YouVersion Logo
تلاش

امثال 20

20
1مَے مضحکہ خیز ہوتی ہے اَور شراب ہنگامہ برپا کرتی ہے؛
اَورجو کویٔی اُن کی وجہ سے بہک جاتا ہے وہ دانا نہیں ہے۔
2بادشاہ کا غضب شیر کی گرج کے مانند ہوتاہے؛
جو کویٔی اُسے غُصّہ دِلاتا ہے اَپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھتا ہے۔
3جھگڑے سے دُور رہنے میں اِنسان کی عزّت ہے،
لیکن ہر احمق جھگڑنے کے لیٔے تیّار رہتاہے۔
4کاہل آدمی وقت پر ہل نہیں چلاتا؛
اِس لیٔے فصل کاٹنے کے وقت وہ ڈھونڈتا ہے لیکن کچھ نہیں پاتا۔
5مشورے اِنسان کے دِل میں گہرے پانی کی مانند ہوتے ہیں،
لیکن صاحبِ فہم اُنہیں اُوپر کھینچ نکالتا ہے۔
6اکثر آدمی دعویٰ کرتے ہیں کہ اُن کی لافانی مَحَبّت ہے،
لیکن وفادار آدمی کسے ملے گا؟
7راستباز آدمی نیک زندگی گزارتا ہے؛
اُس کے بعد اُس کے بچّے مُبارک ہوتے ہیں۔
8جَب ایک بادشاہ اَپنے تخت پر اِنصاف کرنے کے لیٔے بیٹھتا ہے،
تو وہ اَپنی آنکھوں ہی سے ساری بدی کو پھٹک لیتا ہے۔
9کون کہہ سَکتا ہے، ”مَیں نے اَپنے دِل کو پاک صَاف کر لیا ہے؛
میں گُناہ سے پاک ہُوں؟“
10دو طرح کے پیمانے اَور دو طرح کے پیمانے۔
یَاہوِہ کو اُن دونوں سے نفرت ہے۔
11بچّہ بھی اَپنی حرکتوں سے پہچانا جاتا ہے،
کہ اُس کا چال چلن پاک اَور راست ہے یا نہیں۔
12سُننے والے کان اَور دیکھنے والی آنکھیں۔
اُن دونوں کو یَاہوِہ نے بنایا ہے۔
13نیند کا عزیز نہ ہو ورنہ تُم مُفلس ہو جاؤگے؛
اَپنی آنکھیں کھُلی رکھو، اَور تمہارے پاس ضروُرت سے زائد خُوراک ہوگی۔
14خریدار کہتاہے، ”یہ ٹھیک نہیں، یہ اَچھّا نہیں!“
لیکن جَب چل پڑتا ہے تو اَپنی خرید پر فخر کرتا ہے۔
15سونا بہت ہے اَور لعل بھی کثرت سے ہیں،
لیکن علم والے ہونٹ اَیسے ہیرے ہیں جو بہت کم پایٔے جاتے ہیں۔
16جو کسی بیگانہ کا ضامن ہو، اُس کا کپڑا چھین کر رکھ لو؛
اَور اگر اُس نے کسی اجنبی عورت کی ضمانت دی ہو تو اُس کے کپڑے کو گروی رکھ لو۔
17دھوکے سے حاصل کیا ہُوا کھانا آدمی کو میٹھا لگتا ہے،
لیکن آخِرکار اُس کا مُنہ کنکروں سے بھرجاتا ہے۔
18منصُوبے بنانے سے پہلے مشورہ کرو؛
اَور جنگ چھیڑنے سے قبل رہنمائی لو۔
19چُغل خور پر بھروسا نہیں کیا جا سَکتا؛
لہٰذا تُم بکواسی آدمی سے دُور ہی رہو۔
20اگر کویٔی آدمی اَپنے باپ یا اَپنی ماں پر لعنت کرتا ہے،
تو اُس کا چراغ گہری تاریکی میں بُجھایا جائے گا۔
21اِبتدا میں جو مِیراث یک لخت مِل جاتی ہے
اُس کا اَنجام مُبارک نہیں ہوتا۔
22تُم یہ نہ کہنا، ”میں بدی کا بدلہ لُوں گا!“
یَاہوِہ کی آس رکھو اَور وہ تُمہیں رِہائی بخشیں گے۔
23غلط اوزان والے باٹ یَاہوِہ کے نزدیک مکرُوہ ہیں،
اَور دغا کے ترازو اُسے نا پسند ہیں۔
24آدمی کے قدم یَاہوِہ کی ہدایت کے مُطابق اُٹھتے ہیں۔
پس کویٔی اَپنی راہ سے کس طرح آشنا ہو سَکتا ہے؟
25کسی شَے کو بے سوچے سمجھے مُقدّس قرار دینا
اَور مَنّت ماننے کے بعد اُس پر غور کرنا،
آدمی کے لیٔے پھندا ہے۔
26دانشمند بادشاہ بدکاروں کو پھٹکتا ہے؛
اَور گاہنے کا پہیّا اُن پر چلواتا ہے۔
27یَاہوِہ کا چراغ، اِنسان کی رُوح کو ٹٹولتا ہے؛
وہ اُس کے باطِن کا حال دریافت کرلیتے ہیں۔#20‏:27 1 کُرن 2‏:11‏
28شفقت اَور سچّائی بادشاہ کی حِفاظت کرتی ہیں؛
اَور شفقت ہی سے اُس کا تخت قائِم رہتاہے۔
29جَوانوں کی شان اُن کی قُوّت ہے،
اَور سفید بال بُزرگوں کی زینت ہوتے ہیں۔
30کوڑوں کی سزا بدی کو دھو ڈالتی ہے،
اَور تازیانوں کی مار سے باطِن دُھل جاتا ہے۔

موجودہ انتخاب:

امثال 20: UCV

سرخی

شئیر

کاپی

None

کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in