زبُور 145
145
زبُور 145
حَمد کا نغمہ، داویؔد کا زبُور۔
1میرے خُدا، آپ میرے بادشاہ ہیں۔ مَیں آپ کی تمجید کروں گا؛
میں ابدُالآباد آپ کے نام کی سِتائش کروں گا۔
2میں ہر روز آپ کو مُبارک کہُوں گا
اَور ابدُالآباد آپ کے نام کی تمجید کروں گا۔
3یَاہوِہ عظیم ہیں اَور بڑی سِتائش کے لائق ہیں؛
اُن کی عظمت ادراک سے باہر ہے۔
4آپ کے کاموں کی تعریف اَور آپ کی قُدرت کا بَیان؛
پُشت در پُشت ہوتا رہے گا۔
5وہ آپ کی جلالی شان و شوکت کا تذکرہ کریں گے،
اَور مَیں آپ کے عجِیب و غریب کاموں پر غور کروں گا۔
6وہ آپ کے حیرت اَنگیز کاموں کی قُدرت کا ذِکر کریں گے،
اَور مَیں آپ کے عظیم کاموں کا اعلان کروں گا۔
7وہ آپ کی بڑی مہربانیوں کا جَشن منائیں گے
اَور خُوشی سے آپ کی راستبازی کا نغمہ گائیں گے۔
8یَاہوِہ رحیم و کریم ہیں،
قہر کرنے میں دھیمے اَور شفقت میں غنی ہیں۔
9یَاہوِہ سَب پر مہربان ہیں؛
اَور اُن کا کرم اُن کی ساری مخلُوق پر ہے۔
10اَے یَاہوِہ، آپ کی ساری مخلُوق آپ کی مدح سرائی کرےگی؛
اَور آپ کے مُقدّسین آپ کی تمجید کریں گے۔
11وہ آپ کی بادشاہی کے جلال کا ذِکر
اَور آپ کی قُدرت کا بَیان کریں گے،
12تاکہ سَب اِنسان آپ کے عظیم کاموں کو جانیں
اَور آپ کی بادشاہی کی جلالی شان و شوکت سے واقف ہو جائیں۔
13آپ کی بادشاہی اَبدی بادشاہی ہے،
اَور آپ کی حُکومت پُشت در پُشت قائِم رہتی ہے۔
یَاہوِہ اَپنے سارے وعدے پُورے کرتے ہیں
اَور اَپنی تمام مخلُوق پر مہربان ہیں۔
14یَاہوِہ سَب گرتے ہوؤں کو سنبھالتے ہیں
اَور سَب جھُکے ہوؤں کو اُٹھا کھڑا کرتے ہیں۔
15سَب کی آنکھیں آپ کی طرف لگی رہتی ہیں،
اَور آپ اُنہیں وقت پر اُن کی خُوراک مہیا کرتے ہیں۔
16تُم اَپنی مُٹّھی فیّاضی سے کھولتے ہو
اَور ہر جاندار کی خواہش پُوری کرتے ہو۔
17یَاہوِہ اَپنی سَب راہوں میں صادق ہیں
اَور اَپنے تمام کاموں میں رحیم ہیں۔
18یَاہوِہ اُن سَب کے قریب ہیں جو اُنہیں پُکارتے ہیں،
یعنی اُن سَب کے قریب، جو اُنہیں سچّے دِل سے پُکارتے ہیں۔
19وہ اُن کی مُرادیں بر لاتے ہیں جو اُن کا خوف مانتے ہیں؛
وہ اُن کی فریاد سُنتے ہیں اَور اُنہیں بچاتے ہیں۔
20یَاہوِہ اُن سَب کی حِفاظت کرتے ہیں، جو اُن سے مَحَبّت رکھتے ہیں،
لیکن وہ سَب بدکار لوگوں کو فنا کر دیں گے۔
21میرے مُنہ سے یَاہوِہ کی سِتائش ہوگی۔
ہر مخلُوق ابدُالآباد
اُن کے پاک نام کی مدح سرائی کرے۔
موجودہ انتخاب:
زبُور 145: UCV
سرخی
شئیر
کاپی
کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in
اُردو ہم عصر ترجُمہ™، کِتاب مُقدّس
حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022، 2024 Biblica, Inc.
کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔
دُنیا بھر میں تمام حق محفوظ۔
Holy Bible, Urdu Contemporary Version™
Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc.
Used with permission.
All rights reserved worldwide.