

1 تواریخ 12: UCV

سرخی

شئیر

کاپی

None

کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in