امثال 4
4
حِکمت کا درجہ نہایت ہی اعلیٰ ہے
1اَے میرے بیٹو! باپ کی تربّیت پر کان لگاؤ؛
متّوجہ ہو اَور فہم حاصل کرو۔
2میں تُمہیں اَچھّی باتیں سِکھا رہا ہُوں،
لہٰذا میری تعلیم کو ترک نہ کرنا۔
3میں بھی کبھی اَپنے باپ کے گھر میں بیٹا تھا،
اَور ابھی نازک اندام اَور اَپنی ماں کا لاڈلا تھا،
4تَب باپ نے مُجھے تعلیم دی اَور کہا:
”اَپنے سارے دِل سے میری باتوں کو اَپنالو؛
اَور میرے اَحکام بجا لاؤ اَور زندہ رہو۔
5حِکمت حاصل کرو، فہم کو اَپنالو؛
میری باتوں کو فراموش نہ کرو اَور نہ اُن سے منحرف ہونا۔
6حِکمت کو ترک نہ کرو اَور وہ تمہاری حِفاظت کرےگی؛
اُس سے مَحَبّت رکھو اَور وہ تمہاری نگہبانی کرےگی۔
7حِکمت اعلیٰ ترین شَے ہے اِس لیٔے حِکمت حاصل کرو۔
خواہ تمہاری ساری پُونجی خرچ ہو جائے تو بھی فہم حاصل کرو۔
8حِکمت کی قدر کرو، تو وہ تُمہیں سرفراز کرےگی؛
اُسے گلے لگا لو اَور وہ تُمہیں عزّت بخشے گی۔
9وہ تمہارے سَر پر فضیلت کا سِہرا باندھے گی
اَور تُمہیں جلالی تاج عطا کرےگی۔“
10اَے میرے بیٹے! سُنو اَور مَیں جو کچھ کہتا ہُوں اُسے قبُول کر لو،
اَور تمہاری عمر دراز ہوگی۔
11مَیں نے تُمہیں حِکمت کی راہ بتایٔی ہے،
اَور راہ راست پر تمہاری رہنمائی کی ہے۔
12جَب تُم چلوگے تو تمہارے قدموں میں رُکاوٹ پیش نہ آئے گی؛
اَور جَب تُم دَوڑوگے تو ٹھوکر نہ کھاؤگے۔
13تربّیت کو پکڑے رہو؛ اُسے جانے نہ دو؛
اُس کی اَچھّی طرح حِفاظت کرو کیونکہ وہ تمہاری زندگی ہے۔
14بدکاروں کے راستہ پر قدم نہ رکھنا،
نہ بدکرداروں کی راہ میں چلنا۔
15اُس سے بچنا۔ اُن راہوں پر بھی مت جانا؛
اُس سے مُڑ کر اَپنی راہ الگ لینا۔
16کیونکہ بدکار بُرائی کئے بغیر سو نہیں سکتے؛
اَور جَب تک وہ کسی کو گرا نہ دیں، اُنہیں نیند نہیں آتی۔
17وہ بدی کی روٹی کھاتے ہیں
اَور ظُلم کا انگوری شِیرہ پیتے ہیں۔
18راستبازوں کی راہ صُبح کی پہلی کِرن کی مانند ہوتی ہے،
جِس کی رَوشنی دوپہر تک بڑھتی ہی جاتی ہے۔
19لیکن بدکاروں کی راہ گہری تاریکی کی مانند ہوتی ہے؛
وہ نہیں جانتے کہ وہ کِن چیزوں سے ٹھوکر کھا جایٔیں گے۔
20اَے میرے بیٹے! میں جو کچھ کہتا ہُوں اُس پر توجّہ کرو؛
میرے کلام پر کان لگاؤ۔
21اُسے اَپنی آنکھوں سے اوجھل نہ ہونے دینا،
بَلکہ اُنہیں اَپنے دِل میں رکھنا؛
22کیونکہ جو اُسے پا لیتے ہیں، اُن کے لیٔے وہ زندگی ہے
اَور اِنسان کے سارے جِسم کے لیٔے صحت۔
23سَب سے بڑھ کر اَپنے دِل کی حِفاظت کرنا،
کیونکہ وہ زندگی کا سرچشمہ ہے۔
24اَپنے مُنہ کو کَج گوئی سے دُور رکھنا؛
اَور بدگوئی کو اَپنے لبوں کے پاس تک نہ آنے دینا۔
25تمہاری آنکھیں سامنے ہی دیکھیں،
اَور تمہاری نگاہ آگے کی طرف جمی رہے۔
26اَپنے پاؤں کے لیٔے ہموار راہیں تیّار کرو
اَور اُن ہی پُختہ راہوں پر قدم بڑھاؤ۔
27نہ داہنے مُڑو نہ بائیں؛
بَلکہ اَپنے پاؤں کو بدی سے ہٹائے رکھو۔
موجودہ انتخاب:
امثال 4: UCV
سرخی
شئیر
کاپی
کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in
اُردو ہم عصر ترجُمہ™، کِتاب مُقدّس
حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022، 2024 Biblica, Inc.
کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔
دُنیا بھر میں تمام حق محفوظ۔
Holy Bible, Urdu Contemporary Version™
Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc.
Used with permission.
All rights reserved worldwide.