زبُور 22
22
زبُور 22
موسیقی ہدایت کار کے لیٔے۔ ”آہوئے فجر“ یعنی صُبح کی ہِرنی کے سُرپر مَبنی داویؔد کا زبُور۔
1اَے میرے خُدا، اَے میرے خُدا، آپ نے مُجھے کیوں چھوڑ دیا؟
آپ میری مخلصی کے نالوں سے کیوں دُور رہتے ہیں؟
2اَے میرے خُدا، میں دِن کو پُکارتا ہُوں لیکن آپ جَواب نہیں دیتے،
اَور رات کو بھی فریاد کرنے سے باز نہیں آتا۔
3پھر بھی آپ بحیثیت قُدُّوس تخت نشین ہیں؛
اَور آپ اِسرائیل کا ممدوح ہیں اَور اِسرائیل آپ کی تمجید کرتا ہے۔
4آپ ہی پر ہمارے آباؤاَجداد نے توکّل کیا؛
اُنہُوں نے توکّل کیا اَور آپ نے اُنہیں چھُڑایا۔
5اُنہُوں نے آپ سے فریاد کی اَور رِہائی پائی؛
اُنہُوں نے آپ پر توکّل کیا اَور مایوس نہ ہُوئے۔
6لیکن مَیں تو کیڑا ہُوں، اِنسان نہیں،
جِس سے آدمی نفرت کرتے ہیں اَور لوگ اُسے حقارت کی نظر سے دیکھتے ہیں۔
7وہ سَب جو مُجھے دیکھتے ہیں، میرا مضحکہ اُڑاتے ہیں؛
اَور اَپنے سَر ہلا ہلا کر یہ کہتے ہُوئے طَعنہ زنی کرتے ہیں،
8”اُس کا توکّل یَاہوِہ پر ہے؛
اَب یَاہوِہ ہی اُسے بچائیں۔
چونکہ وہ اُن سے خُوش ہے،
لہٰذا وُہی اُسے چھُڑائیں گے۔“
9پھر بھی آپ نے مُجھے رحم میں سے نکالا؛
اَور میری شیر خواری کے دِنوں ہی سے
آپ نے مُجھے سِکھایا کہ مَیں آپ پر توکّل کروں۔
10پیدائش ہی سے مُجھے آپ پر چھوڑ دیا گیا؛
میری ماں کے بطن ہی سے آپ میرے خُدا ہیں۔
11مُجھ سے دُور نہ رہیں،
کیونکہ مُصیبت قریب ہے
اَور کویٔی مددگار نہیں ہے۔
12بہت سے سانڈوں نے مُجھے گھیرلیا ہے؛
باشانؔ کے علاقہ کے زورآور سانڈ مُجھے چاروں طرف سے گھیرے ہُوئے ہیں۔
13جَیسے دھاڑنے والے شیر اَپنے شِکار کو پھاڑتے ہیں۔
وَیسے ہی وہ اَپنا مُنہ میرے سامنے پسارتے ہیں۔
14میں پانی کی مانند اُنڈیل دیا گیا ہُوں،
اَور میری سَب ہڈّیاں جوڑوں سے اُکھڑ گئی ہیں۔
میرا دِل موم ہو گیا ہے؛
اَور وہ میرے اَندر پگھل گیا ہے۔
15میری قُوّت ٹھیکرے کی مانند خشک ہو چُکی ہے،
اَور میری زبان میرے تالُو سے چپک گئی ہے؛
اَور آپ نے مُجھے موت کی خاک#22:15 موت کی خاک زمین کی خاک قبر کے لیٔے ایک شاعرانہ جُملہ ہے۔ (دیکھئے ایُّو 7:21؛ زبُور 7:5؛ 90:3؛ امثا 17:22)۔ میں مِلا دیا۔
16کیونکہ کُتّوں نے مُجھے اَپنے نرغہ میں لے لیا ہے؛
اَور بدکاروں کی جماعت مُجھے چاروں طرف سے گھیرے ہُوئے ہے،
اُنہُوں نے میرے ہاتھ اَور میرے پاؤں چھید ڈالے ہیں۔
17میں اَپنی سَب ہڈّیاں گِن سَکتا ہُوں؛
لوگ مُجھے تاکتے ہیں اَور میری طرف للچائی ہُوئی نگاہوں سے دیکھتے ہیں۔
18اُنہُوں نے میرے کپڑے آپَس میں تقسیم کر لیٔے،
اَور میری پوشاک پر قُرعہ ڈالا۔
19لیکن اَے یَاہوِہ، آپ دُور نہ رہیں؛
اَے میرے چارہ ساز! میری مدد کے لیٔے جلدی آئیں۔
20میری جان کو تلوار سے بچائیں،
اَور میری انمول زندگی کو کُتّوں کی گرفت سے چھُڑائیں۔
21مُجھے شیر کے مُنہ سے بچائیں؛
اَور مُجھے جنگلی سانڈوں کے سینگوں سے محفوظ رکھیں۔
22میں اَپنی اُمّت کے سامنے آپ کے نام کا اعلان کروں گا؛
اَور جماعت میں آپ کی سِتائش کروں گا۔
23اَے یَاہوِہ، سے ڈرنے والو! اُن کی سِتائش کرو!
اَے یعقوب کی اَولاد! سَب اُن کی تعظیم کرو!
اَور اَے اِسرائیل کی نَسل! سَب اُن کا ڈر مانو!
24کیونکہ یَاہوِہ نے مظلوموں کی تکلیف کو
نہ تو حقیر جانا اَور نہ ہی اُس سے نفرت کی؛
اُنہُوں نے اُن سے اَپنا چہرہ بھی نہیں چھپایا
بَلکہ اُن کی فریاد سُنی۔
25بڑے اِسرائیلی مجمع میں آپ ہی میری ثنا خوانی کا باعث ہیں؛
میں اَپنی قَسمیں آپ کا خوف ماننے والوں کے سامنے پُوری کروں گا۔
26غریب کھا کر سیر ہوں گے؛
وہ جو یَاہوِہ کے طالب ہیں اُن کی سِتائش کریں گے۔
تمہارے دِل اَبد تک زندہ رہیں!
27زمین کی اِنتہا تک
سَب اِنسان یَاہوِہ کو یاد کریں گے اَور اُن کی طرف رُجُوع لائیں گے،
دُنیا کی قوموں کے سَب خاندان
اُن کے آگے سَجدہ کریں گے،
28کیونکہ سلطنت یَاہوِہ ہی کی ہے
اَور وُہی قوموں پر حُکومت کرتے ہیں۔
29دُنیا کے تمام اَمیر عید منائیں گے اَور عبادت کریں گے؛
وہ سَب جو خاک میں مِل جاتے ہیں اُن کے آگے گھُٹنے ٹیکیں گے،
اَورجو اَپنی جان کو نہیں بچا سکتے۔
30میری نَسل اُن کی خدمت کرےگی؛
اَور آئندہ پُشتوں میں خُداوؔند کا ذِکر کیا جائے گا۔
31مُستقبِل میں اُن لوگوں کو جو اُس وقت پیدا بھی نہیں ہُوئے اُن کو بتائیں گے۔
وہ اُن کی راستبازی کا اعلان کریں گے،
کیونکہ یہ تمام کام یَاہوِہ نے کئے ہیں۔
موجودہ انتخاب:
زبُور 22: UCV
سرخی
شئیر
کاپی
کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in
اُردو ہم عصر ترجُمہ™، کِتاب مُقدّس
حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022، 2024 Biblica, Inc.
کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔
دُنیا بھر میں تمام حق محفوظ۔
Holy Bible, Urdu Contemporary Version™
Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc.
Used with permission.
All rights reserved worldwide.