YouVersion Logo
تلاش

یَشعیاہ 13

13
بابیل کے خِلاف نبُوّت
1بابیل کے خِلاف نبُوّت جسے یَشعیاہ بِن آموصؔ نے رُویا میں پایا:
2پہاڑ کی ننگی چوٹی پر پرچم لہراؤ،
اُنہیں للکارو؛
اَور ہاتھ سے اِشارہ کرو
کہ وہ اُمرا کے پھاٹکوں سے داخل ہُوں۔
3مَیں نے اُن لوگوں کو حُکم دیا ہے جنہیں میں نے جنگ کے لیٔے تیّار کیا ہے؛
اَور اَپنے بہادروں کو بُلایا ہے
جو میری فتحیابی پر للکارتے ہیں
کہ وہ میرے قہر کو اَنجام دیں۔
4سُنو، پہاڑوں پر شور و غُل ہو رہاہے،
جَیسے کسی بڑے مجمع کا ہو!
سُنو، مملکتوں میں ہنگامہ مچا ہُواہے، گویا مُختلف قوموں کا اِجتماع ہو!
قادرمُطلق یَاہوِہ#13‏:4 قادرمُطلق یَاہوِہ عِبرانی میں یَاہوِہ سباؤتھ یعنی لشکروں کے یَاہوِہ جنگ کے لیٔے لشکر جمع کر رہاہے۔
5وہ دُور دراز کے مُلکوں سے آئے ہیں،
آسمان کی اِنتہا سے۔
یَاہوِہ اَور اُس کے قہر کے ہتھیار۔
تاکہ سارا مُلک تباہ کیا جائے۔
6واویلا کرو کیونکہ یَاہوِہ کا دِن قریب ہے؛
وہ قادرمُطلق کی طرف سے بڑی تباہی لے کر آئے گا۔
7اُس کی وجہ سے تمام ہاتھ ڈھیلے پڑ جایٔیں گے،
اَور ہر شخص کا دِل پگھل جائے گا۔
8وہ دہشت زدہ ہوں گے،
درد اَور سخت تکلیف اُنہیں جکڑ لے گی؛
اَور وہ زچّہ کی مانند درد سے تِلمِلا اُٹھیں گے۔
وہ پُر خوف نگاہوں سے ایک دُوسرے کا مُنہ تاکیں گے،
اَور اُن کے چہرے مشتعل ہوں گے۔
9دیکھو، یَاہوِہ کا دِن آ رہاہے
اَور قہر شدید، غُصّہ سے بھرا ہُوا نہایت دہشت اَنگیز دِن۔
تاکہ مُلک کو ویران
اَور اُس میں بسنے والے گُنہگاروں کو نِیست و نابود کر دے۔
10آسمان کے سِتارے اَور کواکب
بے نُور ہو جایٔیں گے۔
اُبھرتا ہُوا سُورج تاریک ہو جائے گا
اَور چاند کی رَوشنی جاتی رہے گی۔
11میں دُنیا کو اُس کی بُرائی کی،
اَور بدکاروں کو اُن کے گُناہوں کی سزا دوں گا۔
میں مغروُروں کے گھمنڈ کو ختم کر دُوں گا
اَور سنگدلوں کے غُرور کو پست کروں گا۔
12میں اِنسان کو خالص سونے،
بَلکہ اوفیرؔ کے سونے سے بھی مہنگا بنا دُوں گا۔
13اِس لیٔے میں آسمانوں کو لرزاؤں گا؛
اَور زمین اَپنی جگہ سے ہل جائے گی
یہ قادرمُطلق یَاہوِہ کے قہر سے،
اُس کے بھڑکتے ہُوئے غُصّہ کا دِن ہوگا۔
14شِکاری کے ڈر سے بھاگنے والی ہِرنیوں،
اَور بِن چرواہے کی بھیڑوں کی طرح،
ہر ایک اَپنے اَپنے لوگوں کی طرف لَوٹے گا،
اَور اَپنے اَپنے وطن کو بھاگ جائے گا۔
15جو کویٔی پکڑا جائے گا اُسے آرپار چھیدا جائے گا؛
وہ جو گِرفتار ہوں گے تلوار کا لقمہ بنیں گے۔
16اُن کے شیر خوار بچّے اُن کی آنکھوں کے سامنے ٹکڑے ٹکڑے کر دئیے جایٔیں گے؛
اَور اُن کے گھر لُوٹے جایٔیں گے اَور اُن کی بیویوں کی بےحُرمتی ہوگی۔
17دیکھو، مَیں میدی یا مادیوں کو اُن کے خِلاف اُبھاروں گا،
جو چاندی کی پروا نہیں کرتے
نہ ہی سونے میں کویٔی دلچسپی رکھتے ہیں۔
18اُن کی کمانوں سے جَوان زخمی ہوکر گریں گے؛
وہ نہ شیرخواروں پر ترس کھایٔیں گے
اَور نہ ہی لڑکے، لڑکیوں پر رحم کی نظر کریں گے۔
19چنانچہ خُدا بابیل کو جو تمام مملکتوں کی حشمت ہے،
اَور جِس کی شان و شوکت پر کَسدیوں کو ناز ہے،
سدُومؔ اَور عمورہؔ کی طرح
تہہ و بالا کر دے گا۔
20وہ پھر کبھی آباد نہ ہوگا
اَور پُشت در پُشت اُس میں کویٔی نہ بسے گا؛
کویٔی عربی وہاں خیمہ زن نہ ہوگا،
نہ کویٔی چرواہا اَپنے گلّوں کو وہاں آرام کرنے دے گا۔
21لیکن بیابان کے جنگلی جانور وہاں لیٹیں گے،
اَور گیدڑ اُن کے محلوں میں گھُس جایٔیں گے؛
اُلّو وہاں بسیرا کریں گے،
اَور جنگلی بکریاں وہاں کُودتی پھاندتی رہیں گی۔
22اُس کے قلعوں میں لکڑبگّھے،
اَور اُس کے عالیشان محلوں میں گیدڑ شور مچائیں گے۔
اُس کا دِن قریب آ چُکا،
اَور اُس کے دِنوں کو اَب طُول نہ دیا جائے گا۔

موجودہ انتخاب:

یَشعیاہ 13: UCV

سرخی

شئیر

کاپی

None

کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in