YouVersion Logo
تلاش

1 تواریخ 17

17
داویؔد سے خُدا کا وعدہ
1جَب داویؔد محل میں رہنے لگے تو اُنہُوں نے ناتنؔ نبی سے فرمایا، ”میں تو دیودار کے محل میں رہتا ہُوں۔ جَب کہ یَاہوِہ کا عہد کا صندُوق خیمہ میں ہے۔“
2ناتنؔ نے داویؔد سے کہا، ”جو کچھ آپ کے دِل میں ہے اُسے کریں کیونکہ خُدا آپ کے ساتھ ہیں۔“
3اَور اُسی رات خُدا کا کلام ناتنؔ پر نازل ہُوا:
4”جاؤ اَور میرے خادِم داویؔد کو بتاؤ، ’جو کچھ یَاہوِہ یُوں فرماتے ہیں: میرے رہنے کے لیٔے تُم میرے لیٔے ایک گھر نہ بنانا۔ 5کیونکہ جَب سے مَیں بنی اِسرائیل کو مِصر سے نکال لایا ہُوں، تَب سے آج کے دِن تک میں کسی گھر میں نہیں رہا بَلکہ ایک خیمہ سے دُوسرے خیمہ میں اَور ایک قِیام گاہ سے دُوسری قِیام گاہ میں مُنتقل ہوتا رہا ہُوں۔ 6جہاں کہیں مَیں تمام بنی اِسرائیل کے ساتھ گیا کیا مَیں نے اُن کے سرداروں میں سے جِن کو مَیں نے اَپنی قوم اِسرائیل کی گلّہ بانی کرنے کا حُکم دیا تھا مَیں نے اُن میں سے کسی سے بھی کبھی کہا، ”تُم نے میرے لیٔے دیودار کی لکڑی کا گھر کیوں نہیں بنایا؟“ ‘
7”پس تُم میرے خادِم داویؔد کو بتاؤ، قادرمُطلق یَاہوِہ#17‏:7 قادرمُطلق یَاہوِہ عِبرانی میں یَاہوِہ سباؤتھ یعنی لشکروں کے یَاہوِہ یُوں فرماتے ہیں، ’مَیں نے تُمہیں چراگاہ میں سے جَب تُم بھیڑ بکریوں کے پیچھے پیچھے چلتے تھے تاکہ تُم میری قوم اِسرائیل کے حاکم ہو۔ 8جہاں کہیں تُم گئے مَیں تمہارے ساتھ رہا اَور مَیں نے تمہارے سارے دُشمنوں کو تمہارے سامنے سے فنا کر دیا۔ اَب مَیں تمہارے نام کو رُوئے زمین کے عظیم آدمیوں کے ناموں کی مانند عظمت بخشوں گا۔ 9اَور مَیں اَپنی قوم اِسرائیل کو ایک اَیسی سرزمین میں قائِم کروں گا جو اُن کا وطن ہوگا اَور اُنہیں وہاں سے کبھی نہ ہٹایا جا سکےگا۔ اَور بدکار لوگ اُنہیں دُکھ نہ دے سکیں گے جَیسا کہ وہ پہلے کیا کرتے تھے۔ 10اَور جَیسا کہ وہ اُس وقت سے کرتے آ رہے ہیں جَب مَیں نے اَپنی قوم اِسرائیل پر قاضی مُقرّر کرنے کا حُکم دیا تھا اَور مَیں تُمہیں تمہارے سَب دُشمنوں پر غلبہ بخشوں گا۔
” ’اَور مَیں تُمہیں یہ بھی بتاتا ہُوں کہ یَاہوِہ تمہارے خاندان کو قائِم رکھیں گے اَور تُمہیں ایک شاہی خاندان کے طور پر قائِم کریں گے۔ 11اَور جَب تمہارے دِن پُورے ہو جایٔیں گے تَب تُم دُنیا سے رخصت ہوکر اَپنے آباؤاَجداد سے جا مِلوگے۔ تَب مَیں تمہاری نَسل کو تمہارا جانشین بناؤں گا یعنی تمہارے بیٹوں میں سے ایک کو اَور مَیں اُس کی سلطنت کو استحکام بخشوں گا۔ 12اَور وُہی میرے لیٔے گھر بنائے گا اَور مَیں اُس کے تخت کو اَبد تک قائِم رکھوں گا۔ 13مَیں اُس کا باپ ہُوں گا اَور وہ میرا بیٹا ہوگا اَور میری رحمت اُس کے سَر سے کبھی نہیں جُدا ہوگی جَیسے مَیں نے اُن پر سے ہٹا لی تھی جو تُم سے پہلے حُکمران تھا۔ 14اَور مَیں اُسے اَپنے گھر اَور اَپنی مملکت میں ہمیشہ تک قائِم رکھوں گا اَور اُس کا تخت اَبد تک قائِم رہے گا۔‘ “
15چنانچہ ناتنؔ نے یہ ساری باتیں جسے یَاہوِہ نے رُویا میں دِکھایا تھا اُسے داویؔد کو کہہ سُنایٔیں۔
داویؔد کی دعا
16تَب داویؔد بادشاہ اَندر گئے اَور یَاہوِہ کے حُضُور بیٹھ کر کہنے لگے:
”اَے یَاہوِہ خُدا، مَیں کون ہُوں اَور میرا خاندان کیا ہے کہ آپ نے مُجھے یہ مقام عطا کیا۔ 17اَور اَے خُدا آپ کی نظر میں یہ گویا کافی نہ تھا اِس لیٔے آپ نے اَپنے خادِم کے گھر کے مُستقبِل کے متعلّق بہت کچھ فرمایاہے۔ اَور آپ نے اَے یَاہوِہ خُدا، مُجھ پر اَیسی نظر کی ہے گویا مَیں تمام آدمیوں سے زِیادہ سربُلند ہُوں۔
18”آپ نے اَپنے خادِم کی جو عزّت اَفزائی کی ہے اُس کی نِسبت داویؔد آپ سے اَور زِیادہ کیا کہے؟ کیونکہ آپ اَپنے خادِم کو جانتے ہیں۔ 19اَے یَاہوِہ آپ نے اَپنے خادِم کی خاطِر اَپنی ہی مرضی سے یہ سَب عظیم کام کر دِکھایا ہے اَور اَپنے سارے عظیم وعدے اَپنے خادِم پر ظاہر کئے ہیں۔
20”اَے یَاہوِہ، آپ کی مانند اَیسا کویٔی نہیں اَور جَیسے ہم نے خُود اَپنے کانوں سے سُنا آپ کے سِوا اَور کویٔی خُدا نہیں ہے۔ 21اَور رُوئے زمین پر آپ کی قوم اِسرائیل کی طرح اَور کون سِی قوم ہے جسے چھُڑانے کے لیٔے خُدا خُود آگے آیا، تاکہ اُسے اَپنی اُمّت بنا لے اَور اُسے مِصر کی غُلامی سے نَجات دِلائے اَور اُس کے سامنے سے دُوسری قوموں کو دُور کرکے بڑے عظیم اَور مُہیب کارنامے اَنجام دے اَور اَپنا نام بُلند کرے؟ 22کیونکہ آپ نے اَپنی قوم اِسرائیل کو ہمیشہ کے لیٔے اَپنی قوم بنا لیا ہے اَور آپ نے اَپنے آپ کو اَے یَاہوِہ اُن کا خُدا مُقرّر کیا ہے۔
23”اَور اَب اَے یَاہوِہ، اَپنے اُس وعدہ کو جو آپ کے خادِم اَور اُس کے گھرانے سے تعلّق رکھتا ہے اَبد تک قائِم رکھیں اَور جَیسا آپ نے وعدہ کیا وَیسا ہی کریں۔ 24تاکہ ہمیشہ تک آپ کے نام کی عظمت ہو۔ تَب لوگ کہیں گے، ’قادرمُطلق یَاہوِہ اِسرائیل کے خُدا ہیں!‘ اَور آپ کے خادِم داویؔد کا گھرانا آپ کے حُضُور میں ہمیشہ قائِم رہے گا۔
25”کیونکہ آپ نے اَے میرے خُدا اَپنے خادِم پر ظاہر کیا ہے کہ آپ ایک گھر تعمیر کریں گے۔ لہٰذا آپ کے خادِم نے آپ کے حُضُور دعا کرنے کا حوصلہ پایا۔ 26اَے یَاہوِہ آپ ہی خُدا ہیں! اَور آپ نے اَپنے خادِم سے یہ پُرفضل وعدہ کیا ہے۔ 27اَور آپ کو یہ پسند آیا ہے کہ آپ اَپنے خادِم کے گھرانے کو برکت بخشیں تاکہ وہ اَبد تک آپ کی نظر میں قائِم رہے۔ اَے یَاہوِہ، آپ نے اُسے برکت دی ہے چنانچہ وہ اَبد تک مُبارک ہے۔“

موجودہ انتخاب:

1 تواریخ 17: UCV

سرخی

شئیر

کاپی

None

کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in