امثال 5
5
زنا کے خِلاف تنبیہ
1اَے میرے بیٹے! میری حِکمت پر توجّہ کرو،
میرے فہم کی باتوں کو خُوب اَچھّی طرح سُنو،
2تاکہ تُم نیکی اَور بدی میں تمیز کر سکو
اَور تمہارے لب علم کی حِفاظت کر سکیں۔
3کیونکہ زانیہ کے لبوں سے شہد ٹپکتا ہے،
اَور اُس کی باتیں تیل سے بھی زِیادہ چکنی ہوتی ہیں؛
4لیکن آخِر میں اُن کا مزا پِت کی مانند کڑوا ثابت ہوتاہے،
اَور دو دھاری تلوار کی مانند تیز۔
5اُس کے پاؤں موت کی طرف بڑھتے ہیں؛
اَور اُس کے قدم پاتال تک لے جاتے ہیں۔
6وہ راہِ زندگی کا کویٔی خیال نہیں کرتی؛
اُسے خبر تک نہیں کہ اُس کے راستے ٹیڑھے ہیں۔
7اِس لیٔے اَے میرے بیٹو! میری سُنو؛
اَور مَیں جو کہُوں اُس سے برگشتہ نہ ہو۔
8اَیسی راہ پر چلو جو اَیسی عورت سے دُورہو،
اَور اُس کے گھر کے دروازہ کے پاس بھی نہ جانا،
9کہیں اَیسا نہ ہو کہ تُم اَپنی عزّت دُوسروں کے حوالہ کر دو
اَور اَپنے سال کسی ظالِم کو دے دو،
10اَیسا نہ ہو کہ بیگانہ تمہاری دولت سے عید منائیں
اَور تمہاری محنت کی کمائی کسی اجنبی کے گھر جائے۔
11اَپنی زندگی کے آخِر میں،
جَب تمہارا گوشت اَور تمہارا جِسم گھُل جایٔیں گے تَب تُم نوحہ کروگے۔
12اَور تَب وہ شکوہ کرےگا، ”مَیں نے تربّیت سے کیسی عداوت رکھی!
اَور میرے دِل نے ملامت کو کیسے ٹھکرایا!
13مَیں نے اَپنے اُستادوں کا کہا نہ مانا،
اَور اَپنی تربّیت کرنے والوں کی نہ سُنی۔
14یہاں تک کہ میں ساری جماعت کے سامنے،
تقریباً ہر بُرائی میں مُبتلا کھڑا ہوں۔“
15تُم اَپنے ہی حوض#5:15 حوض ایک زمین دوز کمرہ، جسے بارش کا پانی جمع کرنے کے لیٔے اِستعمال کیا جاتا ہے۔ کا پانی پینا،
اَور اَپنے ہی کوئیں سے بہتا ہُوا پانی اِستعمال میں لانا۔
16کیا تمہارے چشمے گلی کوچوں میں،
اَور پانی کی ندیاں چوراہوں میں بہہ جایٔیں؟
17وہ صِرف تمہارے ہی لیٔے ہُوں،
تمہارے ساتھ اَور بیگانوں کے لیٔے نہیں۔
18تمہارا سوتا مُبارک ہو،
اَور تُم اَپنی جَوانی کی بیوی کے ساتھ مسرُور رہو۔
19جو ایک پیاری سِی ہِرنی اَور دلربا غزال کی مانند ہے۔
اُس کی چھاتِیاں تُمہیں ہمیشہ راحت بخشیں،
اَور اُس کی مَحَبّت کے تُم ہمیشہ فریفتہ رہو۔
20اَے میرے بیٹے! تُم کسی زانیہ پر کیوں فریفتہ ہو؟
اَور کسی دُوسرے کی بیوی کو آغوش میں کیوں لو؟
21کیونکہ اِنسان کی راہیں یَاہوِہ کی نگاہ میں ہیں،
اَور وہ اُس کی تمام راہوں کو جانچتے ہیں۔
22بدکار کی بدکاریاں اُسے پھندے میں پھنسا لیتی ہیں؛
اُس کے گُناہوں کی رسّیاں اُسے مضبُوطی سے جکڑ لیتی ہیں۔
23وہ تربّیت نہ پانے کے سبب،
اَور اَپنی حماقت کی کثرت کے باعث گُمراہ ہوکر ہلاک ہو جائے گا۔
موجودہ انتخاب:
امثال 5: UCV
سرخی
شئیر
کاپی
کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in
اُردو ہم عصر ترجُمہ™، کِتاب مُقدّس
حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022، 2024 Biblica, Inc.
کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔
دُنیا بھر میں تمام حق محفوظ۔
Holy Bible, Urdu Contemporary Version™
Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc.
Used with permission.
All rights reserved worldwide.