YouVersion Logo
تلاش

زبُور 147

147
زبُور 147
1یَاہوِہ کی حَمد کرو۔
ہمارے خُدا کی مدح سرائی کرنا کتنا اَچھّا ہے،
اُن کی سِتائش کرنا کتنا دِل پسند اَور مُناسب ہے!
2یَاہوِہ یروشلیمؔ کو تعمیر کرتے ہیں؛
وہ اِسرائیل کے جَلاوطنوں کو جمع کرتے ہیں۔
3یَاہوِہ شکستہ دِلوں کو شفا بخشتے ہیں
اَور اُن کے زخم باندھتے ہیں۔
4وہ تاروں کی تعداد مُقرّر کرتے ہیں
اَور ہر ایک کو نام بنام پُکارتے ہیں۔
5ہمارے یَاہوِہ عظیم اَور بڑی قُدرت والے ہیں؛
اُن کی حِکمت کی کوئی اِنتہا نہیں۔
6یَاہوِہ حلیموں کو سنبھالتے ہیں
لیکن بدکاروں کو خاک میں مِلا دیتے ہیں۔
7یَاہوِہ کے لیٔے شُکر گُزاری کے ساتھ نغمہ گاؤ؛
سِتار پر ہمارے خُدا کی مدح سرائی کرو۔
8وہ آسمان کو بادلوں سے ڈھانک دیتے ہیں؛
اَور زمین پر مینہ برساتے ہیں
اَور پہاڑوں پر گھاس اُگاتے ہیں۔
9وہ مویشیوں کو خُوراک مہیا کرتے ہیں
اَور کوّے کے بچّوں کو بھی جَب وہ کائیں کائیں کرتے ہیں۔
10گھوڑے کی قُوّت میں اُنہیں کویٔی دلچسپی نہیں،
نہ جنگجو کی پنڈلیاں اُنہیں پسند آتی ہیں۔
11یَاہوِہ اُن سے خُوش ہوتے ہیں جو اُن سے ڈرتے ہیں،
اَورجو اُن کی لافانی مَحَبّت کے اُمّیدوار ہیں۔
12اَے یروشلیمؔ! یَاہوِہ کی تمجید کر؛
اَے صِیّونؔ! اَپنے خُدا کی سِتائش کر۔
13کیونکہ وہ تمہارے پھاٹکوں کی سلاخیں مضبُوط کرتے ہیں
اَور وہ تمہارے شہر کے اَندر تمہارے لوگوں کو برکت دیتے ہیں۔
14وہ تمہاری سرحدوں پر اَمن قائِم رکھتے ہیں
اَور تُمہیں اَچھّے سے اَچھّے گیہُوں سے آسُودہ کرتے ہیں۔
15وہ اَپنا حُکم زمین پر بھیجتے ہیں؛
اُن کا کلام نہایت تیزرَو ہے۔
16وہ برف کو اُون کی مانند گراتے ہیں
اَور برف کے گالوں کو اُون کی مانند بِکھیرتے ہیں۔
17وہ اَپنے اولوں کو کنکریوں کی طرح پھینکتے ہیں،
اُن کے سرد جھونکوں کو کون برداشت کر سَکتا ہے؟
18وہ اَپنا کلام نازل فرما کر اُنہیں پگھلا دیتے ہیں؛
اَور اَپنی ہوایٔیں چلاتے ہیں اَور ندیاں بہنے لگتی ہیں۔
19اُنہُوں نے اَپنا کلام یعقوب پر نازل کیا ہے،
اَور اَپنے آئین اَور قوانین اِسرائیل پر ظاہر کئے۔
20اُنہُوں نے اَیسا سلُوک کسی اَور قوم کے ساتھ نہیں کیا؛
وہ اُن کے آئین سے واقف نہیں۔
یَاہوِہ کی سِتائش ہو۔

موجودہ انتخاب:

زبُور 147: UCV

سرخی

شئیر

کاپی

None

کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in