امثال 3
3
حِکمت کے مزید فوائد
1اَے میرے بیٹے، میری تعلیم کو فراموش نہ کرنا،
بَلکہ میرے اَحکام کو اَپنے دِل میں جگہ دو،
2کیونکہ تمہاری تعلیم عمر کو دراز کرےگی
اَور تُمہیں خُوشحال اَور سلامت رکھے گی۔
3مَحَبّت اَور سچّائی تُم سے جُدا نہ ہونے پائیں؛
بَلکہ تُم اُنہیں اَپنے گلے کا ہار بنائے رکھنا،
اَور اَپنے دِل کی تختی پر لِکھ لینا۔
4تَب تُم خُدا اَور اِنسان کی نگاہ میں
مقبُول ہوگے اَور نیک نام حاصل کروگے۔
5اَپنے پُورے دِل سے یَاہوِہ پر توکّل رکھو،
اَور اَپنے فہم پر تکیہ نہ کرو؛
6اَپنی سَب روِشوں میں یَاہوِہ کو یاد رکھو،
اَور وہ تمہاری راہیں ہموار کریں گے۔#3:6 رُوم 12:16
7تُم اَپنی ہی نگاہ میں دانشمند نہ بنو؛
یَاہوِہ سے ڈرو اَور بدی سے دُور رہو۔
8اُس سے تمہارا جِسم تندرست رہے گا
اَور تمہاری ہڈّیاں تقویّت پائیں گی۔
9اَپنی دولت سے،
اَور اَپنی فصلوں کے پہلے پھلوں سے یَاہوِہ کی تعظیم کرو؛
10تَب تمہارے کھتّے لبالب بھرے رہیں گے،
اَور تمہارے حوض نئے انگوری شِیرے سے لبریز ہوں گے۔
11اَے میرے بیٹے، یَاہوِہ کی تربّیت کو ناچیز نہ جانو،
اَور اُن کی تنبیہ کا بُرا نہ مانو،
12کیونکہ جِس سے یَاہوِہ مَحَبّت رکھتے ہیں اُسے تنبیہ بھی کرتے ہیں،
جَیسے باپ، اُس بیٹے کی ملامت کرتا ہے جسے وہ عزیز رکھتا ہے۔#3:12 عِبر 12:5‑7
13مُبارک ہے وہ آدمی جو حِکمت پاتاہے،
اَور وہ جو دانش حاصل کرتا ہے،
14کیونکہ وہ چاندی سے مفید تر ہے
اَور سونے سے زِیادہ نفع بخش ہے۔
15وہ لعلوں سے زِیادہ بیش قیمتی ہے؛
تمہاری کسی بھی مرغوب چیز کا اُس سے موازنہ نہیں کیا جا سَکتا۔
16اُس کے داہنے ہاتھ میں لمبی عمر ہے؛
اَور بائیں ہاتھ میں دولت اَور عزّت ہے۔
17اُس کی راہیں خُوشگوار راہیں ہیں،
اَور اُس کے سَب راستے پُراَمن#3:17 پُراَمن یعنی سلامتی سے بھرے ہیں۔
18جو اُسے گلے لگاتے ہیں، اُن کے لیٔے وہ شجرِ حیات ہے؛
مُبارک ہیں وہ جو اُسے حاصل کرلیتے ہیں۔
19یَاہوِہ نے حِکمت ہی سے زمین کی بُنیاد رکھی ہے،
اَور فہم سے آسمان کو قائِم کیا ہے؛
20اُن ہی کے علم سے گہراؤ سے چشمے پھوٹ پڑتے ہیں،
اَور افلاک شبنم کی بوندیں ٹپکاتے ہیں۔
21اَے میرے بیٹے، عقل سلیم اَور شعور کا تحفُّظ کرنا،
اِنہیں اَپنی نگاہ سے اوجھل نہ ہونے دینا؛
22وہ تمہارے لیٔے زندگی،
اَور تمہارے گلے کے لیٔے زینت ثابت ہوں گی۔
23تَب تُم اَپنی راہ پر سلامتی سے چل سکوگے،
اَور تمہارے پاؤں ٹھوکر نہ کھایٔیں گے؛
24جَب تُم لیٹو گے تو خوف نہ کھاؤگے؛
بَلکہ جَب تُم بِستر پر دراز ہوگے تو میٹھی نیند سوؤگے۔
25کسی ناگہاں آفت کا خوف نہ کرو
اَور نہ اَیسی بربادی کا جو بدکار پر آ پڑتی ہے،
26کیونکہ یَاہوِہ تمہارا سہارا ہوں گے
وہ تمہارے پاؤں کو پھندے میں پھنسنے نہ دیں گے۔
27جَب تمہارے مقدور میں ہو،
تو بھلائی کے حقداروں کو بھلائی سے محروم نہ رکھنا۔
28جَب تمہارے پاس دینے کو کچھ ہو،
تو اُس وقت اَپنے ہمسایہ سے یہ نہ کہنا، ”ابھی جاؤ، پھر آنا؛
یہ میں تُمہیں کل دُوں گا۔“
29اَپنے ہمسایہ کے خِلاف بدی کا کویٔی منصُوبہ نہ باندھنا،
جَب کہ وہ تمہارے پڑوس میں بے خوف رہتاہے۔
30کسی آدمی پر بلاوجہ اِلزام نہ لگانا۔
جَب کہ اُس نے تُمہیں کچھ نُقصان نہ پہُنچایا ہو۔
31کسی ہمسایہ ظالِم پر رشک نہ کرنا
نہ اُس کی کویٔی راہ اِختیار کرنا۔
32کیونکہ یَاہوِہ کجرو سے نفرت کرتے ہیں
لیکن راستبازوں کے ساتھ اُن کی رِفاقت ہے۔
33بدکار کے گھر پر یَاہوِہ کی لعنت ہوتی ہے،
لیکن راستباز کے مَسکن کو وہ برکت دیتے ہیں۔
34یَاہوِہ مغروُر ٹھٹّھے بازوں کا مذاق اُڑاتے ہیں
لیکن خاکسار اَور حلیموں پر مہربانی کرتے ہیں۔
35دانشمند اِعزاز کے وارِث ہوتے ہیں،
لیکن احمقوں کو وہ شرمندہ کرکے چھوڑتے ہیں۔
موجودہ انتخاب:
امثال 3: UCV
سرخی
شئیر
کاپی
کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in
اُردو ہم عصر ترجُمہ™، کِتاب مُقدّس
حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022، 2024 Biblica, Inc.
کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔
دُنیا بھر میں تمام حق محفوظ۔
Holy Bible, Urdu Contemporary Version™
Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc.
Used with permission.
All rights reserved worldwide.