زبُور 18
18
زبُور 18
موسیقی ہدایت کار کے لیٔے۔ یَاہوِہ کے خادِم داویؔد کا زبُور۔ آپ نے یَاہوِہ کی حُضُوری میں اِس نغمہ کو گایا جَب یَاہوِہ نے داویؔد کو اُن کے سَب دُشمنوں اَور شاؤل کے حملہ سے بچایا چنانچہ داویؔد نے یُوں کہا:
1اَے یَاہوِہ، اَے میری قُوّت، مَیں آپ سے مَحَبّت رکھتا ہُوں۔
2یَاہوِہ میری چٹّان، میرا قلعہ اَور میرے چھُڑانے والے ہیں؛
میرے خُدا، میری چٹّان ہیں، میں جِس میں پناہ لیتا ہُوں،
وہ میری سِپر اَور میری نَجات کا سینگ، وہ میرا حصار۔#18:2 عِبر 2:13
3مَیں یَاہوِہ کو جو سِتائش کے لائق ہیں پُکارتا ہُوں،
اَور دُشمنوں سے مُجھے بچا لیتے ہیں۔
4موت کی موجوں نے مُجھے گھیرلیا؛
اَور تباہی کے سیلابوں نے مُجھے اَپنی لپیٹ میں لے لیا۔
5پاتال کی رسّیاں میرے چَوگرد لپٹ گئیں؛
اَور موت کے پھندے میرے سامنے تھے۔
6مَیں نے اَپنے خُدا سے فریاد کی؛
مَیں نے اَپنی مُصیبت میں یَاہوِہ کو پُکارا۔
اُنہُوں نے اَپنی ہیکل میں سے میری آواز سُنی؛
میری فریاد اُن کے کانوں میں پہُنچی۔
7تَب زمین کانپ اُٹھی اَور ہل گئی،
اَور پہاڑوں کی بُنیادیں لرز اُٹھیں؛
وہ ہل گئیں اِس لیٔے کہ یَاہوِہ غضبناک ہو گئے تھے۔
8اُن کے نتھنوں سے دُھواں اُٹھا؛
اَور اُن کے مُنہ سے بھسم کرنے والی آگ نکلی،
جِس سے کوئلے دہک اُٹھے،
9اُنہُوں نے آسمانوں کو جھُکایا اَور نیچے اُتر آئے؛
سیاہ بادل اُن کے پاؤں کے نیچے تھے۔
10وہ کروبی#18:10 کروبی پرانے عہدنامے میں کروب ایک پروں والی مخلُوق ہے جو آسمانی یَاہوِہ کے تخت کی حِفاظت کرتی ہے۔ پر سوار ہوکر اُڑے؛
وہ ہَوا کے بازوؤں پر سوار ہوکر اُڑے؛
11اُنہُوں نے تاریکی کو اَپنا غلاف،
اَور آسمان کے کالے بادلوں کو شامیانہ بنا لیا۔
12اُن کی حُضُوری کی تجلّی سے بادل اَور اولے،
اَور کڑکتی بجلی کی چمک دھمک سے آگے بڑھ رہے تھے۔
13یَاہوِہ آسمان پر سے گرجے؛
اَور خُداتعالیٰ کی آواز گونج اُٹھی۔#18:13 زبُور 82:6؛ 91:1
14اُنہُوں نے اَپنے تیر چلائے اَور دُشمنوں کو پراگندہ کیا،
اَور بجلیاں گرا کر اُنہیں شِکست دی۔
15اَے یَاہوِہ، آپ کی ڈانٹ سے،
اَور آپ کے نتھنوں کے دَم کے جھونکے سے،
سمُندر کی وادیاں دِکھائی دینے لگیں
اَور زمین کی بُنیادیں نموُدار ہو گئیں۔
16اُنہُوں نے آسمان سے ہاتھ بڑھا کر مُجھے تھام لیا؛
اَور گہرے پانی میں سے کھینچ کر باہر نکالا۔
17اُنہُوں نے میرے زبردست دُشمن سے مُجھے رِہائی بخشی،
اَور اُن مُخالفوں سے، جو میرے مُقابلہ میں زِیادہ طاقتور تھے۔
18وہ میری مُصیبت کے دِن مُجھ پر ٹوٹ پڑے،
لیکن یَاہوِہ میرا سہارا تھے۔
19یَاہوِہ مُجھے کشادہ جگہ میں نکال لائے؛
اُنہُوں نے مُجھے بچا لیا کیونکہ وہ مُجھ سے خُوش تھے۔
20یَاہوِہ نے میری راستبازی کے مُطابق مُجھ سے سلُوک کیا؛
اَور میرے ہاتھوں کی پاکیزگی کے مُطابق مُجھے صِلہ دیا۔
21کیونکہ مَیں یَاہوِہ کی راہوں پر چلتا رہا؛
اَور مَیں نے اَپنے خُدا کے خِلاف کویٔی بدی نہیں کی۔
22اُن کے سارے آئین میرے سامنے ہیں؛
اَور مَیں نے اُن کے قوانین سے مُنہ نہیں موڑا۔
23میں اُن کے سامنے بے عیب رہا،
اَور اَپنے آپ کو گُناہ سے بَری رکھا۔
24یَاہوِہ نے میری راستبازی کے مُطابق،
اَور اَپنے ہاتھوں کی اُس پاکیزگی کے مُطابق جسے وہ دیکھتے تھے مُجھے اجر دیا۔
25وفادار کے ساتھ آپ اَپنے آپ کو وفادار جتاتے ہیں،
اَور کامل کے ساتھ اَپنے آپ کو کامل جتاتے ہیں،
26نیک اِنسان کے ساتھ آپ اَپنے آپ کو نیک جتاتے ہیں،
لیکن ٹیڑھے اِنسان کے ساتھ ہوشیاری جتاتے ہیں۔
27آپ حلیموں کو تو بچاتے ہیں
لیکن اُن لوگوں کو نیچا دِکھانے ہیں جِن کی آنکھوں میں مغروُریت ہوتی ہے۔
28اَے یَاہوِہ، آپ میرے چراغ رَوشن رکھیں؛
میرے خُدا میری تاریکی کو نُور تبدیل کرتے ہیں۔#18:28 2 سمو 22:29
29آپ کی مدد سے میں فَوج پر چڑھائی کر سَکتا ہُوں؛
اَور اَپنے خُدا کی بدولت میں دیوار پھاند سَکتا ہُوں۔
30خُدا کی راہ پکّی ہے؛
یَاہوِہ کا کلام کامل ہے۔
وہ اُن سَب کی سِپر ہے
جو اُن میں پناہ لیتے ہیں۔
31کیونکہ یَاہوِہ کے علاوہ اَور کون خُدا ہے؟
اَور ہمارے خُدا کے سِوا اَور کون چٹّان ہے؟
32خُدا ہی قُوّت سے مُجھے مُسلّح کرتے ہیں
اَور میری راہ کو کامل کرتے ہیں۔
33وہ میرے پاؤں کو ہِرنی کے پاؤں کی مانند بناتے ہیں؛
اَور مُجھے بُلندیوں پر کھڑا رہنے کے قابل بناتے ہیں۔
34وہ میرے ہاتھوں کو جنگ کرنا سِکھاتے ہیں؛
اَور یہاں تک کہ میرے بازو کانسے کی کمان کو جھُکا دیتے ہیں۔
35آپ مُجھے اَپنی فتح کی سِپر دیتے ہیں،
اَور آپ کا داہنا ہاتھ مُجھے سنبھالے ہُوئے ہے؛
آپ کی بندہ پروری نے مُجھے بڑا بنا دیا ہے۔
36آپ میرے قدموں کی راہ کشادہ کرتے ہیں،
تاکہ میں پھسلنے نہ پاؤں۔
37مَیں نے اَپنے دُشمنوں کا تعاقب کرکے اُنہیں کُچل ڈالا؛
اَور جَب تک وہ تباہ نہ ہو گئے مَیں واپس نہ لَوٹا۔
38مَیں نے اُنہیں کُچل دیا تاکہ وہ اُٹھ نہ پائیں؛
وہ میرے پاؤں کے نیچے گِر گیٔے۔
39آپ نے مُجھے جنگ کے لیٔے قُوّت سے مُسلّح کیا؛
اَور میرے مُخالفوں کو میرے قدموں میں جھُکا دیا۔
40آپ نے لڑائی میں میرے دُشمنوں کو پیٹھ دِکھانے پر مجبُور کیا،
اَور مَیں نے اَپنے حریفوں کو تباہ کر دیا۔
41اُنہُوں نے مدد کے لئے پُکارا، لیکن اُنہیں بچانے والا کویٔی نہ تھا۔
اُنہُوں نے یَاہوِہ کی بھی دہائی دی، لیکن اُنہُوں نے جَواب نہ دیا۔
42تَب مَیں نے اُنہیں پیس پیس کر ہَوا میں اُڑتی ہُوئی گَرد کی مانند بنا دیا؛
اَور مَیں نے اُنہیں گلی کوچوں کی کیچڑ کی مانند روند ڈالا۔
43آپ نے مُجھے لوگوں کی یلغار سے بھی چھُڑا لیا؛
اَور مُجھے قوموں کا سردار بنا دیا؛
اَور جِن لوگوں سے میں واقف بھی نہ تھا وہ میری خدمت کرنے لگے۔
44میرا نام سُنتے ہی وہ میری اِطاعت کرنے لگتے ہیں؛
پردیسی میرے آگے جھکتے ہیں۔
45وہ سَب گھبرا جاتے ہیں؛
اَور تھرتھراتے ہُوئے اَپنے قلعوں سے باہر نکل آتے ہیں۔
46یَاہوِہ زندہ ہیں! میری چٹّان مُبارک ہو!
اَور میرا مُنجّی خُدا ممتاز ہو!
47وُہی خُدا ہیں جو میرا اِنتقام لیتے ہیں،
اَور قوموں کو میرے سامنے جھُکاتے ہیں،
48وہ مُجھے میرے دُشمنوں سے بچاتے ہیں،
آپ نے مُجھے میرے حریفوں پر سرفرازی بخشی؛
اَور تُند خُو لوگوں سے مُجھے بچایا۔
49اِس لیٔے اَے یَاہوِہ، میں قوموں کے درمیان آپ کی تمجید؛
اَور آپ کے نام کی مدح سرائی کروں گا۔
50وہ اَپنے بادشاہ کے لیٔے رِہائی کا بُرج؛
اَور اَپنے ممسوح داویؔد اَور اُن کی نَسل کو
ہمیشہ اَپنی لافانی مَحَبّت میں رکھیں گے۔
موجودہ انتخاب:
زبُور 18: UCV
سرخی
شئیر
کاپی
کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in
اُردو ہم عصر ترجُمہ™، کِتاب مُقدّس
حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022، 2024 Biblica, Inc.
کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔
دُنیا بھر میں تمام حق محفوظ۔
Holy Bible, Urdu Contemporary Version™
Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc.
Used with permission.
All rights reserved worldwide.