امثال 31
31
لموایلؔ بادشاہ کے اقوال
1لموایلؔ بادشاہ کے اقوال۔ جو اُن کی ماں نے اُنہیں سِکھائے:
2اَے میرے بیٹے! اَے میرے بطن سے پیدا ہونے والے!
جسے مَیں نے اَپنی مَنّتوں کے جَواب میں پایا!
3اَپنی قُوّت عورتوں پر ضائع نہ کرنا،
نہ اَپنی زبردستی اُن پرجو بادشاہوں کو برباد کرتی ہیں۔
4بادشاہوں کو، اَے لموایلؔ۔
بادشاہوں کو مےخواری زیب نہیں دیتی،
نہ حاکموں کو شراب نوشی،
5اَیسا نہ ہو کہ وہ پی کر شَریعت کے اَحکام کو بھُول جایٔیں،
اَور سارے مظلوموں کو اُن کے حُقُوق سے محروم کر دیں۔
6شراب اُنہیں دو جو دَم توڑ رہے ہیں،
اَور مَے اُنہیں جو سخت تکلیف میں ہیں!
7تاکہ وہ پی کر اَپنی تنگ دستی کو فراموش کر سکیں
اَور اَپنی تباہ حالی کو پھر یاد نہ کریں۔
8بے زبانوں کے لیٔے اَپنا مُنہ کھولو،
تاکہ بےکسوں کے حُقُوق کا تحفُّظ ہو سکے۔
9اَپنا مُنہ کھولو اَور راستی سے اِنصاف کرو؛
اَور مفلسوں اَور مُحتاجوں کے حُقُوق کی حِفاظت کرو۔
نیک چلن بیوی
الف
10نیک چلن بیوی کون پا سَکتا ہے؟
کیونکہ وہ لعلوں سے بھی زِیادہ قیمتی ہے۔
11اُس کے خَاوند کو اُس پر پُورا اِعتماد ہوتاہے
اَور کویٔی کمی محسُوس نہیں ہوتی۔
12وہ اَپنی زندگی کے تمام ایّام میں،
اُس سے بھلائی ہی کرتی ہے، اُسے ضرر نہیں پہُنچاتی۔
13وہ اُون اَور کتان جمع کرتی ہے
اَور نہایت شوق سے اَپنے ہاتھوں سے کام کرتی ہے۔
14وہ سوداگروں کے جہازوں کی مانند،
اَپنی خُوراک دُور سے لے آتی ہے۔
15ابھی اَندھیرا ہی ہوتاہے کہ وہ اُٹھ جاتی ہے؛
اَور اَپنے خاندان کو کھانا کھِلاتی ہے
اَور اَپنی خادِماؤں کو اُن کے حِصّہ کا کام بانٹتی ہے۔
16وہ کسی کھیت کے بارے میں سوچتی ہے تو اُسے خرید لیتی ہے؛
اَور اَپنی آمدنی سے تاکستان لگاتی ہے۔
17وہ کمر باندھ کر اَپنے کام کاج میں لگ جاتی ہے؛
اُس کے بازو اُس کے کاموں کے لیٔے مضبُوط ہوتے ہیں۔
18وہ خیال رکھتی ہے کہ اُس کی تِجارت سُود مند ہو،
اُس کا چراغ رات کو نہیں بُجھتا۔
19وہ تکلے پر اَپنے ہاتھ سے سُوت تیّار کرتی ہے
اَور کپڑا بھی خُود ہی بُنتی ہے۔
20وہ مسکینوں کے لیٔے ہتھیلی کھولتی ہے
اَور مُحتاجوں کے لیٔے اَپنے ہاتھ بڑھاتی ہے۔
21جَب برف باری ہوتی ہے تَب اُسے اَپنے گھر بار کے لیٔے خوف نہیں ہوتا؛
کیونکہ وہ سَب بالوں کے سُرخ لباس پہنے ہُوئے ہوتے ہیں۔
22وہ اَپنے بِستر کے لیٔے پلنگ پوش بنا لیتی ہے؛
اُس کا لباس نفیس کتان اَور اَرغوانی رنگ کا ہوتاہے۔
23شہر کے پھاٹک پر اُس کے خَاوند کا اِحترام کیا جاتا ہے،
جہاں وہ مُلک کے بُزرگوں کے ساتھ بیٹھتا ہے۔
24وہ مہین کتانی کپڑے بنا کر اُنہیں فروخت کرتی ہے،
اَور سوداگروں کو کمر کے پٹکے مہیا کرتی ہے۔
25وہ قُوّت اَور حُرمت سے مُلبّس رہتی ہے؛
اَور آنے والے دِنوں پر ہنستی ہے۔
26وہ اَپنا مُنہ حِکمت سے کھولتی ہے،
اَور شفقت کی تعلیم اُس کی زبان پر ہوتی ہے۔
27وہ اَپنے گھر کے حالات پر نظر رکھتی ہے
اَور کاہلی کی روٹی نہیں کھاتی۔
28اُس کے بچّے اُٹھ کر اُسے مُبارک کہتے ہیں؛
اَور اُس کا خَاوند بھی، اَور وہ اُس کی یُوں تعریف کرتا ہے:
29”کیٔی عورتیں بھلے کام کرتی ہیں،
لیکن تُمہیں سَب پر سبقت حاصل ہے۔“
30حُسن دھوکا ہے اَور جمال ناپائیدار ہے؛
لیکن یَاہوِہ کا خوف رکھنے والی عورت قابل تعریف ہے۔
31اُس کی محنت کا اجر اُسے دو،
اَور اُس کے کاموں کی شہر کے پھاٹکوں پر سِتائش کی جائے۔
موجودہ انتخاب:
امثال 31: UCV
سرخی
شئیر
کاپی
کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in
اُردو ہم عصر ترجُمہ™، کِتاب مُقدّس
حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022، 2024 Biblica, Inc.
کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔
دُنیا بھر میں تمام حق محفوظ۔
Holy Bible, Urdu Contemporary Version™
Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc.
Used with permission.
All rights reserved worldwide.