1 تواریخ 11
11
داویؔد کا اِسرائیل کا بادشاہ بننا
1تَب سَب اِسرائیلی حِبرونؔ میں داویؔد کے پاس جمع ہوکر کہنے لگے، ”ہم تمہارا اَپنا گوشت اَور خُون ہیں۔ 2کچھ عرصہ پہلے جَب شاؤل بادشاہ تھا اُس وقت بھی اِسرائیل کی فَوجوں کی کمان تمہارے ہاتھ میں تھی اَور یَاہوِہ تمہارے خُدا نے تُمہیں فرمایا، ’تُم میری قوم اِسرائیل کی گلّہ بانی کروگے اَور تُم اُن کے حُکمران بَن جاؤگے۔‘ “
3پس اِسرائیل کے سَب بُزرگ حِبرونؔ میں داویؔد بادشاہ کے پاس آئے، بادشاہ نے اُن کے ساتھ یَاہوِہ کے حُضُور عہد کیا، اَور اُنہُوں نے داویؔد کو مَسح کرکے اِسرائیل کا بادشاہ بنایا جَیسا کہ یَاہوِہ نے شموایلؔ کی مَعرفت وعدہ کیا تھا۔
داویؔد کا یروشلیمؔ کو فتح کرنا
4داویؔد اَور تمام بنی اِسرائیل نے یروشلیمؔ (یعنی یبُوس) پر چڑھائی کی اَور یبُوسیوں نے جو وہاں کے باشِندے تھے 5یبُوسیوں نے داویؔد سے کہا، ”تُم یہاں داخل نہ ہو سکوگے۔“ تاہم داویؔد نے صِیّونؔ کا قلعہ فتح کر لیا جسے اَب داویؔد کا شہر کہتے ہیں۔
6داویؔد نے کہاتھا، ”جو کویٔی یبُوسیوں پر حملہ کرنے میں پہل کرےگا اُسے سپہ سالار بنا دیا جائے گا۔“ یُوآبؔ بِن ضرویاہؔ جو پہلے حملہ آور ہُوا سپہ سالار بنا دیا گیا۔
7اَور داویؔد قلعہ میں رہنے لگے اِس لیٔے یہ داویؔد کا شہر کہلانے لگا۔ 8اُس نے مِلّوؔ سے لے کر اُس کے اِردگرد کے سارے علاقہ کو مضبُوط کیا اَور یُوآبؔ نے باقی شہر کی مرمّت کی 9اَور داویؔد زِیادہ سے زِیادہ طاقتور ہوتے گئے کیونکہ قادرمُطلق یَاہوِہ خُدا اُن کے ساتھ تھے۔
داویؔد کے جنگجو لشکروں کے سردار
10اَور داویؔد کے لشکروں کے جنگجو سُورما یہ تھے جنہوں نے اُن کی حُکومت کی حمایت کی اَور سارے اِسرائیل کے ساتھ مِل کر اُنہیں بادشاہ بنایا تھا جَیسا کہ یَاہوِہ کا اِسرائیل سے وعدہ تھا۔ 11داویؔد کے جنگجو سُورماؤں کی فہرست یہ ہے:
یسُوبعامؔ بنی حکمُونیؔ جو اعلیٰ افسران تھا۔ اُس نے اَپنا نیزہ تین سَو آدمیوں کے خِلاف اُٹھایا اَور ایک ہی حملہ میں اُنہیں قتل کر ڈالا۔
12اُس کے بعد الیعزرؔ بِن احُوحی دودائی یعنی دودوؔ تھا جو اُن تین جنگجو سُورماؤں میں سے ایک تھا۔ 13وہ داویؔد کے ساتھ فسدمّیمؔ میں تھا جَب فلسطینی جنگ کے لیٔے وہاں جمع ہُوئے۔ وہاں ایک کھیت جَو سے بھرا ہُوا تھا۔ جہاں اِسرائیلی فَوج فلسطینیوں کے آگے سے بھاگی۔ 14لیکن وہ کھیت کے درمیان پہُنچ کر مُقابلہ کے لیٔے ڈٹ گیٔے اَور اُن کا بچاؤ کیا اَور فلسطینیوں کو مار گرایا۔ یَاہوِہ کی مدد سے اُنہیں بڑی فتح حاصل ہُوئی۔
15تیس سرداروں میں سے تین سردار چٹّان سے نیچے اُتر کر عدُلّامؔ کے غار میں داویؔد کے پاس آئے۔ جَب کہ اُس وقت فلسطینیوں کا ایک دستہ وادی رفائیمؔ میں چھاؤنی لگائے ہُوئے تھا۔ 16اُس وقت داویؔد قلعہ میں تھے اَور فلسطینیوں کی چوکی بیت لحمؔ میں تھی۔ 17اَور داویؔد کو شِدّت سے پیاس لگی اَور اُنہُوں نے کہا، ”کاش کویٔی مُجھے بیت لحمؔ کے پھاٹک کے نزدیک والے کنوئیں سے پانی لاکر پلائے!“ 18تَب اُن تینوں نے فلسطینیوں کی صفوں کو چیر کر بیت لحمؔ کے نزدیک والے کنوئیں سے پانی بھرا، اَور داویؔد کے پاس لے آئے۔ لیکن اُنہُوں نے پینے سے اِنکار کیا اَور اُسے یَاہوِہ کے حُضُور اُنڈیل دیا۔ 19اَور کہا، ”خُدا نہ کرے کہ میں اَیسا کروں۔ کیا میں اُن آدمیوں کا خُون پیوں جو اَپنی جان خطرے میں ڈال کر گیٔے؟“ لہٰذا داویؔد نے اُسے پینا نہ چاہا۔
اُن تینوں جنگجو سُورماؤں نے اَیسے کیٔی کام اَنجام دئیے تھے۔
20اَور یُوآبؔ بِن ضرویاہؔ کا بھایٔی ابیشائی بھی اُن تین جنگجو مَردوں کا سردار تھا۔ اُس نے اَپنا نیزہ تین سَو آدمیوں کے خِلاف اُٹھایا اَور اُنہیں قتل کر دیا لہٰذا وہ بھی اُن تینوں کی طرح مشہُور ہو گیا۔ 21اُسے اُن تینوں سے دُگنا اِعزاز مِلا اَور وہ اُن کا سپہ سالار بنا لیکن وہ اُن پہلے والے تین سرداروں کا ہم پلّہ نہ ہو سَکا۔
22بِنایاہؔ بِن یہُویدعؔ قبضی ایل کے ایک سُورما کا بیٹا تھا جِس نے کیٔی بڑے کارنامے اَنجام دئیے تھے۔ اُس نے مُوآب کے اریئیلؔ کے دو بہترین آدمیوں کو مار گرایا۔ ایک دِن جَب برف پڑ رہی تھی اُس نے ایک گڑھے میں اُتر کر ایک شیرببر کو بھی مارا۔ 23اَور اُس نے ایک مِصری کو جو ساڑھے سات فُٹ لمبا تھا مار گرایا حالانکہ اُس مِصری کے ہاتھ میں جُلاہے کے شہتیر کا سا ایک نیزہ تھا۔ لیکن بِنایاہؔ ایک لاٹھی لے کر اُس کے پاس گیا، اُس مِصری کے ہاتھ سے نیزہ چھین لیا اَور اُسی کے نیزہ سے اُسے قتل کر دیا۔ 24بِنایاہؔ بِن یہُویدعؔ نے اَیسے کیٔی کام کئے۔ وہ بھی اُن تین جنگجو سُورماؤں کی طرح مشہُور تھا۔ 25وہ تیس سُورماؤں میں سَب سے زِیادہ مُعزّز سمجھا جاتا تھا لیکن وہ پہلے تین سُورماؤں کے برابر نہیں ہونے پایا۔ اَور داویؔد نے اُسے اَپنے مُحافظ دستہ کا سردار بنا دیا۔
26دیگر جنگجو سُورما یہ تھے:
یُوآبؔ کا بھایٔی عساہیلؔ،
بیت لحمؔ کا اِلحنانؔ بِن دُودؔو،
27حروری شمّوتھؔ
پلونی خلصؔ،
28تقوعؔ کے عیراؔ بِن عقیشؔ،
عناتوت سے ابیعزیر،
29حُوشاتی سِبّکائی،
احُوحی عیلیؔ،
30نطُوفاتی مہرائی،
نطُوفاتی حلید بِن بعناہ،
31بِنیامین کے خاندان سے گِبعہؔ کے اِتھائی بِن رِبائیؔ،
فِرعاتونی بِنایاہؔ،
32گعشؔ کی وادیوں کا باشِندہ حُورائی،
عرباتی اَبی ایل،
33باحارُومی عزماوتؔ، شعلبُونی الیحبہؔ،
34گیزونی بنی ہشیمؔ،
یُوناتانؔ بِن ہراری شاگیؔ،
35احی آم بِن ہراری سکارؔ،
اِلیفالؔ بِن اُورؔ،
36مکیراتی حِفرؔ، پلونی اخیاہؔ،
37کرمِلی حضرُوؔ،
نعرائیؔ بِن ازبائیؔ،
38ناتنؔ کا بھایٔی یُوایلؔ،
مبہارؔ بِن ہاگریؔ،
39صِلقؔ عمُّونی،
بیروتی نحریؔ جو یُوآبؔ بِن ضرویاہؔ کا سلاح بردار تھا۔
40یتری عیراؔ
یتری گاریبؔ،
41حِتّی اورِیّاہؔ،
زابادؔ بِن احلائی،
42بنی رُوبِنؔ کے خاندان کا عدینا بِن شیزاؔ جو رُوبِنیوں کا سردار تھا اَور جِس کے ساتھ تیس جَوان تھے۔
43حانانؔ بِن معکہؔ،
مِتھنی یہوشافاطؔ،
44عَستِراتی عُزّیاہؔ،
عروعری کے باشِندے حوتھامؔ کے بیٹے شاماعؔ اَور یعی ایل۔
45یدیع ایل بِن شِمریؔ
اَور اُس کا بھایٔی یوحا تیتصیؔ،
46محاوی الی ایل
اَور النعمؔ کے بیٹے یرِیبائیؔ
اَور یُوسویاہؔ اَور مُوآبی یِتھماہؔ۔
47الی ایل، عوبیدؔ اَور مضوبائی یعسی ایل۔
موجودہ انتخاب:
1 تواریخ 11: UCV
سرخی
شئیر
کاپی

کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in
اُردو ہم عصر ترجُمہ™، کِتاب مُقدّس
حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022، 2024 Biblica, Inc.
کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔
دُنیا بھر میں تمام حق محفوظ۔
Holy Bible, Urdu Contemporary Version™
Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc.
Used with permission.
All rights reserved worldwide.