YouVersion Logo
تلاش

امثال 30

30
اقوالِ اگُوؔر
1یاقہؔ کے بیٹے اگُوؔر کے مؤثر اقوال۔
اِس آدمی نے اِتی ایل سے کہا، ہاں اِتھی ایل اَور اُکالؔ کے لئے کہا:
”اَے خُدا! میں تھک گیا ہوں،
لیکن مَیں غالب آسکتا ہوں۔
2یقیناً میں بنی آدمؔ نہیں، صِرف ایک وحشی ہُوں؛
مُجھ میں اِنسان سا فہم نہیں ہے۔
3مَیں نے حِکمت نہیں سیکھی،
نہ مُجھے اُس قُدُّوس کا عِرفان حاصل ہے۔
4کون آسمان پر چڑھا اَور پھر نیچے اُترا؟
کس نے ہَوا کو اَپنی مُٹّھی میں بند کیا؟
کس نے پانی کو اَپنی چادر میں باندھا؟
کس نے زمین کی سَب حدیں مُقرّر کیں؟
اُن کا نام کیا ہے اَور اُن کے بیٹے کا نام کیا ہے؟
اگر آپ جانتے ہیں تو مُجھے بتائیں!
5”خُدا کا ہر سُخن خالص ہے؛
وہ اُن کی سِپر ہیں، جو اُن میں پناہ لیتے ہیں۔
6تُم خُدا کے کلام میں کویٔی اِضافہ نہ کرنا،
مَبادا وہ تُمہیں تنبیہ کریں اَور تُم جھُوٹے ٹھہرو۔
7”اَے یَاہوِہ! مَیں نے آپ سے دو چیزوں کی درخواست کی ہے؛
میرے مرنے سے پہلے، مُجھے اُن سے محروم نہ کریں:
8بطالت اَور دروغ گوئی کو مُجھ سے دُور رکھیں؛
مُجھے نہ مفلسی دیں اَور نہ دولت،
بَلکہ مُجھے صِرف میری روز کی روٹی عطا فرمائیں۔
9اَیسا نہ ہو کہ میں سیر ہوکر آپ کا اِنکار کروں
اَور کہُوں، ’کون ہیں یَاہوِہ؟‘
یا مُفلس ہوکر چوری کروں،
اَور اِس طرح اَپنے خُدا کے نام کی بےحُرمتی کروں۔
10”خادِم پر اُس کے آقا کے سامنے تہمت نہ لگاؤ،
اَیسا نہ ہو کہ وہ تُم پر لعنت کرے اَور تُمہیں نتیجہ بھگتنا پڑے؛
11”ایک پُشت اَیسی بھی ہے جو اَپنے آباؤاَجداد پر لعنت بھیجتی ہے،
اَور اَپنی ماں کو مُبارک نہیں کہتی؛
12بعض اَیسے لوگ ہیں جو اَپنی نگاہ میں تو پاک ہیں
لیکن پھر بھی اَپنی گندگی سے پاک نہیں ہو پایٔے؛
13اَیسے لوگ بھی ہیں جِن کی آنکھوں میں ہمیشہ گھمنڈ سمایا رہتاہے،
اَور جِن کی نگاہوں سے حقارت برستی ہے؛
14جِن کے دانت، تلواریں ہیں،
اَور جبڑے، چھُریاں
تاکہ زمین کے کنگالوں کو،
اَور بنی آدمؔ میں سے مُحتاجوں کو کھا جایٔیں۔
15”جونک کی دو بیٹیاں ہیں۔
جو چِلّاتی ہیں، ’دو اَور دو!‘
”تین چیزیں کبھی مطمئن نہیں ہوتیں،
بَلکہ چار ہیں جو کبھی، ’بس نہیں کہتیں!‘
16پاتال اَور
بانجھ کا رحم؛
زمین جو کبھی پانی سے سیر نہیں ہوتی،
آگ جو کبھی ’بس نہیں کہتی!‘
17”آنکھ جو باپ کا مذاق اُڑاتی ہے،
اَور ماں کی فرمانبرداری کو حقیر جانتی ہے،
وادی کے کوّے اُسے نوچ نوچ کر نکال لیں گے،
عُقاب اُسے چٹ کر جایٔیں گے۔
18”تین چیزیں میرے نزدیک نہایت عجِیب ہیں،
بَلکہ چار جنہیں میں نہیں جانتا:
19آسمان میں عُقاب کی راہ،
چٹّان پر سانپ کی راہ،
سمُندر کے درمیان جہاز کی راہ،
اَور مَرد کی راہ کنواری کے ساتھ۔
20”زانیہ کی روِش اَیسی ہے:
وہ کھا کر اَپنا مُنہ پونچھتی ہے
اَور کہتی ہے، ’مَیں نے کویٔی بدی نہیں کی۔‘#30‏:20 مَیں نے کویٔی بدی نہیں کی۔ وہ زنا کرتی ہے اَور اَپنے آپ کو دھوتی ہے۔
21”تین صورتوں میں زمین لرزتی ہے،
بَلکہ چار ہیں جِن کی وہ برداشت نہیں کرتی:
22غُلام جَب وہ بادشاہی کرنے لگے،
احمق جَب وہ کھا کر سیر ہو جائے،
23نامقبُول عورت جو بیاہی گئی ہو،
اَور لونڈی جو اَپنی مالکن کی وارِث ہو جائے۔
24”زمین پر کی یہ چار چیزیں بہت چُھوٹی ہوتی ہیں،
لیکن وہ بہت دانا ہیں:
25چیونٹیاں نہایت کمزور مخلُوق ہیں،
تو بھی گرمی کے موسم میں اَپنے لیٔے خُوراک جمع کرکے رکھتی ہیں؛
26سافان اگرچہ ناتواں مخلُوق ہیں،
تو بھی چٹّانوں میں اَپنا گھر بناتے ہیں؛
27ٹِڈّیاں، جِن کا کویٔی بادشاہ نہیں ہوتا،
تو بھی وہ پرے باندھ کر نکلتی ہیں؛
28چھپکلی جِس کو ہاتھ سے پکڑا جا سَکتا ہے،
وہ بھی بادشاہوں کے محلوں میں پائی جاتی ہے۔
29”تین خُوش رفتار جاندار ہیں،
بَلکہ چار ہیں جِن کی چال خُوشنما ہے:
30شیرببر جو سَب حَیوانات میں بہادر ہے، اَور کسی کے سامنے سے پیچھے نہیں ہٹتا؛
31اکڑ کر چلتا مُرغ،
بکرا،
اَور بادشاہ جِس کے چاروں طرف لشکر ہو۔
32”اگر تُم نے حماقت اَور غُرور سے کام لیا ہے،
یا کویٔی بُرا منصُوبہ باندھا ہے،
تو اَپنا ہاتھ اَپنے مُنہ پر رکھ لو!
33کیونکہ جَیسے دُودھ بلونے سے مکھّن نکلتا ہے،
اَور ناک مروڑنے سے خُون،
اُسی طرح سے قہر بھڑکانے سے فساد برپا ہوتاہے۔“

موجودہ انتخاب:

امثال 30: UCV

سرخی

شئیر

کاپی

None

کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in