زبُور 19
19
زبُور 19
موسیقی ہدایت کار کے لیٔے۔ داویؔد کا زبُور۔
1آسمان خُدا کا جلال ظاہر کرتا ہے؛
اَور فِضا اُس کی دستکاری دِکھاتی ہے۔
2ہر دِن اگلے دِن کے لیٔے خُدا کی شان کے بارے میں بات کرتا ہے؛
اَور رات اگلی رات کو حِکمت کو ظاہر کرتی ہے۔
3آسمان و فضا کی کویٔی اَیسی زبان، یا کلام نہیں؛
جِس میں اُس کی آواز نہ سُنایٔی دیتی ہو۔
4پھر بھی اُن کی آواز#19:4 اُن کی آواز قدیم عِبرانی نُسخوں میں جریب؛ پیمائش کی ایک ڈور ساری رُوئے زمین پر،
اَور اُن کا کلام دُنیا کی اِنتہا تک پہُنچتا ہے۔
خُدا نے آسمان میں آفتاب کے لیٔے ایک خیمہ کھڑا کیا ہے۔
5آفتاب جو دُلہا کی مانند، اَپنی خلوت گاہ سے نکلتا ہے،
جَیسے کویٔی پہلوان، اَپنی دَوڑ دَوڑنے کے لیٔے خُوش ہوتاہے۔
6وہ آسمان کے ایک سِرے سے نکلتا ہے،
اَور دُوسرے سِرے تک گشت کرتا ہے؛
اَور اُس کی حرارت سے کویٔی چیز پوشیدہ نہیں رہتی۔
7یَاہوِہ کے آئین کامل ہے،
جو جان کو تقویّت بخشتی ہے،
یَاہوِہ کے شہادتیں قابلِ اِعتماد ہیں،
جو سادہ دِل کو دانشمند بنا دیتے ہیں۔
8یَاہوِہ کے فرمان راست ہیں،
جو دِل کو راحت بخشتے ہیں۔
یَاہوِہ کے اَحکام درخشاں ہیں،
جو آنکھوں کو مُنوّر کرتے ہیں۔
9یَاہوِہ کا خوف پاک ہے،
جو اَبد تک قائِم رہتاہے۔
یَاہوِہ کے قوانین یقینی،
اَور بالکُل راست ہیں۔
10وہ قوانین سونے سے بیش قیمت ہیں،
بَلکہ کندن سے بھی زِیادہ،
وہ شہد سے بھی زِیادہ شیریں ہیں،
بَلکہ چھتّے سے ٹپکتے ہُوئے شہد سے بھی زِیادہ شیریں۔
11اُن ہی سے آپ کا خادِم تنبیہ پاتاہے؛
اُن پر عَمل کرنے میں بڑا اجر ہے۔
12اَپنی خطاؤں کو کون سمجھ سَکتا ہے؟
میرے نادانستہ عیب مُعاف فرمائیں۔
13اَپنے خادِم کو دانستہ گُناہوں سے بھی باز رکھیں؛
وہ مُجھ پر غالب نہ آئیں۔
تَب میں بے اِلزام ٹھہروں گا،
اَور گُناہِ کبیرہ سے بچا رہُوں گا۔
14اَے میرے یَاہوِہ، میری چٹّان اَور میرے نَجات دِہندہ،
میرے مُنہ کا کلام اَور میرے دِل کی خُوشی
آپ کے حُضُور مقبُول ٹھہرے۔
موجودہ انتخاب:
زبُور 19: UCV
سرخی
شئیر
کاپی
کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in
اُردو ہم عصر ترجُمہ™، کِتاب مُقدّس
حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022، 2024 Biblica, Inc.
کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔
دُنیا بھر میں تمام حق محفوظ۔
Holy Bible, Urdu Contemporary Version™
Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc.
Used with permission.
All rights reserved worldwide.