واعظ 1
1
سبھی دُنیوی چیزیں باطِل ہیں
1یروشلیمؔ کے بادشاہ داویؔد کے بیٹے شُلومونؔ واعظ کے الفاظ۔
2”واعظ فرماتا ہے
باطِل ہی باطِل!
بالکُل باطِل ہے!
سَب کچھ باطِل ہے۔“
3اِس دُنیا میں اِنسان اَپنی ساری محنت و مشقّت سے
سُورج کے نیچے کیا حاصل کرتا ہے؟
4ایک پُشت جاتی ہے اَور دُوسری پُشت آتی ہے،#1:4 ضعیف لوگ مَر جاتے ہیں؛ بچّے پیدا ہوتے ہیں۔
لیکن زمین ہمیشہ قائِم رہتی ہے۔
5آفتاب طُلوع اَور غروب ہوتاہے،
اَور جِس جگہ سے طُلوع ہوتاہے وہیں پھر جلد واپس چلا جاتا ہے۔
6ہَوا جُنوب کی طرف چلتی ہے
اَور شمال کی طرف مُڑ جاتی ہے؛
اَور ہمیشہ چکّر لگاتی ہُوئی،
اَپنی راہ پر واپس لَوٹ آتی ہے۔
7سَب دریا سمُندر میں گرتے ہیں،
پھر بھی سمُندر کبھی نہیں بھرتا۔
دریا دوبارہ اُسی جگہ پر بہنے لگتے ہیں،
جہاں وہ پہلے بہ رہیں تھے۔
8سَب چیزیں اِتنی تھکانے والی ہیں،
کہ اِنسان اُس کا بَیان نہیں کر سَکتا۔
آنکھ دیکھنے سے سیر نہیں ہوتی،
اَور نہ ہی کان سُننے سے کبھی مطمئن۔
9جو ہو چُکاہے وُہی پھر ہوگا،
جو کچھ کیا جا چُکاہے، وُہی پھر کیا جائے گا؛
چنانچہ اِس دُنیا میں کچھ بھی نیا نہیں۔
10کیا کویٔی اَیسی چیز ہے جِس کی بابت کویٔی کہہ سَکتا ہے،
”دیکھو! یہ تو نئی چیز ہے؟“
یہ تو ہمارے زمانہ سے پہلے ہی
گویا قدیم زمانہ سے ہی مَوجُود تھی۔
11پرانے زمانہ کے لوگوں کو کویٔی یاد نہیں رکھتا،
اَور اِس زمانہ کے لوگوں کو بھی
آنے والے زمانہ کے لوگ
یاد نہیں رکھیں گے۔
اِنسانی حِکمت بھی باطِل ہے
12میں، واعظ، یروشلیمؔ میں بنی اِسرائیل کا بادشاہ تھا۔ 13اَور مَیں نے اَپنی پُوری عقل اِس بات پر لگائی کہ جو کچھ آسمان تلے کیا جاتا ہے اُس کی حِکمت کے ذریعہ تفتیش و تحقیق کروں۔ خُدا نے اِنسان کو یہ سخت دُکھ دیا ہے کہ وہ محنت و مشقّت میں مُبتلا رہے۔ 14مَیں نے سَب کاموں پرجو آسمان تلے کئے جاتے ہیں، نظر کی۔ اَور یہی نتیجہ نِکلا کہ سَب کُچھ باطِل اَور ہَوا کو پکڑنے کے برابر ہے۔
15جو ٹیڑھا ہے اُسے سیدھا نہیں کیا جا سَکتا؛
اَورجو مَوجُود ہی نہیں اُس کا شُمار کیسے ہو سَکتا۔
16مَیں نے اَپنے دِل میں کہا، ”دیکھ، یروشلیمؔ میں مُجھ سے پیشتر جتنے بھی بادشاہ ہُوئے، مَیں نے حِکمت میں اُن سَب سے زِیادہ ترقّی کی ہے؛ اَور حِکمت اَور علم میں میرا تجربہ اُن سے کہیں زِیادہ ہے۔“ 17چنانچہ مَیں نے اَپنا دِل حِکمت، حماقت اَور جہالت کو جاننے اَور سمجھنے میں لگایا تو مَعلُوم کیا کہ یہ بھی ہَوا کو پکڑنے کے برابر ہے۔
18کیونکہ جہاں حِکمت بہت ہے وہاں غم بھی بہت ہے؛
اَور علم میں اِضافہ کرنا بھی دُکھ میں اِضافہ کرنا ہی ہے۔
موجودہ انتخاب:
واعظ 1: UCV
سرخی
شئیر
کاپی
کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in
اُردو ہم عصر ترجُمہ™، کِتاب مُقدّس
حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022، 2024 Biblica, Inc.
کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔
دُنیا بھر میں تمام حق محفوظ۔
Holy Bible, Urdu Contemporary Version™
Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc.
Used with permission.
All rights reserved worldwide.