امثال 1:20-15

امثال 1:20-15 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)

مَے مضحکہ خیز ہوتی ہے اَور شراب ہنگامہ برپا کرتی ہے؛ اَورجو کویٔی اُن کی وجہ سے بہک جاتا ہے وہ دانا نہیں ہے۔ بادشاہ کا غضب شیر کی گرج کے مانند ہوتاہے؛ جو کویٔی اُسے غُصّہ دِلاتا ہے اَپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھتا ہے۔ جھگڑے سے دُور رہنے میں اِنسان کی عزّت ہے، لیکن ہر احمق جھگڑنے کے لیٔے تیّار رہتاہے۔ کاہل آدمی وقت پر ہل نہیں چلاتا؛ اِس لیٔے فصل کاٹنے کے وقت وہ ڈھونڈتا ہے لیکن کچھ نہیں پاتا۔ مشورے اِنسان کے دِل میں گہرے پانی کی مانند ہوتے ہیں، لیکن صاحبِ فہم اُنہیں اُوپر کھینچ نکالتا ہے۔ اکثر آدمی دعویٰ کرتے ہیں کہ اُن کی لافانی مَحَبّت ہے، لیکن وفادار آدمی کسے ملے گا؟ راستباز آدمی نیک زندگی گزارتا ہے؛ اُس کے بعد اُس کے بچّے مُبارک ہوتے ہیں۔ جَب ایک بادشاہ اَپنے تخت پر اِنصاف کرنے کے لیٔے بیٹھتا ہے، تو وہ اَپنی آنکھوں ہی سے ساری بدی کو پھٹک لیتا ہے۔ کون کہہ سَکتا ہے، ”مَیں نے اَپنے دِل کو پاک صَاف کر لیا ہے؛ میں گُناہ سے پاک ہُوں؟“ دو طرح کے پیمانے اَور دو طرح کے پیمانے۔ یَاہوِہ کو اُن دونوں سے نفرت ہے۔ بچّہ بھی اَپنی حرکتوں سے پہچانا جاتا ہے، کہ اُس کا چال چلن پاک اَور راست ہے یا نہیں۔ سُننے والے کان اَور دیکھنے والی آنکھیں۔ اُن دونوں کو یَاہوِہ نے بنایا ہے۔ نیند کا عزیز نہ ہو ورنہ تُم مُفلس ہو جاؤگے؛ اَپنی آنکھیں کھُلی رکھو، اَور تمہارے پاس ضروُرت سے زائد خُوراک ہوگی۔ خریدار کہتاہے، ”یہ ٹھیک نہیں، یہ اَچھّا نہیں!“ لیکن جَب چل پڑتا ہے تو اَپنی خرید پر فخر کرتا ہے۔ سونا بہت ہے اَور لعل بھی کثرت سے ہیں، لیکن علم والے ہونٹ اَیسے ہیرے ہیں جو بہت کم پایٔے جاتے ہیں۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں امثال 20

امثال 1:20-15 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)

مَے طعنہ زن کا باپ اور شراب شور شرابہ کی ماں ہے۔ جو یہ پی پی کر ڈگمگانے لگے وہ دانش مند نہیں۔ بادشاہ کا قہر جوان شیرببر کی دہاڑوں کی مانند ہے، جو اُسے طیش دلائے وہ اپنی جان پر کھیلتا ہے۔ لڑائی جھگڑے سے باز رہنا عزت کا طُرۂ امتیاز ہے جبکہ ہر احمق جھگڑنے کے لئے تیار رہتا ہے۔ کاہل وقت پر ہل نہیں چلاتا، چنانچہ جب وہ فصل پکتے وقت اپنے کھیت پر نگاہ کرے تو کچھ نظر نہیں آئے گا۔ انسان کے دل کا منصوبہ گہرے پانی کی مانند ہے، لیکن سمجھ دار آدمی اُسے نکال کر عمل میں لاتا ہے۔ بہت سے لوگ اپنی وفاداری پر فخر کرتے ہیں، لیکن قابلِ اعتماد شخص کہاں پایا جاتا ہے؟ جو راست باز بےالزام زندگی گزارے اُس کی اولاد مبارک ہے۔ جب بادشاہ تختِ عدالت پر بیٹھ جائے تو وہ اپنی آنکھوں سے سب کچھ چھان کر ہر غلط بات ایک طرف کر لیتا ہے۔ کون کہہ سکتا ہے، ”مَیں نے اپنے دل کو پاک صاف کر رکھا ہے، مَیں اپنے گناہ سے پاک ہو گیا ہوں“؟ غلط باٹ اور غلط پیمائش، رب دونوں سے گھن کھاتا ہے۔ لڑکے کا کردار اُس کے سلوک سے معلوم ہوتا ہے۔ اِس سے پتا چلتا ہے کہ اُس کا چال چلن پاک اور راست ہے یا نہیں۔ سننے والے کان اور دیکھنے والی آنکھیں دونوں ہی رب نے بنائی ہیں۔ نیند کو پیار نہ کر ورنہ غریب ہو جائے گا۔ اپنی آنکھوں کو کھلا رکھ تو جی بھر کر کھانا کھائے گا۔ گاہک دکاندار سے کہتا ہے، ”یہ کیسی ناقص چیز ہے!“ لیکن پھر جا کر دوسروں کے سامنے اپنے سودے پر شیخی مارتا ہے۔ سونا اور کثرت کے موتی پائے جا سکتے ہیں، لیکن سمجھ دار ہونٹ اُن سے کہیں زیادہ قیمتی ہیں۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں امثال 20

امثال 1:20-15 کِتابِ مُقادّس (URD)

مَے مسخرہ اور شراب ہنگامہ کرنے والی ہے اور جو کوئی اِن سے فریب کھاتا ہے دانا نہیں۔ بادشاہ کا رُعب شیر کی گرج کی مانِند ہے۔ جو کوئی اُسے غُصہ دِلاتا ہے اپنی جان سے بدی کرتا ہے۔ جھگڑے سے الگ رہنے میں آدمی کی عِزّت ہے لیکن ہر ایک احمق جھگڑتا رہتا ہے کاہِل آدمی جاڑے کے باعِث ہل نہیں چلاتا اِس لِئے فصل کاٹنے کے وقت وہ بِھیک مانگے گا اور کُچھ نہ پائے گا۔ آدمی کے دِل کی بات گہرے پانی کی مانِند ہے لیکن صاحِبِ فہم آدمی اُسے کھینچ نِکالے گا۔ اکثر لوگ اپنا اپنا اِحسان جتاتے ہیں لیکن وفادار آدمی کِس کو مِلے گا؟ راست رَو صادِق کے بعد اُس کے بیٹے مُبارک ہوتے ہیں۔ بادشاہ جو تختِ عدالت پر بَیٹھتا ہے خُود دیکھ کر ہر طرح کی بدی کو پھٹکتا ہے۔ کَون کہہ سکتا ہے کہ مَیں نے اپنے دِل کو صاف کر لِیا ہے اور مَیں اپنے گُناہ سے پاک ہو گیا ہُوں؟ دو طرح کے باٹ اور دو طرح کے پَیمانے۔ اِن دونوں سے خُداوند کو نفرت ہے۔ بچّہ بھی اپنی حرکات سے پہچانا جاتا ہے کہ اُس کے کام نیک و راست ہیں کہ نہیں۔ سُننے والے کان اور دیکھنے والی آنکھ دونوں کو خُداوند نے بنایا ہے۔ خواب دوست نہ ہو۔ مبادا تُو کنگال ہو جائے۔ اپنی آنکھیں کھول کہ تُو روٹی سے سیر ہو گا۔ خرِیدار کہتا ہے ردّی ہے ردّی! لیکن جب چل پڑتا ہے تو فخر کرتا ہے۔ زر و مرجان کی تو کثرت ہے لیکن بیش بہا سرمایہ عِلم والے ہونٹ ہیں۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں امثال 20