یَشعیاہ 14
14
1یَاہوِہ یعقوب پر مہربان ہوگا پھر
ایک بار وہ بنی اِسرائیل کو چُن لے گا۔
اَور اُنہیں خُود اُن ہی کے مُلک میں آباد کریں گے۔
پردیسی اُن سے مِل جایٔیں گے
اَور یعقوب کے گھرانے سے مُتّحد ہو جایٔیں گے۔
2مُختلف قومیں
اُنہیں اُن ہی کے مُلک میں پہُنچائیں گی۔
اَور بنی اِسرائیل یَاہوِہ کی سرزمین میں اُن قوموں کے مالک ہوں گے
اَور قوموں کو اَپنے غُلام اَور لونڈیاں بنائیں گے۔
وہ اَپنے اسیر کرنے والوں کو اسیر کر لیں گے
اَور اَپنے ظُلم ڈھانے والوں پر حُکمران ہوں گے۔
3جِس روز یَاہوِہ تُجھے تکلیف، پریشانی اَور سخت غُلامی سے راحت دے گا، 4اُس وقت تُو شاہِ بابیل سے طنزاً یہ ضرب المثل کہے گا:
ظالِم کا اَنجام کیسا ہُوا!
اُس کا قہر کیسے مٹا!
5یَاہوِہ نے بدکار کا لٹھ،
یعنی بےاِنصاف حاکموں کا عصا توڑ ڈالا،
6جِس سے وہ لوگوں کو غُصّہ میں آکر
لگاتار مارتے اَور پیٹتے رہتے تھے،
اَور قوموں پر قہر سے حُکومت کرکے
لگاتار اُن کے پیچھے پڑے رہتے تھے۔
7تمام مُلکوں میں اَب آرام اَور سکون ہے؛
اَور لوگوں کے لبوں پر ترانے ہیں۔
8یہاں تک کہ صنوبر کے درخت اَور لبانونؔ کے دیودار
خُوش ہوکر تُجھ سے یہ کہتے ہیں:
”جَب سے تُو گرا دیا گیا ہے،
کویٔی لکڑہارا ہمیں کاٹنے کے لیٔے نہیں آیا۔“
9تیری آمد پر تیرا اِستِقبال کرنے کے لیٔے
پاتال بیقرار ہے؛
وہ تیرے اِستِقبال کے لیٔے اُن سَب مُردوں کی رُوحوں کو جھنجھوڑ رہاہے۔
جو دُنیا میں رہنما تھے؛
اَور مُختلف قوموں کے سَب بادشاہوں کو
اُن کے تخت شاہیوں پر سے اُٹھ کھڑا۔
10وہ سَب اُٹھیں گے،
اَور تُجھ سے کہیں گے،
”تُو بھی ہماری طرح کمزور ہو گیا؛
تُو ہماری طرح ہی بَن گیا۔“
11تیری تمام شان و شوکت
تیرے سازوں کی دھُن کے ساتھ قبر میں اُتاری گئی؛
اَب کیڑے تیرا بِستر
اَور کینچوے تیری چادر ہیں۔
12اَے صُبح کے سِتارے، فجر کے بیٹے،
تُو کیسے آسمان سے گِر پڑا!
تُو جو کسی زمانہ میں قوموں کو زیرِ کرتا تھا،
خُود بھی زمین پر پٹکا گیا!
13تُو اَپنے دِل میں کہتا تھا:
”میں آسمان پر چڑھ جاؤں گا؛
اَور اَپنا تخت
خُدا کے سِتاروں سے بھی اُونچا کروں گا؛
میں جماعت کے پہاڑ پر تخت نشین ہُوں گا،
کو ضِفونؔ#14:13 کو ضِفونؔ کعنانیوں کے مُقدّس پہاڑ کی بالائی کی چوٹیوں پر کی اِنتہائی بُلندیوں پر
14میں بادلوں کے سَروں سے بھی اُوپر چڑھ جاؤں گا؛
میں خُداتعالیٰ کی مانند بنُوں گا۔“
15لیکن تُو قبر میں اُتارا گیا،
بالکُل پاتال کی تہہ میں۔
16جو تیری طرف ٹِکٹِکی لگا کر تُجھے دیکھتے ہیں،
تیری قِسمت پر غور کرکے کہتے ہیں:
”کیا یہ وُہی اِنسان ہے جِس نے زمین کو لرزایا
اَور مملکتوں کو ہلا دیا،
17جِس نے جہاں کو صحرا بنا دیا،
اَور اُس کے شہروں کو ڈھا دیا
اَور اَپنے اسیروں کو اُن کے گھر لَوٹنے نہ دیا؟“
18مُختلف قوموں کے تمام بادشاہ
اَپنی اَپنی قبر میں نہایت شان سے سو رہے ہیں۔
19لیکن تُو ایک سُوکھی ہُوئی شاخ کی طرح
اَپنی قبر سے باہر پھینک دیا گیا،
تُو مقتولوں کے نیچے دبا پڑا ہے،
اَور اُن کے نیچے جنہیں تلوار سے چھیدا گیا
اَورجو گڑھے کے پتّھروں تک نیچے گِرے ہیں،
ایک لاش کی طرح جو پاؤں کے نیچے روندی گئی ہو،
20تُو اُن کے ساتھ دفنایا نہ جائے گا،
کیونکہ تُونے اَپنے مُلک کو تباہ کیا
اَور اَپنی رعایا کو قتل کیا۔
بدکرداروں کی نَسل کا
پھر کبھی ذِکر نہ ہوگا۔
21اُس کے فرزندوں کے لیٔے
اُن کے آباؤاَجداد کے گُناہوں کے باعث قتل کی جگہ تیّار کرو؛
تاکہ وہ پھر اُٹھ کر مُلک کے وارِث نہ بَن جایٔیں
اَور رُوئے زمین پر اَپنے شہر نہ بسا لیں۔
22”مَیں اُن کے خِلاف سَر اُٹھاؤں گا،“
یہ قادرمُطلق یَاہوِہ کا فرمان ہے،
”اَور مَیں بابیل کا نام و نِشان مٹا دوں گا،
اُس کے بچے ہُوئے لوگ، اُن کی اَولاد اَور نَسل،
سَب کو ختم کر دُوں گا،“
یہ یَاہوِہ کا فرمان ہے۔
23”مَیں اُسے اُلّوؤں کا مَسکن،
اَور اُس کی زمین کو دلدل بنا دُوں گا؛
اَور فنا کے جھاڑو سے اُسے صَاف کر ڈالُوں گا،“
یہ قادرمُطلق یَاہوِہ کا فرمان ہے۔
24قادرمُطلق یَاہوِہ قَسم کھا کر فرماتے ہیں،
”یقیناً جَیسا مَیں نے سوچا ہے وَیسا ہی ہوگا،
جَیسا مَیں نے قصد کیا ہے وَیسا ہی ہوکر رہے گا۔
25میرے ہی مُلک میں اشُور کو کُچل دُوں گا؛
میرے ہی پہاڑوں پر اُسے پاؤں تلے روند ڈالوں گا۔
تَب اُس کا جُوا میرے لوگوں پر سے اُتارا جائے گا،
اَور اُس کا بوجھ اُن کے کندھوں پر سے ہٹایا جائے گا۔“
26یہ منصُوبہ تمام جہاں کے لیٔے بنایا گیا ہے؛
یہ وُہی ہاتھ ہے جو تمام قوموں پر بڑھایا گیا ہے۔
27کیونکہ قادرمُطلق یَاہوِہ نے یہ قصد کر لیا ہے، اُسے کون منسُوخ کر سَکتا ہے؟
اُن کا ہاتھ بڑھایا گیا ہے، اَب اُسے کون روک سَکتا ہے؟
فلسطینیوں کے خِلاف نبُوّت
28جِس سال آحازؔ بادشاہ نے وفات پائی، اُسی سال یہ نبُوّتی پیغام آیا:
29اَے تمام فلسطینیو، تُم اِس پر خُوش نہ ہو،
کہ جِس لٹھ نے تُمہیں مارا ہے وہ ٹوٹ گیا ہے؛
اُس سانپ کی جڑ سے ایک افعی نکل آئے گا،
اَور اُس کا پھل لپکنے والا اَور نہایت زہریلا اَژدہا ہوگا۔
30مسکینوں کو پیٹ بھر کھانا ملے گا،
اَور مُحتاج سکون سے سوئیں گے۔
لیکن مَیں تیری جڑ قحط سے تباہ کروں گا؛
وہ تیرے بچے ہُوئے لوگوں کو قتل کریں گے۔
31اَے پھاٹک، تُو واویلا کر! اَے شہر، تُو چِلّا!
اَے تمام فلسطینیوں، لرزاں ہو جاؤ!
کیونکہ شمال کی طرف سے دھوئیں کا ایک بادل آ رہاہے،
اَور اُس کے لشکر کی صفوں میں سے کویٔی بھی پیچھے نہ رہے گا۔
32اُس مُلک کے سفیروں کو
کیا جَواب دیا جائے؟
”یَاہوِہ نے صِیّونؔ کو قائِم کیا ہے،
اَور اُس میں اُس کے مُصیبت زدہ لوگ پناہ لیں گے۔“
موجودہ انتخاب:
یَشعیاہ 14: UCV
سرخی
شئیر
کاپی
کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in
اُردو ہم عصر ترجُمہ™، کِتاب مُقدّس
حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022، 2024 Biblica, Inc.
کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔
دُنیا بھر میں تمام حق محفوظ۔
Holy Bible, Urdu Contemporary Version™
Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc.
Used with permission.
All rights reserved worldwide.